امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمران نج کاری کی آڑ میں پاکستان کو فروخت کررہے ہیں، آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی ایماءپر قومی اداروں کی نیلامی کی جارہی ہے،پاکستان کے مزدور خود کو تنہا نہ سمجھیں ہم خون کے آخری قطرے اور آخری سانس تک محنت کشوں کا ساتھ دیں گے۔اسلامی نظام کے ذریعے ہی محنت کشوں کو فلاح اور کامیابی حاصل ہوگی اور پاکستان میں بھی خوشحالی آئے گی۔ ریلوے اسٹیڈیم کراچی سٹی اسٹیشن پر عظیم الشان ”اینٹی نج کاری مزدور کنونشن “سے خطاب کرتے ہوئے
سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ وہ خود ایک مزدور کے بیٹے ہیں اور خود انہوں نے تعلیم کے حصول کے لیے محنت اور مزدوری کی ہے۔مزدوروں کے مسائل ان سے بہتر کوئی نہیں جانتا۔سراج الحق نے کہا کہ بڑے بڑے مگر مچھ اقتدار کے محلوں اور اسمبلیوں میں بیٹھے ہوئے ہیں اور محنت کشوں کا استحصال کررہے ہیں۔محنت کشوں کو اپنے حقوق کے لیے بغیر کسی رنگ ونسل اور تفریق کے متحد ہونا ہوگا۔اسٹیل مل۔ پی آئی اے ریلوے اور واپڈا کی تباہی کے ذمہ دار کرپٹ حکمران ہیں۔
محنت کشوں کا قومی اداروں کی تباہی میں کوئی ہاتھ نہیں ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ کارخانے کے منافع میں اور کھیت کے منافع میں مزدور اور کسان کو بھی شامل کیا جائے۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کا آئین غریبوں کو مکان ،تعلیم اور صحت کی فراہمی کا حق دیتا ہے لیکن نااہل حکمرانوں نے غریبوں کا استحصال کیا ہے اور قائد اعظم کی رحلت کے بعد سے ہی اس ملک پر کرپٹ نوکر شاہی ،جاگیرداروں ،طالم وڈیروں اور سرمایہ داروں کا قبضہ ہوگیا۔انہوںنے کہا کہ کراچی میں عظیم الشان مزدور کنونشن قومی اداروں کی نج کاری کے خلاف جماعت اسلامی کی تحریک کا آغاز ہے یہ کنونشن مزدوروں کے اتحاد ویکجہتی اور ان کی قوت اور طاقت کا اظہار ہے۔ جو مزدور وں سے ٹکرائے گا وہ پاش پاش ہوجائے گا۔
وزیر اعظم نواز شریف مسلمانوں کے دشمن نریندر مودی کو فون کرکے دوستی کررہے ہیں۔وزیر اعظم صاحب کو دوستی مودی سے نہیں بلکہ اپنے ملک کے عوام اور مزدوروں سے کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ میںنج کاری کے خلاف تحریک اور جدو جہد میں مزدوروں کے ساتھ کھڑا ہوں مزدوروں کے ساتھ جینا اور مرنا چاہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سودی نظام نے معیشت کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے سودی نظام کے خلاف جدو جہد کرنا جہاد ہے۔انہوں نے کہا کہ 5ماہ ہوگئے ہیں۔ اسٹیل مل کے محنت کشوں کو ابھی تک تنخواہیں نہیں ملی ہیں وزیر اعظم کے دل میں گوشت کاٹکڑا نہیں بلکہ لوہے کا ٹکڑا ہے۔