اتوار : 26 ستمبر 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]اسرائیلی فوج کے چھاپوں کے دوران چار فلسطینی ہلاک[/pullquote]

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے چھاپوں کے دوران کم از کم چار فلسطینیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ تاہم ابھی تک ہلاک ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے اس حوالے سے ابھی کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والے فلسطینی حماس کے عسکری ونگ کے رکن تھے اور مختلف مقامات پر فائرنگ کے تبادلے کے دوران مارے گئے ہیں۔

[pullquote]یمن میں لڑائی، کم از کم پچاس افراد ہلاک[/pullquote]

خانہ جنگی کے شکار ملک یمن میں ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں اور حکومت نواز فورسز کے مابین لڑائی میں کم از کم پچاس افراد مارے گئے ہیں۔ فوجی ذرائع کے مطابق اہم اسٹریٹیجک شہر مارب پر قبضے کی جنگ شدت اختیار کر گئی ہے۔ نیوز ایجنسی اے ایف پی کے ذرائع کے مطابق گزشتہ اڑتالیس گھنٹوں کے دوران ہلاک ہونے والوں میں 43 حوثی باغی اور سات حکومتی فورسز کے اہلکار شامل ہیں۔ تاہم حوثی باغیوں کی جانب سے ابھی تک اس حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

[pullquote]توقع نہیں کہ طالبان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے[/pullquote]

اس بات کا امکان کم ہی ہے کہ طالبان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔ قبل ازیں طالبان نے اقوام متحدہ سے اپیل کی تھی کہ انہیں بھی جنرل اسمبلی سے خطاب کا موقع فراہم کيا جائے۔ اقوام متحدہ کے ترجمان کے مطابق پیر کے روز، جو افغان نمائندہ خطاب کے لیے رجسٹر ہے، وہ غلام اسحاق زئی ہیں، جنہیں اشرف غنی کی حکومت نے نامزد کیا تھا۔ دوسری جانب طالبان نے اپنے سابق ترجمان سہیل شاہین کو اقوام متحدہ کے لیے اپنا نمائندہ مقرر کیا ہے۔ افغانستان کی نمائندگی کا فیصلہ اب اقوام متحدہ کی ايک کمیٹی کے پاس ہے۔ اس کمیٹی کے نو ارکان ہيں، جن میں امریکا، روس، چین، سویڈن، نمیبیا، بہاماس، بھوٹان، سیرا لیون اور چلی شامل ہیں۔

[pullquote]جنرل اسمبلی کا اجلاس، بھارتی وزیراعظم کی ہمسایہ ممالک پر تنقید[/pullquote]

بھارتی وزير اعظم نريندر مودی نے عالمی برادری پر زور ديا ہے کہ کسی بھی ملک کو اپنے ذاتی مفادات کے ليے افغانستان کی نازک صورتحال کا فائدہ اٹھانے کا موقع نہيں ديا جانا چاہيے۔ مودی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے چھہترويں اجلاس ميں جمعے کی شب اپنی تقرير کے دوران يہ بات کہی۔ نيو يارک ميں اقوام متحدہ کے ہيڈکوارٹر ميں جاری اجلاس سے بھارتی وزير اعظم نے لگ بھگ بيس منٹ تک خطاب کيا۔ انہوں نے اپنے روايتی حريف ممالک پاکستان اور چين کا براہ راست نام نہيں ليا مگر ان کی گفتگو کا محور یہی دو ممالک تھے۔ مودی نے کشمیر کے مسئلے کو مکمل طور پر نظر انداز کیا جبکہ پاکستانی وزیراعظم نے اس موضوع پر کھل کر بات کی تھی۔ مودی کی تقریر کے دوران اقوام متحدہ کی عمارت کے باہر انسانی حقوق کے کارکنوں نے بھارت ميں اقليتوں کو درپيش مسائل کے خلاف احتجاج بھی کیا۔

[pullquote]جرمن پارلیمانی انتخابات، ووٹنگ کا سلسلہ شروع[/pullquote]

جرمنی میں نئے پارلیمان کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈالنے کا سلسلہ مقامی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے سے شروع ہو گیا ہے۔ ووٹنگ میں ساٹھ ملین سے زائد شہری حق رائے دہی کے اہل ہيں۔ رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ کون سی پارٹی اکثریت حاصل کر پائے گی۔ مبصرین کے مطابق توقع یہی ہے کہ ایک مخلوط حکومت تشکیل پائے گی۔ تازہ ترین جائزوں کے مطابق سیاسی جماعت ایس پی ڈی کے چانسلر امیدوار اولاف شُلس سی ڈی یو کے امیدوار آرمین لاشیٹ سے کچھ سبقت لیے ہوئے ہیں۔ مجموعی طور پر کل سینتالیس جماعتیں اور گروپ اس الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ ان انتخابات کے بعد چانسلر انگیلا میرکل تقریباً سولہ برس بعد اقتدار سے الگ ہو جائیں گی۔

[pullquote]فی الحال طالبان حکومت کو تسلیم نہیں کر رہے، روس[/pullquote]

روسی وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف نے کہا ہے کہ فی الحال بین الاقوامی برادری طالبان حکومت کو تسلیم نہیں کر رہی۔ انہوں نے یہ بات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس کی ایک سائیڈ لائن میٹنگ میں کہی ہے۔ تاہم انہوں نے یہ واضح کیا ہے کہ اس حوالے سے امریکا، روس، پاکستان اور چین مل کر کام کر رہے ہیں۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری انٹونیو گوٹیرش کا کہنا ہے کہ طالبان حکومت کو بین الاقوامی سطح پر اسی وقت تسلیم کیا جائے گا، جب ان کی طرف سے حکومت میں تمام گروہوں کی شمولیت یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ خواتین کے حقوق کی ضمانت فراہم کی جائے گی۔

[pullquote]ہنر مند کارکنوں کے لیے برطانیہ میں ورک ویزوں کا اعلان[/pullquote]

برطانیہ میں ہنر مند غیرملکی کارکنوں کے لیے دس ہزار سے زائد ورک ویزوں کا اعلان کیا گیا ہے۔ برطانیہ کو ان دنوں خوراک اور ایندھن کی ترسیل کے مسائل کا سامنا ہے۔ برطانوی وزارت ٹریفک کے مطابق اس طرح کرسمس تک محدود مدت کے لیے تقریباً پانچ ہزار ٹرک ڈرائیوروں کو ملک میں لایا جائے گا۔ اسی طرح پولٹری پروسیسنگ جیسی دیگر اہم صنعتوں کے لیے بھی پانچ ہزار پانچ سو ویزے جاری کیے گئے ہیں۔ برطانیہ میں اس کمی کی ایک وجہ بریگزٹ کے بعد سے امیگریشن کے سخت قوانین ہیں، جس کی وجہ سے ہنر مند کارکنوں کا برطانیہ جانا مشکل ہو گیا ہے۔

[pullquote]مزید ایک سو بائیس مہاجرین کو اطالوی جزیرے تک پہنچا دیا گیا[/pullquote]

امدادی بحری جہاز اوشن وائیکنگ نے مزید ایک سو بائیس مہاجرین کو سمندر میں ڈوبنے سے بچا لیا ہے اور انہیں اطالوی جزیرے سِسلی تک پہنچا دیا گیا ہے۔ ان مہاجرین میں کئی نابالغ بچے بھی شامل ہیں، جنہیں کورونا ٹیسٹ کے بعد اطالوی حکام کے حوالے کر دیا جائے گا۔ اس امدادی بحری جہاز کا عملہ گزشتہ چند دنوں میں درجنوں مہاجرین کو لیبیا کے ساحل پر ڈوبنے سے بچا چکا ہے۔ ان میں سے کئی مہاجرین کو خراب صحت کی وجہ سے پہلے ہی اطالوی ہسپتالوں میں پہنچایا جا چکا ہے۔

[pullquote]صومالیہ، خودکش حملے میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک[/pullquote]

مشرقی افریقی ملک صومالیہ میں ہونے والے ایک خودکش حملے کے نتیجے میں دو بچوں سمیت کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ صدارتی ہاؤس کے قریب ایک چیک پوائنٹ پر ہونے والے اس کار بم حملے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر عام شہری شامل ہیں۔ جہادی گروہ الشباب نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ الشباب کے عسکریت پسند اسلامی حکومت کے قیام کے لیے گزشتہ کئی برسوں سے اس ملک میں لڑائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے