سری نگر: بھارت نے اسرائیلی طرزِ عمل اپناتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں آزادی پسند کشمیریوں کے مکانات گرانے کا سلسلہ شروع کردیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز نے گزشتہ چند روز میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں کم از کم 11 مکانات کو دھماکا خیز مواد سے تباہ کردیا۔ ان کارروائیوں میں نہ صرف نشانہ بنائے گئے گھر برباد ہوئے بلکہ آس پاس کی دیگر عمارتیں بھی شدید متاثر ہوئیں۔
ماہرین اور ناقدین کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج اسرائیلی حکمت عملی کی نقل کرتے ہوئے کشمیری عوام کو بے گھر کرنے اور مزاحمت کا حوصلہ توڑنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
ادھر مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے بھارتی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ عام کشمیریوں کے گھروں کو بھی دہشت گردوں کے گھروں کے ساتھ تباہ کر رہی ہے۔
محبوبہ مفتی نے مطالبہ کیا کہ بھارتی حکومت دہشت گردوں اور بے گناہ شہریوں میں فرق کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہزاروں افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے اور متعدد معصوم کشمیریوں کے مکانات بلاجواز تباہ کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے حکام پر زور دیا کہ معصوم شہریوں کو ان کارروائیوں کے نقصان سے محفوظ رکھا جائے۔