کراچی: کمشنر کراچی سید حسن نقوی اور فلور ملز مالکان کے درمیان ہونے والے اہم مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد کراچی شہر میں آٹے کی ایکس مل قیمت میں 8 روپے فی کلو کمی کرنے پر اتفاق کر لیا گیا۔ فیصلے کے تحت آٹے کی ایکس مل قیمت 133 روپے سے کم ہو کر 125 روپے فی کلو مقرر کر دی گئی، جس پر فوری طور پر عمل درآمد شروع کرنے کا اعلان کیا گیا۔
مذاکرات کے دوران فلور ملز مالکان نے انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے شہریوں کو مناسب نرخوں پر آٹا فراہم کرنے کے لیے مختلف علاقوں میں فیئر پرائس اسٹالز لگانے پر بھی اتفاق کیا۔
کمشنر کراچی کا کہنا تھا کہ اس فیصلے کا مقصد شہریوں کو مہنگائی کے بوجھ سے ریلیف فراہم کرنا اور مارکیٹ میں آٹے کی مستحکم فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ سرکاری نرخوں پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے اور ذخیرہ اندوزی یا ناجائز منافع خوری کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل فلور ملز مالکان نے سرکاری نرخوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ناقابلِ عمل قرار دیا تھا، جس کے باعث آٹے کے ممکنہ بحران کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا۔ تاہم کامیاب مذاکرات کے بعد دونوں فریقوں کے درمیان اتفاق رائے ہونے سے بحران ٹل گیا اور شہریوں کے لیے ریلیف کی راہ ہموار ہوئی۔