آر ٹی او پشاور نے محصولات کی وصولی میں نیا ریکارڈ قائم کر دیا

پشاور: ریجنل ٹیکس آفس (آر ٹی او) پشاور نے مالی سال کے اختتام پر محصولات کی وصولی میں تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے 62.5 ارب روپے قومی خزانے میں جمع کرا دیے، جو مقررہ 58 ارب روپے کے ہدف سے نمایاں طور پر زیادہ ہیں۔

چیف کمشنر آر ٹی او پشاور محمد تقی قریشی کے مطابق ادارے نے نہ صرف اپنا ریونیو ہدف حاصل کیا بلکہ تمام اہم شعبوں میں نمایاں بہتری بھی ریکارڈ کی۔ تازہ ترین بزنس انٹیلیجنس (BI) ڈیٹا کے مطابق آر ٹی او پشاور کی مجموعی محصولات میں ماہانہ بنیاد پر 56.5 فیصد اضافہ ہوا۔

اعداد و شمار کے مطابق انکم ٹیکس کی وصولی میں 93 فیصد جبکہ سیلز ٹیکس کی وصولی میں 43 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جسے ادارے کی کارکردگی میں ایک غیر معمولی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

چیف کمشنر محمد تقی قریشی نے اس موقع پر کہا کہ یہ کامیابی اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم، افسران اور عملے کی شبانہ روز محنت اور مؤثر انفورسمنٹ حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ محصولات کی وصولی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے، مؤثر نگرانی اور ریونیو ذرائع کے جامع تجزیے نے اس تاریخی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ آر ٹی او پشاور قومی محصولات میں اپنا کردار مزید مؤثر بنانے اور محصولات کی وصولی میں اسی رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

ذرائع کے مطابق 62.5 ارب روپے کی وصولی آر ٹی او پشاور کی تاریخ کی بلند ترین سالانہ وصولیوں میں شمار کی جا رہی ہے، جس کے بعد یہ دفتر قومی ریونیو نظام کے نمایاں کارکردگی دکھانے والے اداروں میں شامل ہو گیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے