سعودی عرب نے ایشیائی مارکیٹ کے لیے خام تیل کی قیمتوں میں توقعات سے زیادہ کمی کا اعلان کر دیا، جس کے بعد عالمی تیل مارکیٹ میں بھی قیمتوں پر دباؤ دیکھنے میں آیاہے۔
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی سرکاری تیل کمپنی آرامکو نے آئندہ ماہ سے ایشیائی خریداروں کے لیے اپنے عرب لائٹ خام تیل کی قیمت میں 1.1 ڈالر فی بیرل کمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد سعودی عرب کا عرب لائٹ خام تیل علاقائی بینچ مارک کے مقابلے میں 1.50 ڈالر فی بیرل رعایت پر فروخت کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق آرامکو کی جانب سے کی جانے والی یہ کمی ماہرین کی پیش گوئی سے زیادہ ہے۔ اس سے قبل بلومبرگ کے ایک سروے میں قیمت میں تقریباً 0.80 ڈالر فی بیرل کمی کا امکان ظاہر کیا گیا تھا، تاہم سعودی عرب نے موجودہ مارکیٹ صورتحال اور طلب و رسد کے تناظر میں اس سے بڑی کمی کا اعلان کیا۔
دوسری جانب کاروباری ہفتے کے آغاز پر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بھی کمی کا رجحان دیکھا گیا۔
بلومبرگ کے مطابق پیر کے روز امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل کے سودے 0.60 ڈالر کمی کے بعد 68.09 ڈالر فی بیرل جبکہ برینٹ خام تیل کے سودے 0.71 ڈالر کمی کے بعد 71.41 ڈالر فی بیرل پر طے پائے۔ مختلف بینچ مارکس کے تحت برینٹ خام تیل کے سودے 71.49 ڈالر سے 72.45 ڈالر فی بیرل کے درمیان ریکارڈ کیے گئے۔
یاد رہے ایران اور امریکی جنگ کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، جس وجہ سے حکومت پاکستان نے بھی گزشتہ جمعے کو ہفتہ واری قیمتوں میں ردوبدل کرتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی 1.97 روپے کی کمی کی تھی۔