اسلام آباد: حکومت نے پاسپورٹ کے اجراء کو مکمل طور پر ای پاسپورٹ پر منتقل کرنے اور ہوم ڈلیوری شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیرصدارت پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ہیڈکوارٹرز میں اجلاس ہوا جہاں پاسپورٹ کے اجراء کو مکمل طور پر ای پاسپورٹ پر منتقل کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ بیرون ملک و اندرون ملک پاسپورٹ کی ہوم ڈلیوری کے لیے ابتدائی کام مکمل ہے، شہریوں کو پاسپورٹ ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کا عمل جلد شروع کیا جائے گا جب کہ پریمیم سروسز کے لیے پاسپورٹ پر ہونے والے اخراجات کے مطابق فیس ادا کرنا ہو گی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یکم جولائی سے پاسپورٹ دفاتر میں کیش لیس نظام نافذ کیا جائے گا اور آن لائن پاسپورٹ درخواستوں کو پاک آئی ڈی کے پلیٹ فارم پر منتقل کیا جائے گا۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ای پاسپورٹ پر مکمل منتقلی سے پاسپورٹ کے ضمن میں فراڈ اور جعلسازی کا خاتمہ ہو گا، بزنس پاسپورٹ پر پالیسی کو ایف بی آر کی مشاورت سے جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔