یمن کے دارالحکومت صنعا پر امریکی فضائی حملوں میں 12 افراد جاں بحق ہوگئے۔
یمن کے حوثی باغیوں کی وزارت صحت کے مطابق اتوار کی رات امریکا نے دارالحکومت صنعا کے ضلع فروا میں ایک بازار اور رہائشی علاقے پر بمباری کی جس کے نتیجے میں کم از کم 12 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہو گئے۔
یمنی خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ اتوار کی رات وسطی صوبہ مارب، مغربی شہر الحدیدہ اور شمالی علاقے صعدہ میں بھی امریکی فضائی حملے کیے گئے۔ان حملوں میں جانی نقصان کی اطلاعات فی الحال موصول نہیں ہوئیں۔
یاد رہے کہ امریکی فوج یمن پر گزشتہ ایک ماہ سے تقریباً روزانہ کی بنیاد پر فضائی کارروائیاں کر رہی ہے۔
امریکا کا کہنا ہے کہ وہ حوثی دہشت گردوں کو نشانہ بنا رہی ہے تاکہ خلیج میں بین الاقوامی جہاز رانی پر حملے روکے جا سکیں۔
اس سے قبل جمعرات کو یمن کی راس عیسیٰ آئل پورٹ پر فضائی حملے میں 80 افرادجاں بحق جبکہ 150 زخمی ہوگئے تھے۔
دوسری جانب حوثی باغی بھی نہ صرف امریکی فوجی جہازوں کو نشانہ بنا چکے ہیں بلکہ اسرائیل پر بھی حملے کر چکے ہیں۔
حوثی باغی ان کارروائیوں کو غزہ کے فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی قرار دیتے ہیں۔