جمعرات : 07 اکتوبر 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ٹوکیو اور اس کے مضافات میں 6.2 شدت کا زلزلہ[/pullquote]

جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو اور اس کے مضافات میں 6.2 شدت کا زلزلہ آیا ہے۔ابتدائی معلومات کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6 اعشاریہ 2 ریکارڈ کی گئی، زلزلے سے عوام میں خوف ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔زلزلے سے تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے جبکہ زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ بھی جاری نہیں کی گئی۔جاپانی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز ٹوکیو کے مشرق میں 80 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔

[pullquote]روس بین الاقوامی افغان مذاکرات کی میزبانی کرے گا[/pullquote]

روس بیس اکتوبر کو افغانستان کے حوالے سے ایک بین الاقوامی مذاکراتی دور کی میزبانی کا ارادہ رکھتا ہے۔ روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے خصوصی نمائندے برائے افغانستان ضمیر کابلوف کے مطابق ان مذاکرات میں طالبان کی قیادت کو بھی مدعو کیا جائے گا۔ تاہم اس بین الاقوامی کانفرنس کے حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ ماسکو نے مارچ میں بھی ایک بین الاقوامی افغان کانفرنس کا انعقاد کیا تھا، جس میں امریکا، چین اور پاکستان شریک ہوئے تھے۔

[pullquote]آذربائیجان میں اسرائیلی ’موجودگی‘ پر ایران کی طرف سے تنبیہ[/pullquote]

ایران اور اس کے پڑوسی ملک آذربائیجان کے مابین کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کے مطابق ان کا ملک قفقاذ کے خطے میں ’جیوپولیٹیکل تبدیلیاں‘ برداشت نہیں کر ے گا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے یہ بیان بدھ کے روز ماسکو میں اپنے روسی ہم منصب سیرگئی لاوروف کے ساتھ ملاقات میں آذربائیجان پر تنقید کرتے ہوئے دیا۔ عبداللہیان نے اسرائیل کے ساتھ آذربائیجان کے فوجی معاہدوں اور ایران کی شمالی سرحد کے قریب حالیہ دنوں میں کی جانے والی فوجی مشقوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ آذربائیجان نے گزشتہ ہفتے ایران کی طرف سے فوجی مشقوں کے بعد حال ہی میں ترکی کے ساتھ مل کر فوجی مشقیں کی تھیں۔

[pullquote]بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں عام شہریوں پر حملوں میں اضافہ، دو اساتذہ قتل[/pullquote]

بھارت کے زیرانتظام کشمیر میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرتے ہوئے دو سکول اساتذہ کو قتل کر دیا۔ یہ پیش رفت ایک ایسے موقع پر دیکھنے میں آئی، جب اس خطے میں عام شہریوں کے خلاف ہلاکت خیز حملوں میں اچانک اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کم از کم سات شہری ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بن چکے ہیں۔ مقامی پولیس کے مطابق ان حملوں کے پیچھے کشمیری علیحدگی پسندوں کا ہاتھ ہو سکتا ہے۔ ہلاک ہونے والے زیادہ تر افراد کا تعلق ہندو اور سکھ برادریوں سے تھا۔

[pullquote]ایتھوپیا میں انسانی بحران شدت اختیار کر سکتا ہے، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے افریقی ملک ایتھوپیا میں ایک ’بڑے انسانی بحران‘ سے خبردار کرتے ہوئے فوری کارروائی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایک خصوصی اجلاس میں ادیس ابابا حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر سرگرم کارکنوں کو ان کا کام کرنے دے۔ گوٹیرش کے مطابق تیگرائے، امہارا اور افار کے علاقوں میں تقریباﹰ 70 لاکھ افراد کو زندہ رہنے کے لیے فوری طور پر امدادی سامان کی ضرورت ہے۔ انٹونیو گوٹیرش نے ایتھوپیا کی حکومت کے تقریباﹰ ایک ہفتہ قبل اقوام متحدہ کے سات نمائندوں کو ملک سے نکال دینے کے فیصلے پر بھی شدید تنقید کی۔

[pullquote]ترکی نے پیرس ماحولیاتی معاہدے کی توثیق کر دی[/pullquote]

ترک پارلیمان نے تحفظ ماحول کے لیے پیرس ماحولیاتی معاہدے کی توثیق کر دی ہے۔ جی ٹوئنٹی ممالک میں ترکی ایسا واحد ملک تھا، جس نے ابھی تک ایسا نہیں کیا تھا۔ ترک پارلیمان میں زیادہ تر اراکین نے اس عالمی معاہدے کے حق میں ووٹ دیا۔ ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے اس بارے میں ایک اعلان نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کیا تھا۔ ترکی اب تک اپنی توانائی کی زیادہ تر ضروریات کوئلے، گیس اور تیل سے پوری کر رہا ہے۔ سن 2015ء کے عالمی ماحولیاتی معاہدے میں زمینی درجہ حرارت میں اضافے کو 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک محدود رکھنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔ اگلی عالمی ماحولیاتی کانفرنس اکتیس اکتوبر سے گلاسگو میں شروع ہو گی۔

[pullquote]داعش میں شمولیت اختیار کرنے والی خواتین کی جرمنی واپسی[/pullquote]

جرمنی شام سے ایسی آٹھ جرمن خواتین اور ان کے بچوں کو واپس لے آیا ہے، جو ماضی میں دہشت گرد تنظیم داعش میں شامل ہو گئی تھیں۔ جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس کے مطابق ان خواتین اور ان کے بچوں کو ایک چارٹرڈ طیارے کے ذریعے جمعرات کی رات فرینکفرٹ لایا گیا۔ ان میں سے زیادہ تر خواتین کو گرفتار کر لیا گیا اور انہیں ایک خصوصی فوجداری عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ وزیر خارجہ ماس کے مطابق جرمنی نے یہ کارروائی ڈنمارک کے ساتھ مل کر کی ہے، جو ایسی تین ڈینش خواتین اور 14 بچوں کو واپس لایا ہے۔ یہ تمام خواتین اور بچے ایک کرد حراستی کیمپ میں رکھے گئے تھے جبکہ انہیں واپس لانے کے لیے انتظامی مدد امریکا نے کی۔

[pullquote]ملیریا کے خلاف جنگ میں بڑی پیش رفت[/pullquote]

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے پہلی بار ملیریا کے خلاف ویکسین کے وسیع پیمانے پر استعمال کی سفارش کی ہے۔ جنیوا میں اقوام متحدہ کے اس ادارے کے مطابق ’آر ٹی ایس، ایس ویکسین‘ زیریں صحارا کے افریقی خطے اور ملیریا سے متاثرہ دیگر علاقوں کے بچوں کو دی جانا چاہیے۔ عالمی ادارہ صحت نے اسے ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا ہے۔ ایک بیان کے مطابق اس ویکسین سے ہزاروں جانیں بچائی جا سکیں گی۔ عالمی ادارہ صحت نے یہ سفارش گھانا، کینیا اور ملاوی میں تقریباﹰ آٹھ لاکھ بچوں کی یہ ویکسین دیے جانے کے تجرباتی استعمال کے بعد کی۔

[pullquote]نیٹو نے آٹھ روسی سفارت کاروں کی رجسٹریشن منسوخ کر دی[/pullquote]

مغربی دفاعی اتحاد نیٹو نے آٹھ روسی سفارت کاروں کی رجسٹریشن منسوخ کر دی ہے۔ یہ اہلکار نیٹو میں ماسکو کے نمائندہ مشن کا حصہ ہیں۔ نیٹو نے الزام عائد کیا ہے کہ یہ اہلکار روسی خفیہ سروس کے افسران ہیں۔ علاوہ ازیں نیٹو نے اپنے ہاں روسی نمائندوں کی مجموعی منظور شدہ تعداد آئندہ مزید کم کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا ہے کہ نیٹو روس کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے۔ نیٹو اتحاد اور روس کے تعلقات اس وقت سے کشیدہ ہیں، جب دو ہزار اٹھارہ میں برطانیہ میں روس کے ایک سابق خفیہ ایجنٹ کو اعصابی زہر دے کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔

بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے