فیصل آباد:فیصل آباد میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے تین پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔ سی پی او فیصل آباد کے مطابق اہلکاروں کو ٹارگٹ کر کے نشانہ بنایا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں سرگودھا روڈ پر میراں والا بنگلہ کے قریب پٹرولنگ پولیس کی وین پر دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اے ایس آئی عمران اور کانسٹیبل اشفاق موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
زخمی کانسٹیبل رفاقت کو الائیڈ ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا۔ سی پی او افضال کوثر کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق تینوں اہلکار گاڑی میں موجود تھے، ملزموں نے انہیں ٹارگٹ کر کے نشانہ بنایا۔
وزیراعلیٰ شہباز شریف نے آئی جی پنجاب سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کو فی الفور گرفتار کرنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں۔ پولیس نے ملزمان کی تلاش کیلئے شہر بھر میں ناکہ بندی کردی ہے۔