جمعرات : 29 ستمبر 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]افغان جنگ ایک ’اسٹریٹیجک ناکامی‘ تھی، امریکی جنرل مارک ملی[/pullquote]

امریکا کے اعلیٰ ترین فوجی افسر جنرل مارک ملی نے کہا ہے کہ افغانستان میں 20 سالہ جنگ ایک ’اسٹریٹیجک ناکامی‘ تھی۔ انہوں نے یہ بات امریکی سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہی۔ اس کمیٹی کے اراکین نے افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا، دوحہ معاہدے کے بعد کی صورت حال، سقوط کابل سمیت افغانستان سے متعلق متعدد امور پر وزیر دفاع لائیڈ آسٹن، جوائنٹ چیفس کے چیئرمین جنرل مارک ملی اور امریکی سنٹرل کمان کے سربراہ جنرل فرینک میک کینزی سے چھ گھنٹے تک سخت سوالات کیے۔ جنرل مارک ملی نے اس موقع پر متنبہ کیا کہ دہشت گرد گروپ منظم ہوکرامریکا پر حملہ کرسکتا ہے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل کینیتھ میک کینزی نے کمیٹی کو بتایا کہ انہوں نے ذاتی طور پر سفارش کی تھی کہ 2500 امریکی فوجیوں کو افغانستان کی سرزمین پر موجود رہنا چاہیے۔

[pullquote]روس چین کے لیے بجلی کی فراہمی بڑھائے گا[/pullquote]

چین کو درپیش بجلی کے بحران پر قابو پانے کے لیے روس کی ریاستی توانائی کمپنی چین کے لیے بجلی کی فراہمی میں اضافہ کرے گی۔ روسی توانائی کمپنی انٹر آر اے او کے مطابق چین نے بجلی کی فراہمی بڑھانے کے لیے باقاعدہ درخواست کی ہے جس پر بات چیت ہو رہی ہے۔ چین کے شمالی صوبوں کو بجلی کی کمی کا سامنا ہے۔ بعض علاقوں میں بجلی کی بندش کے سبب صنعتی پیداوار بھی متاثر ہو رہی ہے۔

[pullquote]اسرائیلی آباد کاروں کا فلسطینی گاؤں پر حملہ، شیر خوار بجے سمیت متعدد افراد زخمی[/pullquote]

درجنوں اسرائیلی آباد کاروں نے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے میں ایک فلسطینی گاؤں پر حملہ کیا ہے۔ خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے انسانی حقوق کے کارکنوں کے حوالے سے بتایا ہے ان افراد نے گھروں پر اور کاروں پر پتھراؤ کیا جس کی وجہ سے متعدد افراد زخمی ہوئے جن میں ایک شیر خوار بچہ بھی شامل ہے۔ ایک اسرائیلی انسانی حقوق کے لیے سرگرم گروپ کی طرف سے جاری کی گئی ایک ویڈیو میں شرٹس کے بغیر درجنوں اسرائیلی آباد کاروں کو دیکھا جا سکتا ہے جو آبادی کے گھروں پر پتھراؤ کر رہے ہیں جبکہ وہاں موجود اسرائیلی فوجی ان کو روکنے کی کوئی کوشش نہیں کر رہے۔ اسرائیلی فوج نے اس واقعے پر یہ کہتے ہوئے کوئی رائے دینے سے انکار کر دیا ہے کہ وہ اس بارے میں معلومات جمع کر رہی ہے۔

[pullquote]جرمن انتخابات: ایف ڈی پی اور گرین پارٹی کی اولین ملاقات[/pullquote]

جرمنی کی گرین پارٹی اور فری ڈیموکریٹک پارٹی نے مل کر کسی جماعت کے ساتھ اتحادی حکومت بنانے کے لیے بات چیت کا آغاز کر دیا ہے۔ دونوں جماعتوں کی طرف سے انسٹاگرام پر ایک ہی وقت میں ایک تصویر شیئر کی گئی جس میں ایف ڈی پی کے سربراہ کرسٹیان لِنڈنر اور گرین پارٹی کی سربراہ انالینا بیئربوک ایک ساتھ نظر آ رہے ہیں۔ اتوار کو ہونے والے وفاقی پارلیمانی انتخابات میں کوئی بھی سیاسی جماعت حکومت سازی کے لیے حتمی اکثریت حاصل نہیں کر سکی۔ ایف ڈی پی اور گرین پارٹی مشترکہ طور پر یونین جماعتوں یا پھر سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے ساتھ اتحادی حکومت میں شامل ہو سکتی ہیں۔

[pullquote]طالبان کا ظاہر شاہ دور کا آئین عارضی طور پر اپنانے کا فیصلہ[/pullquote]

طالبان نے کہا ہے کہ وہ افغانستان کے سابق بادشاہ محمد ظاہر شاہ کے دور کے آئین کو عارضی طورپر اپنائیں گے۔ طالبان کے قائم مقام وزیر انصاف مولوی عبدالحکیم شرعی نے ایک بیان میں کہا کہ طالبان نے مختصر مدت کے لیے اور ترامیم کے ساتھ سابق بادشاہ محمد ظاہر شاہ کے سن 1964کے اُس آئین کو متعارف کرانے کی منصوبہ بندی کی ہے جو افغانستان کے مختصر سنہرے جمہوری دورمیں نافذ کیا گیا تھا۔ عبدالحکیم نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ مذکورہ آئین کی ان شقوں کو ختم کردیا جائے گا جو اسلامی تعلیمات کے خلاف ہیں۔ خیال رہے کہ ظاہر شاہ کے اُس آئین میں خواتین کو ووٹ ڈالنے کا حق دیا گیا تھا۔

[pullquote]جرمن انتخابات: برِنک ہاؤس دوبارہ یونین جماعتوں کے پارلیمانی گروپ کے سربراہ منتخب[/pullquote]

جرمنی کی یونین جماعتوں کے سربراہ رالف برِنک ہاؤس کو دوبارہ گروپ کا پارلیمانی سربراہ چن لیا گیا ہے۔ نو منتخب پارلیمانی گروپ کی میٹنگ میں انہیں 84 فیصد ووٹ ملے۔ انہیں صرف اپریل 2022 تک کے عرصے کے لیے چُنا گیا ہے۔ عام طور پر نئے پارلیمان کے آغاز پر گروپ کا پارلیمانی سربراہ ایک سال کے لیے چُنا جاتا ہے۔ مدت میں کمی کی وجہ اب تک اس امر کا غیر واضح ہونا ہے کہ آیا سی ڈی یو اور سی ایس یو حکومت میں شامل ہوں گی یا اپوزیشن میں۔ خیال رہے کہ یونین جماعتوں نے اتوار کے روز ہونے والے انتخابات میں سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے بعد دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ ووٹ حاصل کیے ہیں۔

[pullquote]ایکواڈور: جیل میں تصادم کے نتیجے میں کم از کم 29 قیدی ہلاک[/pullquote]

ایکواڈور کی ایک جیل میں دو متحارب گروپوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں کم از کم 29 قیدی ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق ملک کے سب سے بڑے شہر گوایاکِل کی جیل میں پیش آنے والے اس واقعے کے بارے میں تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ اس واقعے میں درجنوں دیگر قیدی زخمی بھی ہیں۔ ایکواڈور کے صدر گلیارمو لاسو کے مطابق منگل کو پیش آنے والے اس واقعے کے بعد جیل حکام نے اب صورتحال پر قابو پا لیا ہے۔ ایکواڈور کی جیلوں میں منشیات فروش گینگز کے درمیان تصادم کے واقعات اکثر پیش آتے رہتے ہیں۔

[pullquote]یونائیٹڈ ایئرلائنز نے ویکسین نہ لگوانے والے 600 ملازمین کو نکال دیا[/pullquote]

امریکا کی یونائیٹڈ ایئرلائنز نے اپنے ایسے 600 ملازمین کو نوکری سے فارغ کر دیا ہے جو کووڈ انیس سے بچاؤ کی ویکسین نہیں لگوانا چاہتے تھے۔ ان میں صرف وہی ملازمین شامل ہیں جنہیں صحت یا مذہبی بنیادوں پر ویکسین نہ لگوانے کا استثنیٰ حاصل نہیں ہے۔ یونائیٹڈ ایئرلائنز کے مطابق یہ ایک مشکل فیصلہ تھا تاہم ٹیم کی حفاظت کمپنی کی اولین ترجیح ہے۔ انتظامیہ کے مطابق فارغ کیے گئے ملازمین کے پاس نوکری بچانے کا ابھی بھی موقع ہے کہ وہ ملازمت سے حتمی طور پر نکالے جانے کے سلسلے میں ہونے والے اختتامی انٹرویو سے قبل ویکسین لگوا لیں۔

[pullquote]ہائپرسانک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے، شمالی کوریا[/pullquote]

شمالی کوریا نے کہا ہے کہ اس نے اپنے نئے ہائپرسانک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ ہائپرسانک کا مطلب ہے کہ آواز کی رفتار سے پانچ گُنا زیادہ رفتار سے سفر کرنے کی صلاحیت کا حامل۔ یہ رفتار قریب 6180 کلومیٹر فی گھنٹہ بنتی ہے۔ خود کو جوہری طاقت قرار دینے والے شمالی کوریا کے مطابق اس میزائل کو جوہری ہتھیار لے جانے کے قابل بنایا جا رہا ہے۔ شمالی کوریا کے مطابق یہ میزائل ’انتہائی زیادہ اسٹریجک اہمیت‘ رکھتا ہے۔ خیال رہے کہ منگل کے روز جنوبی کوریا نے بتایا تھا کہ شمالی کوریا نے کھلے سمندر میں ایک کم فاصلے تک مار کرنے والا میزائل داغا ہے، تاہم اس کی نوعیت کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہوا تھا۔

بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے