گوادر: علاقائی بحری صورتحال اور جاری کشیدگی کے باوجود گوادر پورٹ پر تجارتی سرگرمیاں جاری ہیں، جہاں ایک اور ٹرانس شپمنٹ جہاز نے بندرگاہ پر لنگر انداز ہو کر کارگو کی ہینڈلنگ شروع کردی۔
تفصیلات کے مطابق 18 جولائی کو بنگلہ دیشی پرچم بردار جہاز M/V JAHAN BROTHERS II گوادر پورٹ پر لنگر انداز ہوا۔ جہاز سنگاپور سے گوادر پہنچا ہے اور اس پر 53,064.660 میٹرک ٹن پرائم اسٹیل بلیٹس موجود ہیں۔ مذکورہ کارگو کی منزل متحدہ عرب امارات کی الحمریہ پورٹ ہے۔ کارگو کو گوادر پورٹ پر عارضی طور پر اتار کر ذخیرہ کیا جائے گا، جس کے بعد اسے دوسرے جہاز پر دوبارہ لوڈ کرکے متحدہ عرب امارات روانہ کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے کہا کہ موجودہ علاقائی بحری صورتحال کے باوجود گوادر پورٹ پر تجارتی سرگرمیوں کا تسلسل پاکستان کی بندرگاہی صلاحیتوں اور بحری شعبے میں بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانس شپمنٹ سرگرمیوں میں اضافہ گوادر پورٹ کے اسٹریٹجک محلِ وقوع اور خطے میں ایک اہم متبادل تجارتی راستے کے طور پر اس کی صلاحیتوں کو اجاگر کرتا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت پاکستان بندرگاہی انفراسٹرکچر کو مزید مضبوط بنانے، بین الاقوامی شپنگ لائنز کو سہولیات فراہم کرنے اور علاقائی تجارت کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
چیرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ نے کہا کہ موجودہ علاقائی بحری صورتحال کے باوجود گوادر پورٹ پر تجارتی اور بندرگاہی سرگرمیوں کا جاری رہنا اس بات کا ثبوت ہے کہ بندرگاہ خطے میں محفوظ، قابلِ اعتماد اور مؤثر تجارتی مرکز کے طور پر اپنی صلاحیتیں ثابت کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرانس شپمنٹ کارگو کی کامیاب ہینڈلنگ سے بین الاقوامی شپنگ لائنز کا گوادر پورٹ پر اعتماد مزید مضبوط ہو رہا ہے، جبکہ بندرگاہ علاقائی تجارت کے تسلسل اور متبادل تجارتی راستے کے طور پر اپنی اہمیت کو مزید مستحکم کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ بندرگاہی آپریشنز کو مؤثر انداز میں جاری رکھنے اور علاقائی تجارت کو سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ گوادر پورٹ پر ٹرانس شپمنٹ کارگو کی کامیاب ہینڈلنگ بندرگاہ کی بڑھتی ہوئی آپریشنل صلاحیت اور بین الاقوامی اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔
جمیل قاسم
میڈیا کوآرڈینیٹر
گوادر پورٹ اتھارٹی