ہفتہ : 09 اکتوبر 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]جارجیا میں عمارت منہدم، پانچ افراد ہلاک متعدد لاپتہ[/pullquote]

جارجیا کے شہر باتومی میں ایک کثیر المنزلہ عمارت زمیں بوس ہونے سے کم از کم چار افراد ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں دو بچے بھی شامل ہیں۔ حکام کے مطابق متعدد افراد رہائشی عمارت کے ملبے کے نیچے پھنسے ہوئے ہیں۔ جائے وقوعہ پر امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ ریسکیو ورکرز اب تک دو افراد کو عمارت کے ملبے سے نکالنے میں کامیاب ہوگئے۔ ان میں سے ایک خاتون ہلاک ہونے والے دونوں بچوں کی ماں ہے۔ منہدم ہونے والی پانچ منزلہ عمارت سن 1981 میں تعمیر کی گئی تھی۔ بعدازاں اس عمارت میں مزید دو منزلوں کا اضافہ کیا گیا تھا۔

[pullquote]لیبیا میں زیرحراست چھ مہاجرین ہلاک، اقوام متحدہ[/pullquote]

لیبیا کے ایک حراستی مرکز میں موجود چھ تارکین وطن افراد کو مبینہ طور پر سکیورٹی گارڈز نے گولیاں مار کر ہلاک کردیا۔ اقوام متحدہ کے اہلکاروں کے مطابق یہ واقعہ جمعہ کو طرابلس کے مغربی حصے میں واقع مابانی حراستی مرکز میں افراتفری کے نتیجے میں پیش آیا۔ مہاجرین کی عالمی تنظیم آئی او ایم کے مطابق حکام نے گزشتہ ہفتے پانچ ہزار سے زائد مہاجرین کو یہاں منتقل کیا تھا، جس میں پانچ سو خواتین اور ساٹھ بچے بھی شامل تھے۔ لیبیا کی وزارت داخلہ نے اس واقعے کے بارے میں تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔

[pullquote]دوحہ میں افغان طالبان اور امریکا کے مابین مذاکرات[/pullquote]

افغانستان سے امریکی اور غیر ملکی افواج کے مکمل انخلا کے بعد واشنگٹن حکومت اور افغان طالبان دوبارہ براہ راست بات چیت شروع کرنا چاہتے ہیں۔ امریکی وزارت خارجہ کے مطابق اس سلسلے میں قطر کے دارالحکومت دوحہ میں آج ہفتہ اور اتوار کو امریکی وفد اور طالبان کے اعلی سطحی نمائندے ملاقاتیں کریں گے۔ واشنگٹن حکومت چاہتی ہے کہ طالبان افغانستان میں انسانی حقوق پر عملدرآمد کریں اور امدادی تنظیموں کو ملک میں کام کرنے کی رسائی دیں۔ ماہ اگست میں کابل کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد سے افغان طالبان اپنی حکومت کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم کرانے کے لیے کوشاں ہیں۔

[pullquote]ایتھوپیا میں تیگرائی باغیوں کے خلاف فوجی کارروائی[/pullquote][pullquote]

ایتھوپیا کے شمالی علاقے امہارا میں ملکی فوج نے تیگرائی کے باغیوں کے خلاف مسلح کارروائی کی ہے۔ امدادی تنظیموں اور تیگرائی پیپلز لبریشن فرنٹ (ٹی پی ایل ایف) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے جمعرات سے امہارا کے مختلف علاقوں میں فضائی اور زمینی حملے کیے۔ ایتھوپیا کی حکومتی فورسز نے نومبر 2020 میں تیگرائی صوبے میں ٹی پی ایل ایف پر حملے کیے تھے۔ کئی مہینوں تک جاری اس لڑائی میں ہزاروں افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ اب یہ پرتشدد تنازعہ افار اور امہارا کے دیگر خطوں میں پھیل چکا ہے۔

[pullquote]افغانستان میں شیعہ مسجد میں خودکش حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کرلی[/pullquote]

افغانستان کے شہر قندوز کی ایک شیعہ مسجد میں ہونے والے خودکش حملے میں ہلاکتوں کی تعداد کم از کم پچپن ہو گئی ہے۔ جمعہ کے روز ہونے والے اس خودکش حملے میں ہلاک ہونے والے زیادہ تر افراد کا تعلق شیعہ اقلیتی برادری سے بتایا گیا ہے۔ دہشت گرد گروہ داعش نے اس خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ امدادی تنظیم ڈاکٹرز وِدآؤٹ بارڈرز کے مطابق اس حملے میں درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں اور ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ افغانستان سے امریکی اور مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کی افواج کے انخلا کے بعد اس حملے کو سب سے ہولناک حملہ قرار دیا گیا ہے۔

[pullquote]ایران کے پہلے صدر ابوالحسن بنی صدر انتقال کرگئے، سرکاری میڈیا[/pullquote]

ایرن میں سن 1979 میں اسلامی انقلاب کے بعد ملکی صدر کے عہدے پر فائض ہونے والے ابوالحسن بنی صدر وفات پا گئے ہیں۔ ان کا انتقال آج فرانسیسی دارالحکومت پیرس کے ایک ہسپتال میں ہوا۔ ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ارنا نے سابق صدر کے قریبی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہےکہ ایران کے پہلے صدر ابوالحسن بنی صدر آج پیرس کے جنوبی مشرقی علاقے میں واقع ایک ہسپتال میں انتقال کرگئے۔ ان کی عمر اٹھاسی برس تھی۔

[pullquote]چینی صدر تائیوان کے ساتھ ’دوبارہ اتحاد‘ کے لیے پرعزم[/pullquote]

چین کے صدر شی جن پنگ نے تائیوان کے ساتھ ’دوبارہ اتحاد‘ کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ شی نے بیجنگ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’پرامن طریقے‘‘ سے متحد ہونا پوری چینی قوم کے مفاد میں ہو گا۔ تائیوان پر اس وقت چین کا شدید سیاسی اور عسکری دباؤ ہے کہ وہ بیجنگ کی حاکمیت کو تسلیم کرے۔ تاہم تائے پے کی جمہوری حکومت نے اپنی آزادی کا دفاع کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ تائیوان کے عوام ہی اپنے مستقبل کا فیصلہ کرسکتے ہیں۔ بیجنگ حکومت تائیوان کو ایک خود مختار ملک تسلیم کرنے کیبجائے چین کا ایک باغی صوبہ قرار دیتی ہے اور وہ دوبارہ اتحاد کے لیے کوشاں ہے۔ اس حوالے سے بین الاقوامی حلقوں میں کافی زیادہ تشویش پائی جاتی ہے۔

[pullquote]فیس بک سروس دوبارہ تکنیکی خرابی کا شکار[/pullquote]

امریکی سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک کو ایک ہفتے کے اندر دوسری مرتبہ تکنیکی مسائل کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ گزشتہ روز دنیا بھر میں بعض صارفین کو فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی سروسز استعمال کرنے میں مشکلات پیش آرہی تھیں۔ بعد ازاں اس تکنیکی مسئلے کو دوبارہ حل کرلیا گیا۔ فیس بک کی جانب سے اپنے صارفین سے معذرت کی گئی لیکن مسائل کی وجہ نہیں بتائی گئی۔ رواں ہفتے کے آغاز میں بھی فیس بک کمپنی کی تمام سروسز گھنٹوں معطل رہی تھیں۔ فیس بک نے بتایا تھا کہ ’کنفیگریشن ایرر‘ کی وجہ سے یہ تکنیکی خرابی پیش آئی تھی۔

[pullquote]کیپیٹل ہل کی تفتیش میں ٹرمپ کی رکاوٹ ڈالنے کوشش، رپورٹ[/pullquote]

امریکا میں میڈیا رپورٹوں کے مطابق سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کانگریس کی ایک کمیٹی کے تفتیشی عمل میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔ امریکی کانگریس کی یہ کمیٹی رواں سال کے آغاز میں ہونے والے کیپیٹل ہل پر حملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ واشنگٹن پوسٹ اور پولیٹیکو کا دعویٰ ہے کہ انہیں ایک وکیل کا ایسا خط موصول ہوا ہے، جس میں ٹرمپ کے سابقہ ساتھیوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ کمیٹی کے سامنے گواہی نہ دیں۔ رواں برس چھ جنوری کو ٹرمپ کے حامیوں نے واشنگٹن میں پارلیمانی عمارت پر حملہ کردیا تھا۔ اس واقعے میں پانچ افراد ہلاگ ہوگئے تھے۔ ٹرمپ پر حملہ آوروں کو اکسانے کا الزام تھا۔

[pullquote]آسٹریا کے چانسلر کا استعفیٰ دینے سے انکار[/pullquote]

آسٹریا میں وفاقی چانسلر سباستیان کُرس نے حکومتی بحران کے باوجود استعفیٰ دینے سے انکار کردیا ہے۔ انہوں نے ویانا میں کہا کہ ان کی سیاسی جماعت آسٹریئن پیپلز پارٹی (او وی پی ) حکومتی معاملات چلانے کے قابل اور تیار ہے۔ قبل ازیں ملکی صدر الیکسزانڈر فان ڈیر بیلن نے حکومت کی قابلیت پر سوال اٹھایا تھا اور فریقین کو خبردار کیا تھا کہ وہ ملک کی فلاح و بہبود کے بارے میں سوچیں۔ ادھر او وی پی کی مخلوط حکومت میں شراکت دار گرین پارٹی نے کہا ہے کہ وہ سباستیان کرس کے بغیر ہی حکومت کا تصور کرسکتے ہیں۔ دفتر استغاثہ کی جانب سے کرس کے خلاف تفتیش کی جارہی ہے۔ ان پر کرپشن کا الزام ہے۔

بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے