منگل : 12 اکتوبر 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]کووڈ انیس کے علاج کے لیے اینٹی وائرل گولیاں، عالمی ادارہ صحت کو ڈیٹا کا انتظار[/pullquote]

عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او نے کہا ہے کہ اسے ملٹی نیشنل دوا ساز کمپنی مَیرک کی تیار کردہ کووڈ انیس کے علاج کے لیے دوا کے تجرباتی طبی استعمال کے مفصل نتائج کا ابھی انتظار ہے۔ یہ بات جنیوا میں اس ادارے کے ایک ترجمان نے بتائی۔ مَیرک نے یہ اینٹی وائرل ٹیبلٹ کورونا وائرس سے متاثرہ کووڈ انیس کے درمیانی حد تک بیمار مریضوں کے علاج کے لیے تیار کی ہے۔ قبل ازیں اس امریکی دوا ساز کمپنی کی طرف سے پیر کے روز کہا گیا تھا کہ اس نے امریکی حکام کو درخواست دے دی ہے کہ اس دوا کے ہنگامی طبی استعمال کی اجازت دے دی جائے۔ ڈبلیو ایچ او نے اس ٹیبلٹ کی تیاری کو قابل توجہ پیش رفت قرار دیا ہے۔

[pullquote]ایران نے دو روزہ فضائی دفاعی مشقیں شروع کر دیں[/pullquote]

ایرانی مسلح افواج نے دو روزہ فضائی دفاعی مشقیں شروع کر دی ہیں۔ سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق آج منگل سے شروع ہونے والی یہ مشقیں وسطی ایران کے وسیع تر صحرائی علاقے میں کی جا رہی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ان مشقوں میں ایرانی فوج، فضائیہ اور نیم فوجی محافظینِ انقلاب کے فضائی شعبے کے دستے حصہ لے رہے ہیں۔ ماہرین ان فضائی دفاعی مشقوں کو ایران کی طرف سے عسکری طاقت کے تازہ ترین مظاہرے کا نام دے رہے ہیں۔

[pullquote]فرانس کم کاربن گیسیں خارج کرنے والا ہوائی جہاز تیار کرے گا، صدر ماکروں[/pullquote]

فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے کہا ہے کہ فرانس میں سن دو ہزار تیس تک دو ملین تک الیکٹرک اور ہائبرڈ گاڑیاں تیار کی جائیں گی۔ ساتھ ہی اگلے نو برسوں میں فرانس کی طرف سے ایک ایسا نیا ہوائی جہاز بھی تیار کیا جائے گا، جو فضا میں زہریلی کاربن گیسوں کے بہت کم اخراج کا باعث بنے گا۔ صدر ماکروں کے مطابق پیرس حکومت نے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں جدت پسندانہ سرمایہ کاری کے لیے چار بلین یورو مختص کیے ہیں۔ ان رقوم سے ملک میں خاص طور پر ماحول دوست صنعتی جدت پسندی کو فروغ دیا جائے گا۔

[pullquote]یونانی جزیرے کریٹے کے قریب طاقت ور سمندری زلزلہ[/pullquote]

یونان کے جزیرے کریٹے کے ساحلوں کے قریب آج منگل کے روز زلزلے کے طاقت ور جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ملکی محکمہ ارضیات کے مطابق ریکٹر اسکیل پر ان جھٹکوں کی شدت چھ اعشاریہ تین ریکارڈ کی گئی۔ فوری طور پر زلزلے کے نتیجے میں کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ زلزلے کا مرکز ملکی دارالحکومت ایتھنز سے تقریباﹰ چار سو کلومیٹر جنوب مشرق کی طرف سمندر کی گہرائی میں ریکارڈ کیا گیا۔ اسی جزیرے پر دو ہفتے قبل بھی ایک طاقت ور زلزلہ آیا تھا۔

[pullquote]مشرقی یوکرائن کے تنازعے کے حل کے لیے میرکل اور ماکروں کی پوٹن سے بات چیت[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور فرانس کے صدر ایمانوئل ماکروں نے مشرقی یوکرائن میں جاری مسلح تنازعے کے حل کے لیے روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ اس سے قبل ان دونوں یورپی رہنماؤں نے سہ فریقی مشاورت کے لیے یوکرائن کے صدر وولودیمیر سیلنسکی کے ساتھ بھی ویڈیو کانفرنس کے ذریعے گفتگو کی۔ برلن میں ایک جرمن حکومتی ترجمان کے مطابق اس مشاورت کے دوران چاروں سیاست دانوں نے اتفاق کیا کہ ان کی حکومتوں کے وزرائے خارجہ جلد ہی آپس میں ملیں گے۔ مشرقی یوکرائن میں سن دو ہزار چودہ سے جاری تنازعے کے دوران روس نواز علیحدگی پسندوں اور یوکرائن کی فوج کے مابین لڑائی میں اب تک تیرہ سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اطراف کے مابین فائر بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں اکثر دیکھنے میں آتی ہیں۔

[pullquote]عراقی انتخابات کے نتائج، مقتدیٰ الصدر کی تحریک واضح طور پر آگے[/pullquote]

عراق میں اتوار کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے غیر حتمی نتائج کے مطابق شیعہ مذہبی رہنما مقتدیٰ الصدر کی تحریک کو واضح برتری حاصل ہے۔ الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ابتدائی نتائج کے مطابق نئی تین سو انتیس رکنی پارلیمان میں الصدر کی تحریک اب تک ساٹھ سے زائد نشستیں حاصل کر چکی ہے۔ اس الیکشن میں الصدر خود امیدوار نہیں تھے تاہم انہوں نے کہا ہے کہ ان کی تحریک نے یہ الیکشن جیت لیے ہیں۔ انہوں نے ٹیلی وژن پر اپنے خطاب میں دیگر ممالک کو خبردار کیا کہ وہ عراق میں نئی حکومت سازی کے عمل میں مداخلت سے باز رہیں۔ ملکی سیاسی قیادت کے خلاف عوامی مظاہروں کے بعد وزیر اعظم مصطفیٰ القاسمی نے قبل از وقت عام انتخابات کا اعلان کر دیا تھا۔

[pullquote]آسٹریا کے مستعفی ہونے والے چانسلر اب حکمران پیپلز پارٹی کے پارلیمانی حزب کے سربراہ[/pullquote]

آسٹریا میں چند روز قبل مستعفی ہو جانے والے وفاقی چانسلر سباستیان کُرس کو ویانا میں نیشنل کونسل کہلانے والے پارلیمانی ایوان میں قدامت پسند آسٹرین پیپلز پارٹی کے حزب کا نیا سربراہ منتخب کر لیا گیا ہے۔ ان کی جماعت کی طرف سے کیے گئے اعلان کے مطابق پینتیس سالہ کُرس کو اس پارٹی نے خفیہ ووٹنگ کے ذریعے متفقہ رائے سے منتخب کیا۔ وہ جمعرات کو رکن پارلیمان کے طور پر حلف اٹھائیں گے۔ کُرس آسٹرین چانسلر کے عہدے سے اپنے خلاف کرپشن کے الزامات کی چھان بین کے اعلان کے بعد گزشتہ ہفتے کے روز مستعفی ہو گئے تھے۔ وہ اپنے خلاف الزامات کی تردید کرتے ہیں۔ ان کی جگہ کل پیر کے روز آلیکسانڈر شالن برگ نے نئے آسٹرین چانسلر کے طور پر حلف اٹھا لیا تھا۔

[pullquote]رومانیہ میں سرکردہ یورپی سیاست دان کو نئی ملکی حکومت کی تشکیل کی دعوت[/pullquote]

رومانیہ کے وزیر اعظم فلورین چِیتُو کے استعفے کے تقریباﹰ ایک ہفتے بعد ملکی صدر کلاؤس یوہانس نے نئی حکومت کے قیام کے لیے راہ ہموار کر دی ہے۔ انہوں نے اعتدال پسند سیاسی جماعت یو ایس آر کے سربراہ داچان چولوس کو نئی ملکی حکومت کی تشکیل کی دعوت دے دی ہے۔ چولوس اس وقت رومانیہ سے یورپی پارلیمان کے رکن اور ’ری نیو یورپ‘ نامی پارلیمانی حزب کے سربراہ ہیں۔ انہوں نے دو ہزار پندرہ سے دو ہزار سترہ تک اقتدار میں رہنے والی ٹیکنوکریٹ حکومت کی قیادت کی تھی۔ آئندہ دنوں میں بخاریسٹ میں ملکی پارلیمان نے توثیق کر دی، تو داچان چولوس فلورین چِیتُو کے جانشین بن جائیں گے، جن کے خلاف عدم اعتماد کی پارلیمانی تحریک کامیاب رہی تھی۔

[pullquote]کورونا وائرس: جرمنی میں ایک دن میں تقریباﹰ پانچ ہزار نئی انفیکشنز[/pullquote]

جرمنی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی تقریباﹰپانچ ہزار نئی انفیکشنز ریکارڈ کی گئیں۔ وبائی امراض کی روک تھام کے وفاقی ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ نے منگل کی صبح برلن میں بتایا کہ گزشتہ روز ملک بھر میں کووڈ انیس کا باعث بننے والے کورونا وائرس کے چار ہزار نو سو اکہتر نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے۔ اس کے علاوہ کووڈ انیس کے مزید اٹھاسی مریض انتقال کر گئے۔ جرمنی یورپی یونین کا سب سے زیادہ آبادی والا ملک ہے، جہاں کورونا انفیکشنز کی مجموعی تعداد اب تینتالیس لاکھ اٹھارہ ہزار تین سو پچپن اور ہلاک شدگان کی تعداد چورانوے ہزار دو سو ستانوے ہو گئی ہے۔

[pullquote]جرمنی میں ایک چھوٹا نجی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، دو افراد ہلاک[/pullquote]

جرمنی میں زیبن گیبِرگے کے پہاڑی سلسلے میں ایک چھوٹا نجی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔ پیر کے روز پیش آنے والے اس حادثے میں اس طیارے میں سوار دونوں افراد ہلاک ہو گئے۔ پولیس کے مطابق حادثے کی جگہ سے طیارے کا ملبہ اور ہلاک شدگان کی لاشیں مل گئی ہیں، جن کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ یہ ڈبل انجن طیارہ جرمن شہر ہیمبرگ کی طرف پرواز پر تھا۔ ابھی تک حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔

[pullquote]جرمنی نے قطر میں فٹ بال کی عالمی چیمپئن شپ کے لیے کوالیفائی کر لیا[/pullquote]

جرمن قومی فٹ بال ٹیم کی اگلے برس قطر میں ہونے والی فٹ بال کی عالمی چیمپئن شپ میں شرکت یقینی ہو گئی ہے۔ نئے جرمن کوچ ہانسی فلِک کی ٹیم نے اسکوپیئے میں شمالی مقدونیہ کی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں چار گول سے ہرا کر آئندہ ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے گروپ جے میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔ یوں جرمن ٹیم نے قطر میں دو ہزار بائیس کے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ ہانسی فلِک کے جرمن ٹیم کا کوچ بننے کے بعد سے بین الاقوامی میچوں میں جرمنی کی یہ مسلسل پانچویں کامیابی ہے۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے