ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ہارر (ڈراؤنی) فلمیں دیکھنا آپ کے لیے بہت نقصاندہ ہوسکتا ہے وجہ یہ ہےکہ ڈراؤنی فلمیں دیکھنے سے خون میں فیکٹر 8 پروٹین کی مقدار بڑھنے لگتی ہے جس سے خون گاڑھا ہوسکتا ہے اور کئی امراض کا سبب بن سکتا ہے۔
ایک عرصے سے ڈاکٹر یہ کہتے رہے ہیں کہ مسلسل خوف خون کو گاڑھا کردیتا ہے لیکن اب اس کی وجوہات تلاش کرلی گئی ہیں، ہالینڈ کی لائیڈن یونیورسٹی نے اس کے لیے 24 تندرست لوگوں کا جائزہ لیا جن کی عمر زیادہ سے زیادہ 30 برس تھی۔ ان میں سے 14 کو پہلے ایک ڈراؤنی فلم ( دکھائی گئی اور پھر ایک ڈاکیومینٹری جب کہ باقی 10 افراد کو اس کی الٹی ترتیب میں دونوں فلمیں دکھائی گئیں۔
دونوں گروپ کو ایک ہفتے کے وقفے سے یہ فلمیں ایک آرام دہ ماحول میں دکھائی گئیں اور اس کے بعد ان کے خون کے نمونے لیے گئے اور فلم میں ان کے خوفزدہ ہونے کو 1 سے 10 نمبر دینے کو کہا گیا جسے ایک سوالنامے میں درج کرنا تھا۔ اس میں ڈراؤنی فلم دیکھنے والوں 57 فیصد افراد کے خون میں فیکٹر 8 کی سطح بلند ہوگئی اور جیسے ہی انہیں دستاویزی فلم دکھائی گئی 86 فیصد کے خون میں فیکٹر 8 کم ہوگیا۔
اس بنیاد پر ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ بہت ذیادہ ڈراؤنی فلمیں دیکھنے سے گریز کیا جائے کیونکہ ان کے مضر جسمانی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔