جمعرات : 21 اکتوبر 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بھارتی وفد کی طالبان رہنماؤں کے ساتھ پہلی باضابطہ ملاقات[/pullquote]

افغانستان کے نئے حالات میں اپنی جگہ بنانے کے لیے بھارت نے سفارتی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ ماسکو میں افغان کانفرنس کے دوران بھارتی وزارت خارجہ کے اعلی افسران نے طالبان کے نائب وزیراعظم سمیت دیگر طالبان رہنماوں کے ساتھ ملاقات کی ہے۔ طالبان کے وزیر اطلاعات و نشریات ذبیح اللہ مجاہد نے اپنی ٹویٹ کے ذریعے اس ملاقات کی خبر دی۔ بھارت نے طالبان کے نائب وزیر اعظم اور دیگر رہنماؤں کے ساتھ اس ملاقات کے بارے میں فی الحال کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ دوسری جانب ایسی اطلاعات ہیں کہ بھارت انسانی ہمدردی کی بنیاد پر افغانستان کے لیے امدادی سامان فراہم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

[pullquote]بھارت اور نیپال میں شدید بارشیں، 180 سے زائد افراد ہلاک[/pullquote]

بھارت اور نیپال میں شدید بارشوں اور مٹی کے تودے گرنے سے کم از کم 180 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ نیپال میں گزشتہ پیر سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک مختلف حادثات میں ننانوے افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔ پولیس کے مطابق چالیس افراد لاپتہ ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔ اسی طرح اس کے ہمسایہ ملک بھارت میں بھی بارشوں، سیلابی ریلوں اور مٹی کے تودے گرنے سے کم از کم اٹھاسی افراد مارے گئے ہیں۔ شدید بارشوں کی وجہ سے متاثرہ علاقوں میں گھروں اور فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

[pullquote]بلقان کی سرحد پر جمع مہاجرین کو پولیس کے تشدد کا سامنا[/pullquote]

یورپی یونین کے ممالک میں ایک نئی زندگی شروع کرنے کی امید رکھنے والے کئی مہاجرین کروشیا اور بوسنیا کی سرحد پر پھنس کر رہ گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ان مہاجرین کو کروشیا کی پولیس کے شدید ناروا سلوک کا بھی سامنا ہے۔ پولیس اہلکار ان مہاجرین کی بے عزتی کے ساتھ ساتھ انہیں مارنے سے بھی گریز نہیں کرتے۔ سرحدی علاقے کے کیمپ کے ان مہاجرین کے ساتھ ایسے سلوک کے بارے میں جرمن جریدے ڈیئر اشپیگل اور فرانسیسی اخبار لبریشن نے مشترکہ طور پر ایک تحقیقی رپورٹ شائع کی ہے۔ یورپی کمیشن نے اس رپورٹ کے حوالے سے واضح کیا ہے کہ مہاجرین کو مارنے جیسے تمام اقدامات غیرقانونی ہیں۔

[pullquote]علاقائی استحکام، روس، چین اور ایران طالبان کے ساتھ مل کر کام کریں گے[/pullquote]

روس، ایران اور چین کے ساتھ ساتھ وسطی ایشیائی ممالک نے طالبان کے ساتھ مل کر خطے میں سیکورٹی کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔ تاہم ان ممالک نے گزشتہ روز ہونے والی ماسکو کانفرنس میں افغانستان کے نئے حکمرانوں سے ’’اعتدال پسند‘‘ پالیسیوں کو نافذ کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ عالمی برادری افغانستان میں خواتین کے حقوق کے حوالے سے خدشات کا شکار ہے۔ مجموعی طور پر اس کانفرنس میں دس ممالک کے نمائندے شریک ہوئے تھے۔ امریکا نے تکنیکی وجوہات کی بنا پر اس میں شامل ہونے سے انکار کر دیا تھا۔

[pullquote]نیٹو اتحاد کے وزرائے دفاع کا برسلز میں اجلاس[/pullquote]

مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے تیس ممالک کے وزرائے دفاع برسلز میں الائنس کے ہیڈ کوارٹر میں ملاقات کر رہے ہیں۔ اس اجلاس میں روس کا مقابلہ کرنے کی حکمت عملی کے ساتھ ساتھ مزاحمت اور دفاعی صلاحیتوں میں بہتری لانے پر گفتگو کی جائے گی۔ یہ کانفرنس ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے، جب نیٹو اور روس کے مابین سفارتی کشیدگی میں کافی اضافہ ہو چکا ہے۔ علاوہ ازیں افغانستان سے نیٹو کے لیے کام کرنے والے عملے کے انخلا کے بارے میں بھی صلاح مشورے کیے جائیں گے۔ نیٹو اتحاد جدید اسلحہ سازی اور مستقبل کی ٹیکنالوجیز کے حوالے سے بھی اپنی حکمت عملی وضع کرے گا۔

[pullquote]سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس، شمالی کوریا پر شدید تنقید[/pullquote]

تازہ بیلسٹک میزائل ٹیسٹ کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے شمالی کوریا کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ سلامتی کونسل کے اراکین فرانس، آئرلینڈ اور ایسٹونیا کے سفیروں کا کہنا تھا کہ یہ میزائل ٹیسٹ شمالی کوریا کی اشتعال انگیزی کا ایک حصہ تھا۔ امریکا اور برطانیہ کا موقف بھی اس سے ملتا جلتا تھا۔ شمالی کوریا کے میزائل ٹیسٹ کے بعد سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا تھا۔ شمالی کوریا پر ممکنہ پابندیوں کے حوالے سے صلاح مشورے بند دروازوں کے پیچھے کیے گئے ہیں۔ تاہم اس حوالے سے کوئی مشترکہ اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا۔

[pullquote]یورپی یونین کا سربراہی اجلاس، پولینڈ کے ساتھ کشیدگی کے سائے[/pullquote]

یورپی یونین اور اس کے رکن ملک پولینڈ کے درمیان اختلافات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ یورپی یونین کے جمعرات سے شروع ہونے والے دور روزہ سربراہی اجلاس میں پولینڈ کے خلاف کارروائی مرکزی موضوع رہے گی۔ جرمن چانسلر خاص طور پر اس حوالے سے پولش وزیراعظم کے ساتھ مذاکرات کرنا چاہتی ہیں۔ دوسری طرف آسٹریا اور لکسمبرگ جیسے دیگر ممالک مالی پابندیوں کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ یورپی کمیشن نے وارسا میں قومی قدامت پسند حکومت پر عدلیہ کی آزادی کو محدود کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ اس سربراہی کانفرنس میں ایندھن کی تیزی سے بڑھتی ہوئی قیمتوں پر بھی بحث کی جائے گی۔

[pullquote]چین کے مبینہ ہائپر سونک میزائل پر امریکی صدر کی تشویش[/pullquote]

امریکی صدر جو بائیڈن نے چین کی ہائپرسونک میزائل صلاحیتوں پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ معروف اخبار فنانشل ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق اگست میں کیے جانے والے ایک ٹیسٹ میں ایٹمی صلاحیت کے حامل ایک راکٹ کو لانچ کیا گيا، جس نے تقریبا کرہ ارض کا چکر لگایا۔ تاہم رپورٹ کے مطابق یہ میزائل اپنے ہدف تک پہنچنے میں ناکام رہا۔ اس ٹیسٹ نے امریکی انٹیلی جنس کو بھی حیرت زدہ کر دیا تھا۔ دوسری جانب چین نے اس رپورٹ کو مسترد کر دیا ہے۔ ہائپر سونک ہتھیار فضا کے بالائی حصے میں آواز کی رفتار سے بھی تیز تقریباﹰ چھ ہزار دو سو کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرتے ہیں۔

[pullquote]برطانیہ نے ایک اور آزاد تجارتی معاہدہ کر لیا[/pullquote]

کئی مہینوں کے مذاکرات کے بعد برطانیہ نے نیوزی لینڈ کے ساتھ ایک آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔ یہ بالکل ویسا ہی معاہدہ ہے، جیسا برطانیہ نے جون میں آسٹریلیا کے ساتھ کیا تھا۔ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے اسے ایک عظیم تجارتی معاہدہ قرار دیا ہے۔ یہ معاہدہ نافذ العمل ہونے کے بعد دونوں ممالک اپنی ستانوے فیصد برآمدی مصنوعات پر کسٹم ڈیوٹی ختم کر دیں گے۔ یورپی یونین سے علیحدگی کے بعد سے برطانیہ نئے معاشی اتحادیوں کی تلاش میں ہے۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے