نادرا ہیڈ کوارٹر میں اجلاس اور نادرا افسران ہی ‘غائب’

اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے ہیڈ کوارٹر میں ادارے کے معاملات سے متعلق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے اہم اجلاس میں نادرا کے کسی افسر نے شرکت ہی نہیں کی۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس رانا شمیم احمد خان کی زیر صدارت ہوا، جس میں ملک کے چند علاقوں میں کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (سی این آئی سی) کے حصول کے سلسلے میں پیش آنے والی مشکلات کا معاملہ زیر بحث آیا۔

اجلاس کے دوران جب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما ڈاکٹر عارف علوی نے اس حوالے سے نادرا حکام سے جواب طلب کیا تو معلوم ہوا کہ اپنے ہی ہیڈ کوارٹر میں ہونے والے اجلاس میں نادرا کی نمائندگی کرنے کے لیے حیران کن طور پر کوئی افسر موجود ہی نہیں ہے۔

اس موقع پر کمیٹی اراکین نے نادرا کے کسی نمائندے کے موجود نہ ہونے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں چیئرمین نادرا یا ادارے کے کسی اور نمائندے کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے گا۔

اجلاس کے دوران غیر ملکی پناہ گزینوں کو غیر قانونی پر شناختی کارڈ کے اجراء کے حوالے سے نادرا ملازمین کی برطرفی کے معاملے کی تحقیقات کے لیے ذیلی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی۔

نواز محمد یوسف اس ذیلی کمیٹی کے کنوینر ہوں گے، جبکہ غالب خان، مخدوم سید علی حسین گیلانی اور نعیمہ کشور خان اس کے اراکین میں شامل ہوں گے۔

ذیلی کمیٹی میں محمد اسلم بودلہ اور ملک عبد الغفار کو بھی خصوصی طور پر شامل کیا گیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے