پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ صوبائی یوتھ پالیسی 2026 نوجوانوں کو ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنے کی ضمانت بنے گی، جبکہ نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور کاروبار کے یکساں مواقع فراہم کرکے ان کی صلاحیتوں کو نکھارا جائے گا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت یوتھ پالیسی 2026 سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں پالیسی کے مختلف پہلوؤں اور نوجوانوں کی فلاح و ترقی کے لیے مجوزہ اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے جوان مراکز کے مجوزہ گورننگ بورڈ میں عوامی نمائندوں کو شامل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے زیر تعمیر جوان مراکز کو جلد از جلد مکمل اور فعال بنانے کے احکامات جاری کیے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے اسٹارٹ اپس، کیریئر گائیڈنس، تربیتی پروگراموں، کھیلوں اور ٹیلنٹ کی سرپرستی کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے قائد عمران خان کا وژن نوجوانوں اور انسانوں پر سرمایہ کاری ہے اور صوبائی حکومت اس وژن پر من و عن عملدرآمد جاری رکھے ہوئے ہے۔
محمد سہیل آفریدی نے سپورٹس کوچز کو بین الاقوامی کوچز سے تربیت دلوانے کے لیے بھی ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام 2026-27 میں صوبائی یوتھ پالیسی پر عملدرآمد کے لیے 70 کروڑ روپے لاگت کی دو اسکیمیں شامل کی گئی ہیں۔
بریفنگ کے مطابق جوان مراکز کے ذریعے نوجوانوں کی اسکلز، ڈیجیٹل لرننگ، کیریئر ڈویلپمنٹ، تربیتی پروگراموں اور سیمینارز پر 17 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے، جبکہ نوجوانوں کی استعداد کار، یوتھ انٹرپرینیورشپ، اسٹارٹ اپ چیلنجز، بزنس پلان مقابلوں، کیریئر فیئرز اور انٹرپرینیورشپ نمائشوں کے لیے 11 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ صوبائی اور ضلعی سطح پر یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ، آئی ٹی ہیکاتھونز، ٹیکنالوجی مقابلوں، یوتھ فیسٹیولز، کنونشنز اور ایکسچینج پروگرامز کے انعقاد کے لیے 12 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
اسی طرح ماحولیاتی تحفظ، کلائمیٹ ایکشن، موسمیاتی آگاہی مہمات اور شجرکاری کی سرگرمیوں میں نوجوانوں کی فعال شمولیت یقینی بنانے کے لیے 6 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔