اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے مون سون بارشوں کے پیشِ نظر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
صدرِ مملکت نے ہدایت کی کہ این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم ایز اور مقامی انتظامیہ باہمی رابطہ برقرار رکھیں اور گلگت بلتستان، آزاد کشمیر سمیت حساس علاقوں میں بارشوں اور آبی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ریسکیو وسائل، مشینری اور امدادی سامان پیشگی طور پر متاثرہ علاقوں میں پہنچایا جائے، جبکہ سیاحوں اور مقامی آبادی کے تحفظ کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
صدر آصف علی زرداری نے مون سون بارشوں کے دوران جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
انہوں نے امدادی کارروائیوں میں مصروف ریسکیو اور ایمرجنسی اہلکاروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔