ایران میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کیلئے پی آئی اے کی خصوصی پروازیں شروع

کراچی:ایران میں پھنسے پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی کے مشن کا آغاز ہوگیا ہے اور پاکستان انٹرنیشنل ایئر (پی آئی اے) نے ایران میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے خصوصی پروازوں کا آپریشن شروع کر دیا ہے۔

پی آئی اے ذرائع نے بتایا کہ پی آئی اے کا خصوصی طیارہ ترکمانستان کے دارالحکومت اشک آباد روانہ ہوگیا ہے جبکہ ایرانی شہر مشہد سے 150 پاکستانیوں کو ترکمانستان کے دارالحکومت اشک آباد پہنچایا گیا ہے، جنہیں ایران سے اشک آباد پہنچنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

ذرائع نے بتایا کہ کئی روز سے ایران میں پھنسے ان پاکستانیوں کو اشک آباد سے لے کر خصوصی پرواز رات واپس پاکستان پہنچے گی۔

ایرانی فضائی حدود کی بندش کی وجہ سے پاکستانی ایران میں پھنسے ہوئے تھے تاہم ایران میں پاکستانی سفارت خانے کے حکام کی مدد سے ہم وطنوں کو پہلے اشک آباد پہنچانے کے انتظامات کیے گئے ہیں۔

ذرائع پی آئی اے نے مزیدبتایا کہ مزید پروازوں کے لیے حکومتی ہدایت پر پی آئی اے اپنا خصوصی فلائٹ آپریشن جاری رکھے گا۔

پاکستان کا ایران میں تعینات سفارتکاروں کے اہل خانہ اور غیر ضروری عملے کے انخلا کا فیصلہ

پاکستان نے ایران میں تعینات سفارت کاروں کے اہل خانہ اور غیر ضروری عملے کے انخلا کا فیصلہ کرلیا۔

سینیئر عہدیدار دفتر خارجہ کے مطابق سفارتی عملے کے خاندانوں کو ایران سے نکالا جا رہا ہے اور کچھ غیر ضروری عملہ بھی ایران سے واپس بلایا جا رہا ہے۔

سینیئرعہدیدار دفتر خارجہ نے بتایاکہ تہران میں پاکستانی سفارتخانہ اور قونصل خانے معمول کے مطابق کام کرتے رہیں گے اور ایران میں موجود پاکستانی مشن بدستور فعال رہیں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں اعلیٰ عسکری قیادت اور متعدد ایٹمی سائنسدان شہید ہوئے۔ اس کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان جنگ جاری ہے اور اسرائیلی حملوں میں اب تک 227 افراد شہید ہوچکے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے