امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ میں ٹک ٹاک پر سب سے زیادہ فالو کی جانے والی بااثر شخصیت ہوں، جبکہ عالمی شہرت یافتہ پاپ گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ مجھ سے کافی پیچھے ہیں۔
حال ہی میں وائٹ ہاؤس میں میڈیا بریفنگ کے دوران ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2 روز قبل نئے اعداد و شمار جاری ہوئے ہیں، کیا آپ جانتے ہیں کہ ٹک ٹاک پر پہلے نمبر پر کون ہے؟ ٹرمپ یعنی میں، میں پہلے نمبر پر ہوں، ٹیلر سوئفٹ گیارہویں نمبر پر ہیں، میں بہت بڑے مارجن سے پہلے نمبر پر ہوں، تاہم، ٹرمپ کے اس دعوے کی عوامی طور پر دستیاب اعداد و شمار سے تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
7 جولائی تک دستیاب اعداد و شمار کے مطابق ٹرمپ کے سرکاری ٹک ٹاک اکاؤنٹ کے تقریباً 1 کروڑ 66 لاکھ (16.6 ملین) فالوورز ہیں، جبکہ ان کی ویڈیوز کو مجموعی طور پر 12 کروڑ 18 لاکھ (121.8 ملین) لائکس مل چکے ہیں۔
اس کے برعکس ٹیلر سوئفٹ کے تقریباً 3 کروڑ 35 لاکھ (33.5 ملین) فالوورز ہیں، جبکہ ان کی نسبتاً کم تعداد میں شیئر کی گئی ویڈیوز کو 27 کروڑ 40 لاکھ (274 ملین) سے زائد لائکس حاصل ہو چکے ہیں۔
مزید یہ کہ ٹرمپ اور ٹیلر سوئفٹ میں سے کوئی بھی ٹک ٹاک کا سب سے زیادہ مقبول اکاؤنٹ نہیں رکھتا۔
اس پلیٹ فارم پر سرِ فہرست مقبول تخلیق کاروں میں خابی لیم، چارلی ڈی اَمیلیو اور مسٹر بیسٹ شامل ہیں، جن کے فالوورز کی تعداد ٹرمپ اور ٹیلر سوئفٹ دونوں سے کہیں زیادہ ہے۔