جمعرات : 23 ستمبر 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]افغانستان عالمی برادری کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہے‘ جرمن وزیر خارجہ[/pullquote]

جرمن وفاقی وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے ایک ویڈیو کانفرنس میں افغانستان میں نئی طالبان حکومت کے لیے چار اہم مطالبات پیش کیے ہیں۔ ان مطالبات میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد پہنچانے والی تنظیموں کو افغانستان میں بلا روک ٹوک رسائی دینے، ان افغان باشندوں کو محفوظ طریقے سے ملک چھوڑنے کی اجازت اور آسانیاں فراہم کرنے، جو ملک چھوڑنا چاہتے ہیں، افغانسان کو دوبارہ دہشت گردوں کی پناہ گاہ نہ بننے دینے کی یقین دہانی کرانے اور طالبان کی طرف سے انسانی حقوق کی پاسداری اور اپنی آبادی کے تمام گروپوں کو اپنی صفوں میں شامل کرنے کی یقین دہانی جیسے مطالبات شامل ہیں۔ ہائیکو ماس نے افغانستان کو عالمی برادری کے لیے سب سے بڑا چیلنج قرار دیا ہے۔

[pullquote]امریکی کانگریس میں پولیس اصلاحات سے متعلق مذاکرات ناکام[/pullquote]

امریکی کانگریس میں، جامع پولیس اصلاحات کے بارے میں مذاکرات فی الوقت ناکام ہو گئے ہیں۔ یہ صدر جو بائیڈن کی داخلہ سیاست کو لگنے والا ایک بڑا جھٹکا ہے۔ ان اصلاحات میں پولیس کی طرف سے کسی بھی انسان کی گردن پر زور ڈالنے پر پابندی عائد کرنے اور سرکاری عہدیداروں کو فرائض کی انجام دہی کے دوران مجرمانہ غفلت یا بد انتظامی کی صورت میں میسر وسیع سول استثنیٰ کو محدود کرنے جیسے معاملات شامل تھے۔ امریکا میں اس قانونی مسودے کو 2020ء میں منیاپولیس میں ایک پولیس افسر کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے ایک افریقی امریکی باشندے کے نام سے منسوب کرتے ہوئے ’’جارج فلائیڈ جسٹس ان پولیسنگ ایکٹ‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ امریکا میں اس واقع کے بعد نسل پرستی اور پولیس تشدد کے خلاف ملک گیر سطح پر احتجاجات کیے گئے۔

[pullquote]الجزائر نے مراکش کے لیے اپنی فضائی حدود بند کر دیں[/pullquote]

الجزائر کی سپریم سکیورٹی کونسل نے مراکشی سول اور ملٹری طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ الجزائر کے صدارتی دفتر نے ایک ماہ سے بھی کم عرصہ قبل مراکش کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات منقطع کیے تھے۔ الجزائر نے کہا ہے کہ گزشتہ برس مراکش کے ساتھ شروع ہونے والی کشیدگی سے نمٹنے کا یہ ایک ’’مہذب طریقہ‘‘ ہے۔ مراکش نے فی الحال اس پر کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا ہے۔ الجزائر کے صدارتی دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سپریم سکیورٹی کونسل نے ”مراکش کی طرف سے مسلسل اشتعال انگیزی اور مخاصمانہ طرز عمل کے مدنظر‘‘ یہ فیصلہ کیا ہے۔

[pullquote]یورپی یونین کے رکن ممالک شام کے کیمپوں سے بچوں کو اپنے ہاں لائیں، سییو دا چلڈرن[/pullquote]

بچوں کی بہبود کے لیے کام کرنے والی تنظیم ’سیو دا چلڈرن‘ نے شام کے پناہ گزین کیمپوں الہول اور روج کی ناگفتہ بہ صورتحال کی مذمت کی ہے۔ تنظیم کے مطابق تشدد اور وبائی امراض ان کیمپوں کے بچوں کی روز مرہ زندگی کے لیے بہت بڑے خطرات ہیں اور بہت سے بچوں کو اپنی زندگی کو لاحق خطرات کا خوف ہے۔ تنظیم ’سیو دا چلڈرن‘ نے مغربی ممالک پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے اب تک ان کیمپوں میں سے بہت کم نابالغ بچوں کو نکالا ہے۔ شام میں اس تنظیم کی ڈائریکٹر سونیا کُش کا کہنا ہے کہ یہ کم سن بے قصور بچے مغربی ممالک کی حکومتوں کی طرف سے بے یار و مددگار اکیلے چھوڑ دیے گئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق شام کے شمال مشرقی علاقے میں قائم الہول اور روج دونوں کیمپوں میں 60 ہزار سے زائد انسان زندگی گزار رہے ہیں۔

[pullquote]تیونس میں ’ون مین رول‘ کا اعلان[/pullquote]

تیونس کے صدر نے ملک پر صدارتی فرمان کے ذریعے حکمرانی کرنے کے اعلان کے ساتھ ہی اقتدار پر اپنی گرفت مزید مضبوط کر لی ہے۔ تاہم مخالفین نے اس سیاسی اسے بغاوت قرار دیا ہے۔ تیونس کے صدر قیس سعید نے بدھ کے روز ایک نیا اعلان کیا کہ وہ اپنے فرمان کے ذریعے ملک پر حکومت کریں گے۔ ایوان صدر کے دفتر نے متعدد ٹوئیٹس کے ذریعے ان اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ اس حوالے سے ایک بیان میں کہا گیا ہے، ’’صدر قیس نے پارلیمانی اختیارات کو روکنے میں توسیع کے لیے ایک اور صدارتی حکم نامہ جاری کیا ہے۔‘‘ اس بیان کے مطابق ارکان پارلیمان کو جو مراعات اور ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی سے جو استثنیٰ حاصل تھا اسے بھی واپس لے لیا گیا ہے۔

[pullquote]پولینڈ کے ایک علاقے کی ’ایل جی بی ٹی آئیڈیالوجی فری زون‘ حیثیت ختم[/pullquote]

یورپی یونین کے مالی دباؤ کے سبب پولینڈ کے ایک جنوبی علاقے نے اپنی نام نہاد ’ایل جی بی ٹی آئیڈیولوجی فری زون‘ کی حیثیت ختم کر دی ہے۔ سوئیٹو کرزکی کی علاقائی پارلیمان نے اس علاقے کی اس متنازعہ شناخت کے خاتمے کے لیے ایک خصوصی اجلاس منعقد کیا جس میں اس پر ووٹنگ ہوئی۔ پولینڈ میں قریب 100 شہروں اور دیہات نے خود کو ’ایل جی بی ٹی فری زون‘ قرار دے رکھا ہے، خاص طور سے ملک کے جنوب اور جنوب مشرقی کٹر کیتھولک علاقوں میں۔ اس سلسلے میں رواں برس جولائی میں یورپی یونین کی طرف سے وارسا حکومت کے خلاف معاہدے کی خلاف ورزی کے کیس کی کارروائی شروع کی گئی تھی۔

[pullquote]جرمنی کے اکثریتی باشندوں کے لیے مذہب غیر اہم[/pullquote]

جرمن شہر لنڈاؤ میں ’’ریلیجنز فار پیس‘‘ یعنی ’’مذاہب برائے امن‘‘ تحریک کے سالانہ اجلاس کے موقع پر پیش کردہ ایک سرے کی رپورٹ کے مطابق 61 فیصد جرمن باشندوں کے لیے مذہب کوئی اہمیت نہیں رکھتا جبکہ 33 فیصد کا ماننا ہے کہ مذہب ان کے لیے ’اہم‘ یا ’ بہت اہم‘ ہے۔ جرمنی میں کرائے گئے اس سروے میں دوہزار رائے دہندگان سے ’انصاف‘ کے موضوع پر بھی اُن کی رائے لی گئی جن میں سے صرف 12 فیصد رائے دہندگان کا کہنا تھا کہ مذہب دنیا کو منصفانہ جگہ بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ سروے کے مطابق اس سلسلے میں غیر سرکاری ادارے، اقوام متحدہ اور یورپی یونین زیادہ فعال کردار ادا کرسکتے ہیں۔

[pullquote]امریکا کا خطرناک قسم کی گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی کا منصوبہ[/pullquote]

امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ جمعرات کو انتہائی ضرر رساں ہائیڈروفلورو کاربنز کے اخراج میں غیر معمولی کمی سے متعلق نئے ضوابط کا اعلان کرنے جا رہی ہے۔ یہ گیسز عام طور سے ریفریجریٹرز اور ایئر کنڈشنرز میں پائی جاتی ہے۔ ہائیڈروفلورو کاربنز عام کاربن ڈائی آکسائیڈ سے کئی ہزار گنا زیادہ تک گرمی کو زمین کی فضا میں ہی قید رکھتے ہیں جس کی وجہ سے زمینی درجہ حرارت بڑھتا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق حکومت کی جانب سے آب و ہوا سے متعلق متعارف کروائے گئے نئے اقدامات کے ذریعے 2050 ء تک4.5 میٹرک ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے برابر ان گیسوں کے اخراج میں کمی متوقع ہے۔

[pullquote]یورپی فٹ بال ایسوسی ایشن نے خواتین کی یورپی چیمپئن شپ کے لیے انعامی فنڈ دوگنا کر دیا[/pullquote]

یونین آف یوروپین فٹ بال ایسو سی ایشن UEFA نے جمعرات کو ایک اعلان میں کہا ہے کہ اُس نے 2022ء کی ویمن یوروپین چیمپیئن شپ کے لیے اپنے انعامی فنڈ کو دوگنا کر دیا ہے۔ اس طرح آئندہ برس کے اس ایونٹ کے لیے 16 ملین یورو کی رقم سے تمام کوالیفائی کرنے والی تمام 16 ٹیموں کے لیے ادائگیوں میں اضافہ ہوگا۔ ویمن یوروپین چیمپیئن شپ ٹورنامنٹ دراصل رواں سال منعقد ہونا تھا تاہم کووڈ 19 وبا کے سبب اسے ایک سال کے لیے ملتوی کر دیا گیا اور اب یہ آئندہ برس انگلینڈ میں چھ سے 31 جولائی تک منعقد ہوگا۔

[pullquote]روس میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے سبب 820 ہلاکتیں[/pullquote]

روس میں جمعرات کو کورونا وائرس سے متعلق 820 اموات رپورٹ کی گئی ہیں۔ یہ اموات گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ہوئیں۔ اس سے قبل 26 اگست کو کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی مُضر بیماری کووڈ انیس کے سبب کسی ایک دن میں ہلاکتوں کی سب سے زیادہ تعداد رپورٹ کی گئی تھی۔ روسی حکومت کے کورونا وائرس ٹاسک فورس نے یہ بھی کہا ہے کہ اُس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 21,438 نئے کیسز کا بھی اندراج کیا ہے۔ وبا کے شروع ہونے سے اب تک روس میں کورونا کیسز کی کُل تعداد 7,354,995 ہو گئی ہے۔

[pullquote]سائنس اور ادب کے نوبل انعامات جیتنے والوں کے ممالک میں ہی بھیجے جائیں گے[/pullquote]

نوبل پرائز دینے والی فاؤنڈیشن نے کہا ہے کہ اس سال بھی اسٹاک ہوم میں نوبل انعام دینے کی تقریب منعقد نہیں کی جائے گی۔ نوبل انعامات کی تقسیم کا اہتمام کرنے والی اس فاؤنڈیشن نے کہا کہ یہ مسلسل دوسرا سال ہے جس میں سائنس اور ادب کے انعامات حاصل کرنے والوں کو کووڈ انیس وبائی مرض کے سبب ایوارڈ ان کے آبائی ممالک میں دیے جائیں گے۔ فاؤنڈیشن نے مزید کہا کہ ’نوبل امن انعام‘ جو روایتی طور پر اوسلو میں منعقد ہونے والی شاندار تقریب میں دیا جاتا ہے اس کے بارے میں ابھی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔

بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے