جمعرات : 30 ستمبر 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]اسرائیلی وزیر خارجہ تاریخی دورے پر بحرین پہنچ گئے[/pullquote]

اسرائیلی وزیر خارجہ ژائیر لاییڈ ایک تاریخی دورے پر بحرین کے دارالحکومت مناما پہنچ گئے ہیں۔ ستمبر 2020ء میں بحرین اور متحدہ عرب امارات ایسے پہلے خلیجی ممالک بن گئے تھے جنہوں نے اسرائیلی کے ساتھ باقاعدہ تعلقات کا آغاز کیا تھا۔ اس کے بعد سے اسرائیل کی کسی اعلیٰ سرکاری شخصیت کا یہ بحرین کا اولین دورہ ہے۔ ایئرپورٹ پر بحرین کے وزیر خارجہ عبدالطیف الزیانی نے ان کا استقبال کیا۔ اسرائیلی وزیر خارجہ مناما میں اسرائیلی سفارت خانے کا افتتاح کریں گے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان متعدد معاہدوں پر بھی دستخط ہوں گے۔

[pullquote]سابق فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی کو ایک برس قید کی سزا[/pullquote]

فرانس کے سابق صدر نکولا سارکوزی کو اپنی انتخابی مہم کے لیے غیر قانونی فنڈنگ کے جرم میں ایک برس قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ فرانسیسی دفتر استغاثہ کے مطابق 2012ء کے انتخابی مہم میں 40 ملین یورو خرچ کیے گئے۔ یہ رقم اس سے دو گُنا ہے جتنی قانونی طور پر خرچ کرنے کی اجازت ہے۔ ایک ایونٹ کمپنی نے غلط رسیدوں کے ذریعے اخراجات کو چھپانے کی کوشش کی تھی۔ سارکوزی کو اجازت دی گئی ہے کہ وہ یہ سزا گھر پر قید رہ کر بھی گزار سکتے ہیں تاہم اس دوران ان کی الیکٹرانیک طریقے سے نگرانی کی جاتی رہے گی۔

[pullquote]ایردوآن اور پوٹن کے درمیان دفاعی تعاون بڑھانے پر غور[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن اور روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے درمیان دفاعی صنعت میں تعاون بڑھانے کے معاملے پر بات ہوئی۔ روس کے سیاحتی مقام سوچی میں گزشتہ روز ہونے والی یہ ملاقات گزشتہ 18 ماہ کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان پہلی براہ راست ملاقات تھی۔ اس ملاقات میں شامی تنازعے پر بھی غور کیا گیا۔ خیال رہے کہ ترکی اور امریکا کے تعلقات تناؤ کا شکار ہیں جس کی ایک وجہ ترکی کے روس کے ساتھ بڑھتے ہوئے دفاعی تعلقات بھی ہیں۔

[pullquote]معروف روہنگیا کارکن کا بنگلہ دیش میں قتل[/pullquote]

روہنگیا مسلمانوں کے لیے کام کرنے والے ایک معروف کارکن محب اللہ کو بنگلہ دیش کے کاکس بازار میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔ وہ بدھ کی شام اپنے دفتر کے باہر دیگر پناہ گزینوں سے بات چیت کر رہے تھے جب ایک نامعلوم شخص نے ان پر کم سے کم تین فائر کیے۔ اقوام متحدہ کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ محب اللہ روہنگیا مسلمانوں کے لیے اپنی فلاحی سرگرمیوں کے سبب بین الاقومی سطح پر معروف تھے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جنوبی ایشیا کے لیے ڈائریکٹر میناکشی گانگولی نے بھی محب اللہ کی موت پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کمیونٹی کے لیے ان کی آواز بہت اہم تھی اور ان کے قتل سے اسے غیر تلافی نقصان پہنچا ہے۔

[pullquote]پولینڈ مہاجرین کے ساتھ غیر قانونی سلوک کر رہا ہے، ایمنسٹی انٹرنیشنل[/pullquote]

انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے پولینڈ پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ غیر قانونی طور پر ان افغان مہاجرین کو ملک میں داخلے کی اجازت نہیں دے رہا جو گزشتہ کئی ہفتوں سے بیلاروس کے ساتھ لگنے والی اس کی سرحد پر پھنسے ہوئے ہیں۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کی یورپی شاخ کے مطابق ان پھنسے ہوئے 32 مہاجرین کے پاس نہ تو خوراک ہے، نہ پانی اور نہ ہی ادویات۔ ان مہاجرین کا کہنا ہے کہ طالبان کی طرف سے افغانستان پر قبضے کے بعد وہ بیلاروس سے سرحد پار کر کے پولینڈ میں داخل ہوئے تھے تاہم بعد میں انہیں واپس بیلاروس بھیج دیا گیا۔

[pullquote]شمالی کوریا کے حوالے سے سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس[/pullquote]

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل شمالی کوریا کے معاملے پر آج جمعرات کو ایک ہنگامی ملاقات کر رہی ہے۔ یہ اجلاس امریکا، برطانیہ اور فرانس کی مشترکہ درخواست پر طلب کیا گیا ہے۔ ویٹو کا حق رکھنے والے یہ تینوں ممالک پیانگ یانگ کی طرف سے ہائپر سانک میزائل کے کامیاب تجربے کے اعلان پر اس کے خلاف کارروائی چاہتے ہیں۔ آواز کی رفتار سے پانچ گنا تیز رفتار سے سفر کرنے والے ہائپر سانک میزائل کو عام دفاعی نظاموں کے ذریعے نشانہ بنانا مشکل ہو گا۔ اقوام متحدہ نے شمالی کوریا پر میزائل اور جوہری تجربات کرنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

[pullquote]میکسیکو نے بھی ہیٹی کے باشندوں کی ملک بدری شروع کردی[/pullquote]

امریکا کے بعد میکسیکو نے بھی ہیٹی سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن کو ان کے ملک واپس بھیجنا شروع کر دیا ہے۔ میکسیکو کے جنوب مشرقی شہر ویلاہرموسا سے پہلی پرواز 70 افراد کو لے کر ہیٹی کے دارالحکومت پورٹ آؤ پرنس پہنچی۔ ان میں 13 کم عمر افراد بھی شامل تھے۔ میکسیکو کے امیگریشن حکام کے مطابق انسانی بنیادوں پر یہ رضاکارانہ واپسی ہیٹی کے حکام کے ساتھ بات چیت کے بعد عمل میں آئی۔ اس وقت قریب 15 ہزار تارکین وطن امریکا میں داخلے کے لیے میکسیکو کی سرحد پر جمع ہیں۔ ان میں زیادہ تر ہیٹی کے باشندے ہیں۔

[pullquote]امریکی گلوکارہ برٹنی اسپیئرز کے والد کی سرپرستی ختم کر دی گئی[/pullquote]

امریکی پاپ اسٹار برٹنی اسپیئرز کی سرپرستی کے معاملے پر قانونی تنازعے میں لاس اینجلس کی ایک عدالت نے گلوکارہ کے حق میں فیصلہ دیا ہے۔ جج نے اسپیئرز کے والد کی بطور قانونی سرپرستی کو فوری طور پر ختم کرتے ہوئے ایک عبوری سرپرست مقرر کر دیا ہے۔ امریکی گلوکارہ کو دماغی مسائل کی وجہ سے 2008 میں زبردستی کچھ وقت کے لیے ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا اور ان کی قانونی سرپرستی ان کے والد نے لے لی تھی۔ برٹنی اسپیئرز نے رواں برس جون میں عدالت سے رجوع کیا تھا کہ وہ ذہنی صدمے میں ہیں اور ڈپریس ہیں اور وہ اپنی آزاد زندگی واپس چاہتی ہیں۔

[pullquote]ایکواڈور کی جیل میں ہنگامے کے سبب ہلاکتیں 100 سے بڑھ گئیں[/pullquote]

ایکواڈور کی ایک جیل میں شدید ہنگاموں کے بعد ملکی صدر گلیارمو لاسو نے ملکی جیلوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ لاسو نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ وہ سکیورٹی کمیٹی کے ساتھ اس صورتحال پر غور کریں گے۔ ایکواڈور کے ایک ساحلی شہر گوایا کِل کی جیل میں منگل کے روز ہونے والے ہنگاموں میں قیدیوں نے اسلحے اور ہینڈ گرینیڈز کا بھی استعمال کیا۔ حکام کے مطابق ان ہنگاموں میں مرنے والوں کی تعداد 100 سے زائد ہے جبکہ 50 سے زائد زخمی ہیں۔

[pullquote]اسرائیلی پولیس نے یروشلم میں مبینہ چاقو حملہ کرنے کی کوشش کرنے والی خاتون کو ہلاک کر دیا[/pullquote]

اسرائیلی پولیس نے کہا ہے کہ اس نے یروشلم کے قدیم حصے میں مسجد الاقصٰی کے باہر داخلی راستے پر ایک فلسطینی خاتون کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔ اسرائیلی پولیس کے مطابق اس خاتون نے مبینہ طور پر پولیس اہکاروں پر چاقو سے حملہ کرنے کی کوشش کی۔ پولیس کے مطابق مرنے والی 30 سالہ فلسطینی خاتون مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر قباطیہ کی رہائشی تھی۔ مغربی کنارے کے شمالی حصے میں پیش آنے والے ایک اور واقعے میں اسرائیلی فورسز نے ایک مسلح فلسطینی کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔ پولیس کے مطابق اس شخص نے اسرائیلی فورسز پر فائرنگ کی تھی۔

بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے