پیٹرول اور ڈیزل کی موجودہ قیمتوں میں شامل ٹیکسوں کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں، جن کے مطابق دونوں ایندھن کی فی لیٹر قیمت کا تقریباً 29 فیصد حصہ مختلف ٹیکسوں اور لیویز پر مشتمل ہے۔
ذرائع کے مطابق ایک لیٹر پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 88 روپے 7 پیسے ٹیکس شامل ہیں۔ اس رقم میں 19 روپے 32 پیسے کسٹم ڈیوٹی، 66 روپے 25 پیسے پیٹرولیم لیوی اور 2 روپے 50 پیسے کلائمیٹ سپورٹ لیوی شامل ہے۔
اسی طرح ایک لیٹر ڈیزل کی قیمت میں 91 روپے 15 پیسے کے ٹیکس نافذ ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیزل پر 15 روپے 68 پیسے کسٹم ڈیوٹی، 72 روپے 97 پیسے پیٹرولیم لیوی اور 2 روپے 50 پیسے کلائمیٹ سپورٹ لیوی وصول کی جا رہی ہے۔
ذرائع پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل دونوں کی قیمتوں میں ٹیکسوں کا تناسب تقریباً 29 فیصد بنتا ہے۔
یاد رہے کہ حکومت نے گزشتہ روز پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان کیا تھا۔ کمی کے بعد پیٹرول کی قیمت 74 روپے 28 پیسے کم ہو کر 299 روپے 50 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت 67 روپے 31 پیسے کم ہو کر 311 روپے 47 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔