ہائی وولٹیج میچ میں پاکستان اور بھارت آج میدان میں

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی سب سے بڑی جنگ آج چھڑے گی جس میں پاکستان اور بھارت ایڈن گارڈن اسٹیڈیم میں شام 7 بجے مد مقابل ہوں گے۔

پاک بھارت ٹاکرے کا شائقین کرکٹ کو بے تابی سے انتظار ہے جب کہ دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلے کی ٹکٹس پہلے ہی فروخت ہوچکی ہیں اور گنجائش سے زائد آن لائن ٹکٹس فروخت ہونے پر شائقین کو قرعہ اندازی کے ذریعے ٹکٹس دیئے گئے۔

بنگلادیش کے خلاف پہلے میچ میں پاکستان کی شاندار فتح اور بھارت کی نیوزی لینڈ کے ہاتھوں عبرتناک شکست کے بعد بھارتی میڈیا اپنی ٹیم پر شدید تنقید کر رہا ہے، سابق بھارتی کپتان سنیل گواسکر اور سابق آسٹریلوی کپتان اسٹیووا نے پاکستان ٹیم کو فیورٹ قرار دیا ہے جب کہ کولکتہ کی  تاریخ رہی ہے کہ یہاں قومی ٹیم بھارت کے خلاف اب تک کھیلے گئے تمام میچز میں کامیاب رہی ہے۔

گرین شرٹس کے پاس بیٹنگ کے شعبے میں شرجیل خان، احمد شہزاد، محمد حفیظ،عمراکمل اور وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد ہیں جب کہ آل راؤنڈر اور ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی، شعیب ملک اور عماد وسیم بھی سرپرائز بیٹنگ کرتے ہوئے مخالف ٹیم کے دانت کھٹے کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ بولنگ کے شعبے میں محمد عامر، محمد عرفان اور وہاب ریاض نے پہلے ہی بھارتی بیٹنگ لائن پردھاک بٹھادی ہے یہی وجہ ہے کہ بھارتی اسپنر روی چندرن ایشون کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم اپ سیٹ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ اسپن کے شعبے میں قومی ٹیم کو شاہد آفریدی،عماد وسیم اور شعیب ملک کی خدمات حاصل ہیں۔

دوسری جانب کولکتہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وقار یونس کا کہنا تھا کہ یہ بات ٹھیک ہے کہ پاکستان اور بھارت تاریخی اعتباز سے ایک دوسرے کے حریف رہے ہیں لیکن ہمیں کرکٹ کو ایک کھیل کے طور پر لینا چاہیئے، یہ ٹھیک ہے کہ ورلڈ کپ میں ہم بھارت سے آج تک میچ نہیں جیت سکے لیکن تاریخ تبدیل بھی ہوتی ہے، ہماری ٹیم اچھی فارم میں ہے، پہلے میچ میں بنگلا دیش کو بھی شکست دے چکے ہیں اس لیے اس بار بہت زیادہ پر اعتماد ہیں کہ ہم بھارت کے خلاف تاریخ بدل دیں گے۔ جس جذبے کے ساتھ پہلے میچ میں میدان میں اترے تھے اگر وہی جذبہ رہا تو ہم ضرور جیتیں گے۔

وقار یونس کا کہنا تھا کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ بھارت میں کھیلتے ہوئے بھارت پر بہت زیادہ دباؤ ہو گا کیونکہ وہ اپنا پہلا میچ ہار چکے ہیں اور انھیں اس بات کا خوف ہو گا کہ بہت بڑا ٹورنامنٹ ہے، میچ ہار کر باہر نہ ہو جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کولکتہ ہمارے لیے ہمیشہ سے ہی اچھا رہا ہے، اس کے علاوہ ہمارے لڑکے کنڈیشن سے بھی آگاہ ہیں، ہمارے پاس ایسا پیس اٹیک ہے جو میچ کا پانسہ پلٹ سکتا ہے اور ہم اس چیز کا بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔

ادھر پاک بھارت ٹاکرا دیکھنے کے لیے قومی ٹیم کے سابق کپتان عمران خان اورعوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید بھی بھارت پہنچ گئے جب کہ پاکستانی ہائی کمشنرعبدالباسط بھی کولکتہ پہنچ گئے ہیں۔ بھارت سے میچ سے قبل عمران خان قومی کھلاڑیوں سے ملاقات کریں گے اور انہیں مفید مشورے بھی دیں گے۔

پاک بھارت میچ دیکھنے کےلیے بھارت کی اسپورٹس اور شوبز کی شخصیات بھی اسٹیڈیم میں موجود ہوں گی جن میں بھارتی میگا اسٹار امیتابھ بچن بھی میچ دیکھنے آئیں گے اور وہ میچ سے قبل بھارت کا قومی ترانہ بھی پڑھیں گے جب کہ مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بینر جی، سابق بھارتی کپتان کپل دیو اور سنیل گواسکر سمیت دیگر شخصیات بھی اسٹیڈیم میں میچ دیکھیں گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے