تہران……وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور ایران ایک دوسرے کو دشمن نہیں سمجھتے،دونوں ممالک میں کشیدگی کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے، مسلم امہ کے درمیان اتحاد اوریکجہتی ہونی چاہیے۔
وزیراعظم نوازشریف نے تہران میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مزید کہا کہ سعودی عرب اور ایران ہمارے بھائی ہیں،دونوں کو دہشت گردی کے خطرےکا ادراک ہے،قرآن کریم کا فرمان ہے 2مسلمان بھائی لڑیں تو ان کی صلح کراؤ، سعودی عرب اور ایران تنازع کا خاتمہ مقدس مشن ہے،امن مشن کا فیصلہ پاکستان نے خود کیا۔
انہوں نے کہا کہ دورے سے بہت مطمئن ہوں، دونوں ممالک کے درمیان صلح ہونی چاہیے،دہشت گردی اور انتہا پسندی ہماری اس وقت سب سے بڑی دشمن ہیں،دونوں ممالک سے بات چیت سے حوصلہ ملا ہے،سعودی عرب اورایران نے ہمارے مؤقف کی تائید کی ہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان اور ایران اپنے فوکل پرسن مقرر کریں گے، جبکہ فوکل پرسن مقرر کرنے کیلئے سعودی عرب سے بھی بات کریں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دونوں برادرملکوں نے ہماری کوششوں کو سراہاہے،سعودی عرب نے کہا ہے کہ ایران سے ہماری کوئی دشمنی نہیں،ایران نے بھی کہا ہے کہ کسی طرح کی کشیدگی نہیں چاہتے،دونوں جانب سے کچھ تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان ایران اورسعودی عرب کی میزبانی کرنا چاہتا ہے، اس حوالے سے ایران نے آمادگی ظاہرکردی ہے، سعودی عرب سے بھی رائے لیں گے،1997ء میں بھی سعودی اور ایرانی قیادت کی ملاقات کرائی تھی۔