جمعرات : 16 ستمبر 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]افغانستان کی صورتحال، چین کی میزبانی میں اہم اجلاس[/pullquote]

چین افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے وسطی اور جنوبی ایشیائی ممالک کے لیڈروں کے ایک اہم اجلاس کی میزبانی کرے گا۔ چین اور روس کے اثرو رسوخ والی شنگھائی تعاون تنظیم کا یہ ورچوئل اجلاس جمعرات کو ہوگا۔ افغانستان ابھی تک اس تنظیم میں ایک مبصر کی حیثیت سے شامل ہوتا آیا ہے۔ یہ ابھی واضح نہیں ہے کہ آیا اس میں طالبان حکومت کے نمائندے شریک ہوں گے یا نہیں۔ چین شنگھائی تعاون تنظیم کو علاقائی مسائل حل کرنے اور اپنا اثرورسوخ بڑھانے کے لیے استعمال کرتا آیا ہے۔

[pullquote]چین کے خلاف امریکا، برطانیہ اور آسٹریلیا کا دفاعی معاہدہ[/pullquote]

امریکا، برطانیہ اور آسٹریلیا کے رہنماؤں نے بدھ کے روز ایک نئے ’انڈو پیسفک ڈیفنس پارٹنرشپ‘ معاہدے کا اعلان کیا۔ اس سہ فریقی دفاعی اتحاد کے تحت امریکا اور برطانیہ کی جانب سے آسٹریلیا کو جوہری طاقت سے لیس جدید ترین آبدوز ٹیکنالوجی فراہم کی جائے گی۔ علاوہ ازیں سائبر سکیورٹی، مصنوعی ذہانت اور زیر آب نظام کو بہتر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا تبادلہ بھی کیا جائے گا۔ اس معاہدے کا مقصد چین کی بڑھتی ہوئی عسکری طاقت کے مقابلے کے لیے جدید ترین دفاعی ٹیکنالوجی کی تیاری میں ایک دوسرے کی مدد کرنا ہے۔ صدر بائیڈن نے اسے ایک ’تاریخی قدم‘ قرار دیا ہے۔

[pullquote]یمن: جھڑپوں میں کم از کم 50 افراد ہلاک، فوجی ذرائع[/pullquote]

یمن میں مقامی فوجی ذرائع کے مطابق حوثی باغیوں اور حکومت نواز فورسز کی جھڑپوں میں کم از کم پچاس افراد مارے گئے ہیں۔ یمن کے وسطی صوبے البیضاء میں جاری اس لڑائی کے دوران ایک کرنل سمیت انیس حکومتی نواز اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔ دوسری جانب تیس حوثی باغیوں کی ہلاکت کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔ گزشتہ چند ہفتوں سے ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغی صوبے البیضاء میں اپنی پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یمن کی خانہ جنگی سن دو ہزار چودہ میں اس وقت شروع ہوئی تھی، جب حوثی باغیوں نے دارالحکومت صنعا پر قبضہ کر لیا تھا۔

[pullquote]فرانس: ویکسین لگوانے سے انکار، تقریباﹰ تین ہزار ہیلتھ ورکر معطل[/pullquote]

فرانسیسی وزارت صحت کے مطابق کورونا ویکسین لگوانے سے انکار کرنے والے تقریباﹰ تین ہزار ہیلتھ ورکرز کو معطل کر دیا گیا ہے۔ فرانس نے گزشتہ روز ہی ایک نیا قانون پاس کرتے ہوئے ملک کے تمام ہیلتھ کیئر ورکرز کے لیے کورونا ویکسین کو لازمی قرار دیا تھا۔ فرانسیسی حکومت ہر ایک کے لیے کورونا ویکسین لازمی قرار دینا چاہتی ہے جبکہ اس کی مخالفت میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

[pullquote]افغانستان اور دیگر غریب ممالک کے لیے یورپی امداد کا اعلان[/pullquote]

یورپی یونین نے افغانستان کے لیے مزید ایک سو ملین یورو کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ یورپی کمیشن کی سربراہ ارزولا فان ڈئیر لائن کا کہنا تھا کہ اس امداد کا مقصد افغانستان کے لوگوں کو ’تباہی‘ سے بچانا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے غریب ممالک کے لیے دو سو ملین کورونا ویکسین کی خوراکیں عطیہ کرنے کا کہا ہے۔ تحفظ ماحول کے لیے فان ڈئیر لائن نے پچیس ارب ڈالر مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے امریکا جیسے امیر ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تحفظ ماحول میں غریب ممالک کی مدد کریں۔

[pullquote]حزب اللہ نے ایرانی تیل شام سے لبنان پہنچانا شروع کردیا، رپورٹ[/pullquote]

لبنان کی شیعہ تنظیم حزب اللہ نے ایرانی تیل لبنان میں لانا شروع کر دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ تیل براستہ شام لبنان تک پہنچایا گیا ہے۔ المنار ٹی وی کے مطابق اس کا مقصد لبنان کی تباہی کے دہانے پر کھڑی معیشت کو سہارا فراہم کرنا ہے۔ دوسری جانب ناقدین کا کہنا ہے کہ حزب اللہ کے اس اقدام سے لبنان پر امریکی پابندیوں کا راستہ کھل سکتا ہے۔ المنار ٹی وی پر تقریباﹰ بیس ٹینکروں کو لبنان میں داخل ہوتے دکھایا گیا ہے۔ لبنان کو ان دنوں اشیائے خوردو نوش کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

[pullquote]ایل سیلواڈور میں ہزاروں افراد کا حکومت مخالف مظاہرہ[/pullquote]

وسطی امریکی ملک ایل سیلواڈور میں ہزاروں افراد نے صدر نایب بوکیلے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔ یہ مظاہرین ڈیجیٹل کرنسی بٹ کوائن کو ادائیگی کے سرکاری ذریعہ کے طور پر متعارف کرانے، آئینی ججوں کی برطرفی اور نوجوان گروہوں کے ساتھ خفیہ معاہدوں پر تنقید کر رہے تھے۔ احتجاجی مظاہروں کے دوران دارالحکومت سان سیلواڈور میں ایک بٹ کوائن کرنسی مشین کو بھی جلا دیا گیا۔ پندرہ ستمبر کو یہ ملک اپنی آزادی کا دن مناتا ہے۔ جون دو ہزار انیس میں اقتدار میں آنے کے بعد صدر بوکیلے کے خلاف یہ سب سے بڑے احتجاجی مظاہرے تھے۔

[pullquote]داعش کا ایک اہم لیڈر ہلاک ہوگیا، فرانس کا دعویٰ[/pullquote]

فرانس نے افریقہ کے ساحل زون میں داعش کے ایک اہم رہنما کو ہلاک کر دینے کا دعویٰ کیا ہے۔ فرانسیسی صدر ایمانویل ماکروں کا ٹویٹر پر کہنا تھا کہ عدنان ابو ولید السہراوی کو ’نیوٹرل‘ کر دیا گیا ہے۔ نیوٹرل کا لفظ فوج میں کسی کو ہلاک کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ فرانسیسی صدر نے ساحل زون میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اسے ایک اہم کامیابی قرار دیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ داعش کے کارکن ساحل زون سے مالی، نائجر اور برکینافاسو میں مسلح حملے کرتے رہتے ہیں۔

[pullquote]اسپیس ایکس نے پہلی مرتبہ سیاح خلا میں بھیج دیے[/pullquote]

تاریخ میں پہلی مرتبہ چار عام شہریوں کو کئی روزہ سیاحت کے لیے تنہا خلا میں بھیج دیا گیا ہے۔ اسپیس ایکس نامی اس پروگرام کا آغاز امریکی ارب پتی جیرڈ اساقمین نے کیا تھا۔ ان سیاحوں کو فالکن نائن نامی راکٹ کے ذریعے فلوریڈا سے بھیجا گیا ہے۔ خلائی جہاز میں کوئی ایک بھی ماہر خلاباز موجود نہیں ہے۔ یہ خلائی جہاز خودکار طریقے سے اپنے راستے خود تلاش کرے گا۔ یہ تین دن تک زمین کے اردگرد گھومتا رہے گا۔ اس کی زمین سے بلندی تقریباﹰ 575 کلومیٹر ہو گی اور اس کی رفتار آواز کی رفتار سے بائیس گنا تیز ہو گی۔

[pullquote]جرمن فوج کا مالی مشن ختم ہو سکتا ہے[/pullquote]

جرمن وزیر دفاع آنے گریٹ کرامپ کارین باؤر نے جرمن فوج کے مالی مشن پر سوالیہ نشان کھڑا کر دیا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ مالی کی فوجی جنتا روسی فوج کے ساتھ کاروبار اور تعلقات بڑھانے کے لیے کوشاں ہے۔ جرمن خاتون وزیر دفاع کا ٹویٹر پر کہنا تھا کہ وہ اس حوالے سے تحفظات رکھتی ہیں۔ ان کے مطابق روس کے ساتھ فوجی تعاون اُن تمام کوششوں کے خلاف ہے، جو ابھی تک یورپی یونین اور اقوام متحدہ نے اس ملک کے لیے کی ہیں۔

بشکریہ ڈی ڈبلیو

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے