انڈونیشیا: جیل میں آگ لگنے سے درجنوں قیدیوں کی ہلاکتیں
انڈونیشیا کے جزیرے جاوا کی ایک جیل میں آگ لگنے کے واقعے کے نتیجے میں درجنوں قیدی ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق آگ لگنے کی وجہ سے کم ازکم اکتالیس قیدی جھلس کر ہلاک ہوگئے، جبکہ آٹھ شدید زخمی اور بہتر افراد کو ہلکی چوٹیں آئی ہیں۔ گنجائش سے زیادہ قیدیوں سے بھری اِس جیل میں بُدھ کو مقامی وقت کے مطابق صبح تین بجے اس وقت آگ لگی، جب زیادہ تر قیدی سو رہے تھے۔ زخمیوں میں کئی کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔ انہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ یہ آگ جیل کے اُس بلاک میں لگی ہے، جس میں زیادہ تر منشیات فروشی کے جرائم کے مرتکب قیدی قید تھے۔
یمن: مارب میں لڑائی کے دوران 78 ہلاکتیں، فوجی ذرائع
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو آج بروز بدھ فوجی ذرائع نے بتایا ہے کہ یمنی شہر مارب میں لڑائی کے دوران تقریبا اسّی افراد مارے گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ساٹھ حوثی باغی فضائی حملوں میں ہلاک ہوگئے۔ اس کے علاوہ گزشتہ اڑتالیس گھنٹوں میں کی گئی پرتشدد کارروائیوں میں اٹھارہ حکومتی فوجی اور درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔ پچھلے کئی دنوں سے مارب صوبے میں ایران نواز حوثی باغیوں اور سعودی عرب کی حمایت یافتہ حکومت کے درمیان جاری لڑائی کی شدت میں اضافہ دیکھا جارہا تھا۔ سن 2014 سے حکومت اور باغیوں کے درمیان عسکری تنازعہ جاری ہے۔
طالبان کی نئی عبوری حکومت پر جرمنی کے خدشات
جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے افغانستان میں طالبان کی نئی عبوری حکومت سازی پر خدشات کا اظہار کیا ہے۔ ماس کے مطابق طالبان کی حکومت میں دیگر گروہوں کی عدم شمولیت اور کابل میں مظاہرین اور صحافیوں پر کیے گئے تشدد کے بعد کابل سے زیادہ امید کی علامت دکھائی نہیں دے رہی۔ جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس آج امریکی سیکریٹری خارجہ انٹونی بلنکن کے ساتھ جرمنی میں امریکی ایئر بیس رامشاٹائن پر افغانستان کی صورتحال کے بارے میں ملاقات بھی کر رہے ہیں۔ جرمن وزیر خارجہ نے افغانستان سے غیرملکی اور مقامی عملے کے انخلا کے دوران امریکی تعاون کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان کی نئی حکومت کے دوران بھی یہ ’تعاون اور رابطہ‘ جاری رہے گا۔ ماس نے تاہم خبردار کیا کہ افغانستان میں بھوک، غیر مستحکم سیاسی صورتحال اور بین الاقوامی امداد میں رکاوٹ کی وجہ سے انسانی بحران جنم لے رہا ہے۔
طالبان کی عبوری حکومت، خواتین کی عدم شمولیت
افغانستان میں شدت پسند گروہ طالبان کی جانب سے ملک کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد نئی عبوری حکومت میں وزیراعظم کے عہدے پر ملا حسن اخوند کو وزیراعظم مقرر کیا گیا ہے۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے گزشتہ روز کابل میں نئی کابینہ کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ افغان طالبان کے سیاسی دفتر کے سربراہ ملا عبدالغنی برادر اس عبوری حکومت کے نائب سربراہ ہوں گے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اس بات کی نشاندہی بھی کی کہ تمام عہدے ابتدائی طور پر عارضی بنیادوں پر ہوں گے۔ ملا حسن اخوند سن 1996 سے 2001 تک طالبان کے پہلے دور حکومت میں ملا عمر کے قریبی ساتھیوں میں شامل تھے۔ طالبان نے کل تینتیس حکومتی وزارتی عہدوں کا اعلان کیا، جس میں بین الاقوامی برادری کے مطالبوں کے برعکس ایک بھی خاتون شامل نہیں کی گئی۔
ہانگ کانگ: متنازعہ سکیورٹی قانون کے تحت مزید گرفتاریاں
ہانگ کانگ میں مزید چار نامور جمہوریت نواز کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ چین میں ہانک کانگ کے لیے محب وطن جمہوری تحریک کے اتحاد نامی تنظیم کے مطابق اُن کی نائب چیئرمین چاؤ ہانگ ٹُنگ سمیت دیگر تین ممبران کو سکیورٹی حکام نے حراست میں لے لیا۔ یہ گرفتاریاں بیجنگ حکومت کے ہانک کانگ میں متنازعہ سکیورٹی قانون کے تحت عمل میں آئی ہیں۔ جمہوریت نواز گروپ نے ہانگ کانگ میں تیانانمن اسکوائر کے کریک ڈاؤن کے متاثرین کی یاد میں ہونے والا سالانہ پروگرام منعقد کیا تھا۔
پیرس میں دہشت گردی کے حملوں سے متعلق مقدمہ شروع
فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں دہشت گردی کے خونریز حملوں کے چھ برس بعد آج آٹھ ستمبر سے بیس ملزمان کے خلاف عدالتی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اِن ملزمان میں ایک واحد زندہ مبینہ حملہ آور صالح عبدالسلام بھی شامل ہے۔ مراکشی نژاد فرانسیسی صالح عبدالسلام کی مسلم دہشت گرد گروہ سے وابستگی بتائی گئی ہے۔ نومبر 2015ء میں پیرس کے باتاکلاں تھیٹر، اسٹریٹ کیفے، اور ایک فٹ بال اسٹیڈیئم میں حملے کیے گئے تھے۔ ان خونریز کارروائیوں میں مجموعی طور پر ایک سو تیس افراد ہلاک ہوگئے اور سینکڑوں زخمی ہوئے تھے۔ آئندہ برس مئی تک اس عدالتی کارروائی کے فیصلے کی توقع کی جارہی ہے۔
ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات ’ریڈ الرٹ‘ کے مساوی ہیں، صدر بائیڈن
امریکا کے شمالی مشرقی علاقوں میں تباہ کن سیلاب کے بعد امریکی صدر جو بائیڈن نے سخت الفاظ میں ماحولیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے خبردار کیا ہے۔ صدر بائیڈن نے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے تیزی سے بڑھتے اثرات ’ریڈ الرٹ‘ کے مساوی ہوچکے ہیں۔ ان کے بقول، ’’ملک اور دنیا خطرے میں ہے اور یہ کوئی مبالغہ نہیں بلکہ ایک حقیقیت ہے۔‘‘ بائیڈن نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اِن تباہ کاریوں کو مزید سنگین ہونے سے قبل ہی روکنا ہوگا۔ امریکی صدر نے اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں رواں برس نومبر سے شروع ہونے والی عالمی ماحولیاتی کانفرنس میں اپنی شرکت کا اعلان بھی کیا۔
میکسیکو میں زلزلے کے شدید جھٹکے، کم از کم ایک ہلاک
میکسیکو کے جنوب مشرقی علاقے میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اس قدرتی آفت کے نتیجے میں کم از کم ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ منگل سات ستمبر کی شب آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر سات اعشاریہ صفر نوٹ کی گئی ہے۔ زلزلے کا مرکز سیاحتی مقام اکاپلکو کے پاس تھا تاہم وہاں سے تقریباﹰ سوا دو سو کلو میٹر دور میکسیکو سٹی میں بھی اس کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ اِن علاقوں میں عمارتیں لرز گئیں۔ حکام نے ایک کیفے میں گیس لیک ہونے اور ایک ہوٹل سمیت عوامی ہسپتال کو نقصان پہنچنے کا بھی بتایا ہے۔ سن 1985 میں میکسیکو سٹی میں آنے والے تباہ کن زلزلے کی وجہ سے ہزاروں افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
کورونا وائرس کے سبب دیگر مہلک امراض سے بچاؤ کے پروگرام متاثر، رپورٹ
کووڈ انیس کی عالمی وبا کے نتیجے میں دیگر مہلک امراض سے بچاؤ کے اقدامات بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔ یہ بات جنیوا میں انسدادِ ایڈز، تپ دق اور ملیریا کے ادارے گلوبل فنڈ نے بتائی ہے۔ اس ادارے کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق سن 2020 کے دوران ایچ آئی وی ٹیسٹس اور ایڈز کی روک تھام کے اقدامات کی پیشکش میں واضح کمی دیکھی گئی جبکہ ٹی بی کے لیے بھی وبا کے اثرات ’تباہ کن‘ رہے۔ یہ عالمی فنڈ سن 2002 میں قائم کیا گیا تھا۔ اس کے تحت ایک سو سے زائد ممالک میں سالانہ چار ارب ڈالر کی مدد سے کئی مہلک امراض سے بچاؤ کے پروگرامز کی معاونت کی جاتی ہے۔
یورپ میں موسم گرما کے دوران ریکارڈ گرمی
رواں برس جون، جولائی اور اگست براعظم یورپ میں گزشتہ دو عشروں کے دوران گرم ترین مہینے ریکارڈ کیے گئے۔ یورپی یونین کے ارضیاتی مشاہدے کے پروگرام کوپیرنیکُس کے اعداد و شمار کے مطابق سن 1991 سے سن 2020 تک درجہ حرارت اوسط سے ایک ڈگری زیادہ رہا۔ تاہم یورپ کے مختلف خطوں میں الگ الگ صورت حال نوٹ کی گئی۔ مثلاﹰ شمالی یورپ میں درجہ حرارت معمول سے کم رہا، مشرقی یورپ میں زیادہ، جبکہ بحیرہ روم کے ممالک میں درجہ حرارت میں شدید اضافہ دیکھا گیا ہے۔