ٹک ٹاک ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جس پر مختلف ٹرینڈز وائرل ہوتے رہتے ہیں مگر کبھی کسی نے سوچا بھی نہیں ہوگا کہ وہ کسی ملک میں کھیروں کی قلت کا باعث بھی بن سکتا ہے۔
جی ہاں واقعی ٹک ٹاک پر ایک وائرل ریسیپی کے نتیجے میں یورپی ملک آئس لینڈ میں کھیروں کی مانگ اتنی زیادہ بڑھ گئی کہ اس سبزی کا حصول مشکل ہوگیا ہے۔
ایک صارف Logan Moffitt کی کھیروں پر مبنی ایک سلاد کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس کے بعد سے وہاں کے کسانوں کو اس سبزی کی طلب پوری کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
وہاں کے کسانوں کی نمائندگی کرنے والی Horticulturists Sales Company کے مطابق ہمیں صارفین کی طلب پوری کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
کمپنی کی ترجمان نے بتایا کہ ٹک ٹاکر کی ویڈیو میں استعمال کیے جانے والے دیگر اجزا کی مانگ بھی بڑھ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پہلی بار ہے جب ہمیں اس طرح کا تجربہ ہو رہا ہے، البتہ اگر ایسا کچھ ماہ پہلے ہوا ہوتا، جب کھیروں کی کاشت عروج پر تھی تو کوئی خاص فرق نہیں پڑتا۔
آئس لینڈ کے دارالحکومت Reykjavik میں رہنے والے افراد کے مطابق مقامی مارکیٹوں میں کھیرے دستیاب ہی نہیں جو حیرت انگیز ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک ایسی چیز ہے جو کبھی آئس لینڈ میں ختم نہیں ہوتی مگر اب وہ دستیاب نہیں۔
ٹک ٹاک ویڈیو سے صرف کھیروں کی مانگ ہی نہیں بڑھی بلکہ اسے دیکھنے والے افراد کے لیے بھی خطرہ بھی بڑھا ہے۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ ویڈیو میں جس طرح کھیروں کو کاٹا گیا، اس کی نقل کرتے ہوئے متعدد افراد زخمی ہوچکے ہیں۔