کاروباری طبقے کے لیے خوشخبری

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ رواں سال پاکستان میں معاشی ترقی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کا سال ثابت ہوگا کیونکہ ملکی معیشت استحکام کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کاروباری برادری کو ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے ایف بی آر کو ہدایت کی کہ تاجروں اور صنعتکاروں کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔

وزیراعظم کی زیرِ صدارت ایف بی آر اصلاحات اور ٹیکس نظام میں بہتری سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں جاری اصلاحات اور ٹیکس وصولی کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ شوگر، سیمنٹ، ٹوبیکو، ٹائلز اور فرٹیلائزر صنعتوں میں پروڈکشن مانیٹرنگ سسٹم مکمل طور پر فعال ہو چکا ہے، جبکہ ٹیکسٹائل اور بیوریجز سیکٹر میں بھی اس نظام کی تنصیب تیزی سے جاری ہے۔

بریفنگ کے مطابق جدید مانیٹرنگ سسٹم کے باعث گزشتہ ایک سال کے دوران شوگر انڈسٹری سے 42 ارب روپے، سیمنٹ سے 38 ارب روپے اور بیوریجز سیکٹر سے 15 ارب روپے کا اضافی ٹیکس وصول کیا گیا، جو ایف بی آر اصلاحات کی کامیابی کا اہم ثبوت قرار دیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کاروباری ماحول کو مزید سازگار، ٹیکس نظام کو شفاف اور آسان بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کا اعتماد مزید مضبوط ہو۔

انہوں نے ایف بی آر کے سینئر افسران کو ہدایت کی کہ ہر ماہ کے پہلے ہفتے کراچی کا دورہ کریں، کاروباری برادری سے براہِ راست ملاقات کریں اور ان کے مسائل فوری حل کیے جائیں۔

وزیراعظم نے یہ بھی اعلان کیا کہ ٹیکس قوانین پر مکمل عمل کرنے والی کمپنیوں کی سرکاری سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے گی اور ان کی خدمات کا باقاعدہ اعتراف کیا جائے گا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت کا مقصد کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنا، برآمدات میں اضافہ کرنا اور پاکستان کی معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے