10 مئی 2025 کا روشن اور تابناک دن تاریخ میں ہمیشہ ہمیشہ کے لیے رقم ہوگیا۔ دنیا نے اللہ کے شیروں اور پاکستان کے جانباز شاہینوں کا منہ توڑ جواب اچھی طرح دیکھ اور بھارت نے سہہ لیا۔ دس مئی کو علی الصبح ائیر فورس کے شاہینوں نے بھارت کے سترہ فوجی تنصیبات کو کامیابی سے نشانہ بنا کر بخیریت واپس لوٹے ہیں۔ اس کارروائی میں بھارت کے کئی ائیر بیسز اور ائیر فیلڈز تباہ ہوگئے جبکہ کئی اہم افراد بھی جان سے گزر گئے۔
پاکستان نے بھارت کے خلاف جوابی کارروائی شروع کرتے ہوئےآپریشن "بنیان مرصوص” کا آغاز کر دیا۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت پاکستان کی بھارت کے خلاف جوابی کارروائی جاری ہے اور بھارت میں متعدد اہداف کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق فجر کے وقت دشمن کے خلاف آپریشن "بنیان مرصوص” کا باقاعدہ آغاز کیا گیا اور بھارت پر فتح ون میزائل فائر کیا گیا ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ پاکستان کی جانب سے بیاس کے علاقے میں براہموس اسٹوریج سائٹ اور پٹھان کوٹ میں ائیر فیلڈ کو بھی تباہ کر دیا گیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کے ادھم پور ائیربیس کو 3 میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔
آپریشن "بنیان مرصوص” آج پاکستان ائیر فورس نے بھارت کے گزشتہ دنوں ایک حد درجہ بزدلانہ اور وحشیانہ حملے کے جواب میں لانچ کیا تھا، جس میں آزاد کشمیر اور بہاولپور کے کئی مقامات پر مساجد، خواتین، بچوں اور نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا گیا تھا، دو روز قبل قومی سلامتی کونسل کے اجلاس میں اعلیٰ قیادت نے فوجی حکام کو بھرپور جواب دینے کا اختیار دیا تھا۔ سیاسی اور فوجی قیادت نے ملکی خودمختاری اور سالمیت پر کسی بھی مصلحت آمیزی سے کام نہ لینے کا دو ٹوک موقف اختیار کیا تھا۔
قوم نے اس نازک موقع پر زبردست اتحاد اور یک جہتی کا زبردست مظاہرہ کرتے ہوئے اعلیٰ قیادت پر واضح کردیا تھا کہ ملک کے سلامتی اور تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے اور اس معاملے میں کسی بھی عالمی یا علاقائی مصلحت سے قطعاً کام نہ لیا جائے۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کل 9 مئی کو "یوم عزم” کے موقع پر کہا تھا کہ "قومی سلامتی کا تقاضا ہے کہ بھارت کو اپنے جارحانہ عزائم اور کاروائیوں پر بھرپور جواب دیا جائے”۔
اس قادر مطلق ہستی کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ جس نے ہمیں یہ پاک وطن عطا فرمایا۔ پاکستان محض ایک خطۂ زمین نہیں، بلکہ لاکھوں شہیدوں کی قربانیوں کا ثمر، دو ارب نفوسِ پر مشتمل امتِ مسلمہ کی آرزوں کا مرکز، اور ہم سب کے ایمان و عزت کی پہچان ہے۔ اس کی حفاظت صرف فوج کی ذمہ داری نہیں، بلکہ ہر ہر پاکستانی کا فرضِ اولین ہے۔
فوج اور قوم — ایک جان دو قالب:
پاکستان کی تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی دشمن نے ہماری سرزمین پر نظر اٹھائی، قوم اور فوج نے شیر و شکر ہو کر اس کا دندان شکن جواب دیا۔ کشمیر کی پہاڑیوں سے لے کر ساحلِ کراچی تک، سیاچن کی برفانی چوٹیوں سے لے کر سرحد کے دیہات تک، ہمارا اتحاد ہی ہماری اصل طاقت ہے۔ فوج کے جوان اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں، تو عوام اپنی اولاد، اپنے جذبات، اپنی دولت، اور اپنی دعاؤں سے ان کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔ یہی وہ مضبوط رشتہ ہے جو کہ مملکت خدا داد پاکستان کو ناقابلِ تسخیر بناتا ہے۔
قربانیوں کی روایت:
ہمارے شہیدوں نے یہ سبق دیا ہے کہ وطن کی محبت ایمان کا حصہ ہے۔ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح نے ایک موقع پر فرمایا تھا کہ "پاکستان صرف ایک ملک نہیں، بلکہ اسلامی اقدار کا محافظ ہے۔” اس طرح شہید لیاقت علی خان نے زندگی کے بالکل آخری لمحوں میں دعا کیا تھا "یا اللہ پاکستان کی حفاظت فرما” سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو نے کہا کہ "بھارت کے ساتھ پاکستان کی خاطر ضروری ہوا تو ہزار سال تک لڑیں گے”، اس طرح بانی جماعت اسلامی پاکستان اور اس دور کے عظیم مصلح مولانا سید ابو الاعلیٰ مودودی رحمہ اللہ نے کہا تھا کہ "ہمارے لیے پاکستان، مسجد کی طرح مقدس اور محترم ہے”۔ مندرجہ بالا خیالات کا اظہار اس بات کی عکاسی کر رہا ہے کہ پاکستان محض ایک خطہ اراضی کا نام نہیں بلکہ یہ ایک ایمانی، نظریاتی، اخلاقی اور الہامی صداقتوں کا مرکز بھی ہے۔ یہ ثابت کرتا ہے کہ پاکستان کی بقا اور سلامتی کے لیے قربانی دینا عین عبادت ہے۔ آج بھی ہمارے جوان، سیکورٹی فورسز اور عوام ہر دم آگے بڑھ کر بزبان حال یہ پیغام دیتے ہیں کہ "ہم زندہ قوم ہیں، پائندہ قوم ہیں، ہماری زمین کے کسی ایک ذرے پر بھی آنچ نہیں آنے دیں گے!”
آئیے! آج ہم چند نکات پر مشتمل ایک عہد کریں کہ:
1. ہر قسم کے بیرونی حملوں اور اندرونی فتنوں کے خلاف ایک آواز ہوں گے۔
2. افواہوں، انتشار اور خود غرضی کو اپنے اتحاد پر کبھی بھی حاوی نہیں ہونے دیں گے۔
3. فوج، جو ہمارے سینے کا زیور ہے، جو ہمارے ماتھے کا جھومر ہے، جو ہمارا فخر ہے اور جو ہماری سلامتی کی سب سے پہلی اور گہری لکیر ہے۔ اس کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کریں گے۔
4. اپنی جوان نسل کو حب الوطنی اور جذبۂ شہادت سے روشناس کرائیں گے۔
اے اللہ! ہمارے وطن پاکستان کو ہر شر سے محفوظ فرما۔ ہماری فوج کو تیری خاص نصرت عطا فرما، عوام کو اتحاد کی دولت سے نواز، اور ہمیں اپنے وطن کی خاطر قربانی دینے والوں میں شمار فرما۔ آمین!
پاکستان زندہ باد! پاک فوج پائندہ باد