پاکستان اور دنیا بھر سے ،آج کی اہم ترین خبریں

[pullquote]کراچی میں مبینہ پولیس مقابلہ ، ہتھکڑی لگے چار "دہشت گرد” قتل[/pullquote]

Murder

کراچی: پولیس نے ایک مبینہ مقابلے میں چار دہشت گردوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے تاہم حیرت انگیز طور پر مرنے والے افراد کو ہتھکڑیاں لگی ہوئی تھیں۔ ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ملیر کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) راؤ انوار نے دعویٰ کیا کہ پولیس نے پہلے سے گرفتار کچھ ملزمان کی نشاندہی پر قائد آباد کے علاقے میں چھاپہ مارا۔

قائد آباد میں ریڑھی گوٹھ میں ہونے والے مقابلے کے حوالے سے راؤ انوار نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک کالعدم تنظیم سے وابستہ چار دہشت گرد مارے گئے۔ بعد ازاں ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت زبیر، نثار، راشد اور عماد کے نام سے کی گئی۔

راؤ انوار نے بتایا کہ دہشت گردوں سے اسلحہ، 3 دستی بم اور 20 کلو گرام بارودی مواد بھی ملا۔ دوسری جانب ہلاک ہونے والے مبینہ دہشت گردوں کی مختلف ذرائع سے سامنے آنے والی تصاویر نے اس پولیس مقابلے پر متعدد سوالات اٹھا دیئے ہیں۔

تصاویر میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ہلاک ہونے والوں کو ہتھکڑیاں لگی ہوئی ہیں۔ علاوہ ازیں پولیس افسر راؤ انوار نے مقابلے کے دوران ان افراد کی ہلاکت کا دعویٰ کیا لیکن کسی بھی اہلکار کو کوئی زخم نہیں آیا۔ واضح رہے کہ کراچی میں راؤ انوار متعدد مرتبہ ایسے پولیس انکاؤنٹر کر چکے ہیں جس میں کئی کئی افراد مارے گئے جبکہ ان مبینہ مقابلوں میں کسی پولیس اہلکار کو خراش تک نہیں آئی۔

ایک ماہ قبل 22 فروری کو ایک ہی رات کراچی کے مضافاتی علاقوں پپری اور گڈاپ میں 2 مبینہ پولیس مقابلوں میں ایس ایس پی راؤ انوار نے القاعدہ برصغیر اور لشکر جھنگوی سے تعلق رکھنے والے 12 "عسکریت پسندوں” کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا جبکہ ان مقابلوں میں حیرت انگیز طور پر پولیس مکمل طور پر محفوظ رہی۔ اس سے پہلے ایس ایس پی راؤ انوار نے 27 جنوری کو صفورا گوٹھ میں خفیہ اطلاع پر کی جانے والے کارروائی میں 4 مبینہ عسکریت پسند ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا اور ہلاک افراد کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے بتایا تاہم اس شوٹ آؤٹ میں بھی کسی اہلکار کو خراش تک نہیں آئی۔

گزشتہ برس 13 جون 2015 کو بھی ملیر کے ایس ایس پی راؤ انوار نے ملیر کینٹ گیٹ نمبر 5 کے قریب ایک کار اور ایک موٹر سائیکل پر سوار 4 افراد کا انکاؤنٹر کیا تھا، ان افراد کے حوالے سے پولیس افسر نے دعویٰ کیا کہ یہ چاروں افراد ان کی جاسوسی کر رہے تھے، ہلاک ہونے والوں کو دہشت گرد اور کالعدم تنظیم کا کارکن بتایا گیا تھا۔

اس سے ایک مہینہ پہلے 2 مئی 2015 کو راؤ انوار نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے قافلے پر ملیر میں لنک روڈ کے قریب دستی بموں سے حملہ کیا گیا، ان دستی بم حملوں میں راؤ انوار اور ان کے قافلے میں سوار تمام اہلکار مکمل طور پر محفوظ رہے جبکہ ایس ایس پی کی قیادت میں اہلکاروں نے 5 "حملہ آوروں” کو ہلاک کر دیا تھا۔

2014 میں26 اکتوبر کو اسٹیل ٹاؤن میں ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کی قیادت میں پولیس نے ایک مبینہ مقابلے کے دوران 9 افراد کو ہلاک کیا، ان ہلاک افراد کو القاعدہ اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کا دہشت گرد بتایا، جبکہ اس مقابلے میں بھی پولیس اہلکار مکمل طور پر محفوظ رہے تھے۔

[pullquote]خیبر پختونخوا میں بارشوں کے باعث حادثات، 45 ہلاک[/pullquote]

570122a2b4f2c

پشاور/مظفر آباد: خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں میں بارشوں کے باعث ہونے والی تباہی میں 45 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ خیبر پختوںخوا حکومت کے ترجمان مشتاق غنی نے ہلاکتوں کی تعداد کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ تر نقصان لینڈ سلائیڈنگ اور چھتوں کے گرنے باعث ہوا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے ریلیف کے کام کا آغاز کردیا ہے اور حکومتی مشینری ریسکیو سرگرمیوں میں مصروف ہے۔

بارش کے باعث ضلع شانگلہ میں متعدد گھروں کی چھتیں گر گئیں چھتیں گرنے اور بارش کے دوران دیگر حادثات میں 6 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوئے۔ چارسدہ کی تحصیل شبقدر میں گھر کی چھت زمیں بوس ہوگئی، حادثے میں 9 سالہ بچہ عبداللہ ہلاک ہوا جبکہ ایک خاتون اور 11 سالہ شاہد زخمی ہوئے۔ چترال میں گرم چشمہ کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ سے ایک شخص ہلاک اور 5 افراد زخمی ہوئے۔

سوات میں بارش کے بعد دریائے سوات سے ملحقہ ندی نالے پانی سے بھر گئے۔ سوات میں کبل کے علاقے کلاگے میں 2 خواتین سیلابی ریلے میں بہہ گئی جن کی لاشیں نکال لی گئیں۔ خوازہ خیلہ میں بھی ایک شخص برساتی ریلے میں بہہ گیا جس کی لاش تلاش فوری طور پر شروع نہیں کی جا سکی۔

شانگلہ میں طوفانی بارشوں کے بعد غور بند میں 30 گھروں پر مشتمل گاؤں سیلاب میں مکمل طور پر ڈوب گیا، غوربند اور کاڑنا میں 2رابطہ پل بھی دریا میں بہہ گئے، پورے ضلع میں مواصلاتی نظام شدید متاثر ہوا۔

برساتی نالوں میں طغیانی اور مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہ قراقرم بند ہو گئی۔ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہرہ کی بندش سے متعدد مقامات پر مسافر پھنس گئے۔ پشاور میں مسلسل بارش کی وجہ سمیت متعدد دیہات زیر آب آ گئے۔

پانی کے ایک برے ریلے سے بٹہ تل کے مقام پر رابطہ پل بری طرح متاثر ہوا، جس کی وجہ سے لوگوں کا رابطہ منقطع ہوگیا۔ بٹہ تل پُل کی مارکیٹ میں سیلابی ریلہ داخل ہونے سے 70 سے زائد دکانیں بہہ گئیں جبکہ 100 سے زائد دکانیں متاثر ہوئیں۔

متاثرہ علاقے میں انتظامیہ فوری طور پر نہیں پہنچ سکی جس کی وجہ سے علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کاروائیاں شروع کیں۔
یہ بھی پڑھیں : ملک میں طوفانی بارشیں: ہلاکتوں کی تعداد 42 ہوگئی .خیال رہے کہ گزشتہ ماہ بھی شدید بارشوں سے خیبر پختونخوا میں 42 افراد کی ہلاکت ہوئی تھی، جبکہ آزاد کشمیر میں بھی لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہوں کی بندش کے واقعات پیش آئے تھے۔

[pullquote]آزاد کشمیر میں بارشوں کے باعث آٹھ افراد ہلاک ہوگئے۔[/pullquote]

ڈپٹی کمشنر ضلع نیلم عبدالمجید کیانی نے بتایا کہ ملبے کے نیچے سے ریسکیو ٹیموں نے آٹھ لاشوں کو برآمد کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ریسکیو حکام نے مقامی افراد کی مدد سے ملبے کے نیچے سے پانچ خواتین اور تین بچوں کو بچالیا۔

[pullquote]پاک ، بھارت غلط راستے کا انتخاب کرنے سےگریز کریں، اوباما[/pullquote]

Obama

واشنگٹن: امریکی صدر بارک اوباما نے پاکستان اور انڈیا پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی عسکری نظریے طے کرتے وقت غلط سمت میں جانے سے گریز کریں۔ چوتھی اور حتمی ایٹمی سلامتی کانفرنس سے اختتامی کلمات میں اوباما نے کہا کہ اس دو روزہ ایونٹ میں دنیا بھر سے آئے سیاسی قائدین ایک بڑے عالمی خطرے پر غور کیلئے جمع ہوئے۔

کانفرنس کے بعد ایک نیوز بریفنگ میں اوباما نے ان خطوں کی نشان دہی کی جہاں ایٹمی ہتھیاروں اور افزودہ مواد کا پھیلاؤ روکنے کیلئے خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ان خطوں سے متعلق اوباما کی فہرست میں جنوبی ایشیا پہلے نمبر پر تھا۔’ہم برصغیر (پاکستان اور انڈیا) میں پیش رفت دیکھنا چاہتےہیں، ہم چاہتے ہیں کہ جب دنوں ملک عسکری ڈاکٹرائن بنائیں تو غلط سمت میں بڑھنےسے گریز کریں‘۔

صدر اوباما نے کچھ ملکوں میں ٹیکٹیکل یاچھوٹے ایٹمی ہتھیاروں میں تیزی سے اضافےپر تشویش بھی ظاہر کی۔ ’دنیا بھر میں پلوٹونیم کےذخائر بڑھ رہے ہیں جبکہ کچھ ملکوں میں ایٹمی اسلحہ کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے‘۔ اوباما نے ایسے ملکوں کا نام تو نہیں لیا لیکن امریکی میڈیا میں اسے پاکستان کی جانب اشارہ سمجھا ہے۔

امریکی میڈیا نےدعوی کیا کہ ایٹمی کانفرنس سے قبل متعددامریکی حکام نے کہا تھا کہ پاکستان چھوٹے ایٹمی ہتھیار تیار کر رہا ہے۔ اوباما نے کہا کہ چھوٹے ایٹمی ہتھیاروں کی بڑھتی تعداد کی وجہ سے کانفرنس نے ایک ایسا ’عالمی ڈھانچہ‘ بنانے کی کوشش کی جس سےاس پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں ایک پورا سیشن صرف اس بات پر غور کیلئے مختص کیا گیا کہ کس طرح دولت اسلامیہ اور دوسرے گروہوں کو برسلز، ترکی اور پاکستان سمیت دنیا بھرمیں ہونے والے بڑے حملوں سے روکا جا سکے۔ اوباما نے ہفتے کو معمول کا خطاب کرتےہوئے ایک مرتبہ پھر خبر دار کیا کہ القاعدہ اوردولت اسلامیہ جیسے گروپ ایٹمی ہتھیار ملنے کے صورت میں انہیں استعمال کر سکتے ہیں۔

’خوش قسمتی سے اب تک ہماری کوششوں سے کوئی گروپ ایٹمی ہتھیار حاصل کرنےمیں کامیاب نہیں ہو سکا‘۔ ’ہم جانتےہیں کہ القاعدہ ماضی میں ایسی کوششیں کر چکی ہےجبکہ دولت اسلامیہ نے شام اور عراق میں کیمیائی ہتھیاراستعمال کیے۔ اس صورتحال میں اگر ان کوایٹمی ہتھیار یا مواد مل گیا تووہ بلاشبہ اسے استعمال سے گریز نہیں کریں گے‘۔

انہوں نے کہا اسی وجہ سے امریکا دنیا بھر میں ایٹمی مواد کو محفوظ بنانے کی عالمی کوششوں میں سب سے آگے ہے۔ ’ہم نے دوسرے ملکوں کے ساتھ مل کر اتنا ایٹمی مواد محفوظ یا ہٹا دیا ہے، جس سے150 سے زائد نیوکلیئر ہتھیار بنائے جا سکتے تھے‘۔

[pullquote]ضرب عضب کے حتمی مرحلے میں 252 دہشت گرد ہلاک: فوج[/pullquote]

Asim Bajwa

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق رواں سال فروری میں شروع ہونے والے آپریشن ضرب عضب کے آخری مرحلے میں اب تک 252 دہشت گرد ہلاک اور 160 زخمی ہوئے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے جاری بیان میں کہا گیا کہ اس دوران سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے شوال کا 640 اسکوائر کلومیٹر کا علاقہ خالی کروالیا ہے۔

اس میں مزید کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں کے اہم ٹھکانے مانا، گرباز، لاٹاکا، انزرکاز اور ماگروٹی کے علاقوں کو دہشت گردوں سے پاک کرادیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک افغان سرحد کے قریب ان کے آخری ٹھکانے پر لڑائی جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو ختم کردیا گیا، اسلحہ اور گولہ بارود کی بڑی تعداد برآمد کرکے تحویل میں لے لی گئی ہے اور فروری سے شروع ہونے والے آپریشن کے دوران شوال کے علاقے سے دہشت گردوں کے مواصلاتی رابطوں کو ختم کردیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ جون 2014 میں آپریشن کے آغاز سے سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کا 4304 کلومیٹر کا علاقہ کلیئر کروا دیا ہے اور ان علاقوں میں حکومت کی رٹ قائم کی گئی ہے خاص طور پر وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے فاٹا میں رٹ قائم کردی گئی۔

فروری سے اب تک جاری آپریشن کے آخری مرحلے میں 8 فوجی ہلاک جبکہ 39 زخمی ہوئے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ فوجیوں نے آپریشن کے دوران 150 کلومیٹر طویل ٹریک بھی تعمیر کیا ہے جبکہ مذکورہ آپریشن انتہائی سخت موسم میں جاری ہے۔

شوال کے پہاڑی علاقے میں آپریشن جاری ہے، جو برف سے ڈھکی ہوئی تھی، جبکہ پہاڑوں کے درمیان اور اندر دیکھنا انتہائی دشوار ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کے آخری مرحلے کے دوران عارضی طور پر اندرون ملک گھروں سے بے گھر ہونے والے افراد کی بحالی کا کام منصوبے کے مطابق جاری ہے، جیسا کہ شمالی وزیرستان کے 37012 خاندان جو کہ ٹی ڈی پیز کا 36 فیصد ہیں اور اپنے گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔

آئی ایس پی آر نے بیان میں کہا کہ شمالی وزیرستان میں پہلے اور دوسرے مرحلے کے دوران 94 ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جاچکے ہیں جبکہ تیسرے مرحلے میں 153 منصوبوں کا آغاز کیا گیا ہے، ان منصوبوں کر پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف خود دیکھ رہے ہیں۔

خیال رہے کہ دو سال قبل کراچی انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر حملے اور اس کے بعد حکومت اور تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے درمیان جاری مذاکرات کی ناکامی پر شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کا آغاز کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ حالیہ چند رپورٹس میں اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے کہ آپریشن ضرب عضب کے آغاز اور فوج کی جانب سے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر چھاپوں جبکہ حکومت کی جانب سے عسکریت پسندی کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات کے باعث پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں 70 فیصد کمی آئی ہے۔

[pullquote]پکتیا میں داعش کی وجہ سے کرم ایجنسی میں الرٹ[/pullquote]

isis

پشاور:کرم ایجنسی کی سرحد سے ملحقہ افغان علاقےمیں کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور دولت اسلامیہ کے دہشت گردوں کی موجودگی پر تشویش میں مبتلا پاکستانی حکام نےاس ناگزیر خطرے سے نمٹنے کیلئے قبائلیوں کو متحرک کر دیا ۔ مقامی افراد نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز پارا چنار میں اپنی پوسٹوں سے سرحد پار بھاری گولہ باری کر رہی ہیں، جبکہ انتظامیہ نے علاقے کے رہائشیوں کوہدایت کی ہے کہ وہ رات کو چوکنا رہیں۔ پارا چنار کےایک رہائشی نے بتایا کہ رات نو بجے کے بعد شروع ہونے والی گولہ باری سے پورے علاقے میں دہشت پھیل جاتی ہے۔

ذرائع نےبتایا کہ دولت اسلامیہ اور ٹی ٹی پی (سجنا گروپ) افغان صوبے پکتیا کےعلاقے کیماتی میں اپنی پناہ گاہوں سے پاکستان میں کارروائیاں کرتے ہیں۔ حال ہی میں پکتیا سے ملحقہ پاکستانی علاقوں بورکی اور کیرلاچی میں دوسیکیورٹی پوسٹوں پر حملہ کیا گیا۔ دولت اسلامیہ نے پہلے ہی کرم ایجنسی کے شمال میں افغان صوبے ننگرہار کے کچھ اضلاع میں اپنا کنٹرول قائم کر لیا ہے۔ پشاور میں ایک سیکیورٹی افسر نے کرم میں ایف سی کی چیک پوسٹوں پر حملے کی تصدیق کی۔

بورکی کے ایک مقامی شخص کے مطابق حکام نے بتایا کہ دولت اسلامیہ اور ٹی ٹی پی جنگجو چیک پوسٹوں پر حملوں میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی ہدایت پر بورکی اور کیر لاچی میں لوگ پچھلے ایک مہینے سے رات کو چوکنا رہ رہے ہیں۔ ’محتاط رہنے کے علاوہ علاقے کے عمائدین نے اظہار یک جہتی کیلئے پیرا ملٹری فورسز کو چاربھاری مشین گنز اور گولہ بارود دیا ہے‘۔ذرائع کے مطابق، کرم ملیشیا کے کمانڈنٹ اور نائب پولیٹیکل ایجنٹ نے خطرے کے خلاف مقامی لوگوں کو متحرک کرنے کیلئے ہفتے کو پارا چنار کےقریب توری، بنگش اور منگل قبائل کے عمائدین سےملاقات بھی کی۔

[pullquote]پشاو میں بھتہ خوری ، کابل سے مدد لینے کا فیصلہ [/pullquote]

Pak Afghan

پشاور: خیبر پختونخوا اور فاٹا کی ایپکس کمیٹی نے پشاور میں بھتہ خوری کی بڑھتی وارداتوں کے خلاف کابل سے مدد لینے کا فیصلہ کر لیا۔ ایپکس کمیٹی نے ہفتہ کو ایک اجلاس میں طے کیا کہ بھتہ خوری میں استعمال ہونے والی افغان موبائل فون سموں کو بلاک کرنے کیلئے کابل سے تعاون مانگا جائے گا۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی سربراہی میں ہفتہ کویہاں کور ہیڈ کواٹرز منعقدہ اجلا س میں خیبر پختونخوا کے گورنر اقبال ظفر جھگڑا، وزیر اعلی پرویز خٹک، آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر، پشاور کے کور کمانڈر اوردوسرے سینئر سویلین اور عسکری حکام نے شرکت کی۔ آئی ایس پی آر کے ایک جاری بیان کے مطابق، اجلاس کے دوران شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں جاری فوجی آپریشن، صوبے بھر میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیوں، آئی ڈی پیز کی واپسی اور طورخم پر بارڈر مینجمنٹ پر تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

بیان میں بتایا گیا کہ شرکا نے شوال آپریشن کے آخری مرحلے اورانٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیوں پر اطمینان کے ساتھ ساتھ طورخم سمیت تمام کراسنگ پوائنٹس پر موثربارڈر مینجمنٹ یقینی بنانے کا عزم ظاہر کیا۔ پاک-افغان سرحدی علاقوں سے پشاور میں بھتے کیلئے آنے والی ٹیلی فون کالوں پر غور کے بعد اجلاس میں طے پایا کہ پاکستانی علاقوں میں تمام غیر قانونی کمیونیکیشن ٹاورز بند کیے جائیں گے۔

اس مسئلے پر قابو پانے کیلئے ایک اعلی سطحی وفد مدد مانگنے کابل جائے گا۔ بیان میں مزید بتایا گیا کہ جنرل راحیل نے فاٹا اور خیبر پختونخواکےلوگوں کے حوصلوں کی تعریف کرتے ہوئے قبائلی علاقوں کی از سر نو تعمیر اور سماجی و اقتصادی بنیادی ڈھانچہ بحال کرنے کا عزم بھی دہرایا۔

ایک سیکیورٹی افسر نے ڈان کو بتایا کہ اجلاس کے ایجنڈے میں بھتہ خوری کا مسئلہ غالب رہا کیونکہ پشاور سےماہانہ تقریباً ایک کروڑ روپے بھتہ وصول کیا جا رہاہے۔ انہوں نے بتایا کہ کابل نے بھتہ خوری میں استعمال ہونے والی افغان سموں کی تفصیلات فراہم کرنے سے انکار کر دیا تھا جبکہ پی ٹی اے اور وزارت داخلہ نے ایسی فون کالیں بلاک کرنے کی پوری کوشش کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک سم سے کئی کالیں کی جا رہی ہیں جبکہ زیادہ تر ایسی کالوں کے پیچھے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے علیحدہ ہونے والے دھڑے جماعت الحرار کا ہاتھ ہے۔پنجاب میں بھی ایسی کالیں کی جا رہی ہیں۔ حکام کاماننا ہے کہ بھتہ خورسرحدی علاقوں میں سرگرم ہیں کیونکہ پشاور میں اکثر بھتہ متاثرین نے قبائلی علاقوں میں رقم پہنچائی۔ پولیس کے مطابق، گزشتہ کچھ سالوں میں بھتہ خوری کے300 سے زائد مقدمے درج کیے گئے ۔

[pullquote]شاہد آفریدی قومی ٹیم کی قیادت سے دستبردار[/pullquote]

Shahid Afridi

پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے قائد شاہد آفریدی نے کپتانی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔

شاہد آفریدی نے اس اعلان کے لیے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کا سہارا لیا جہاں ایک پریس ریلیز میں ان کا کہنا تھا کہ وہ بطور کھلاڑی قومی ٹیم اور لیگ کرکٹ کے لیے دستیاب رہیں گے۔

حالیہ ورلڈ ٹی 20 اور اس سے قبل ایشیا کپ میں پاکستان ٹیم کی ناکامی کے بعد شاہد آفریدی شدید کو نہ صرف شائقین کی جانب سے تنقید کا سامنا ہے بلکہ قومی ٹیم کے کوچ اور منیجر نے بھی اپنی رپورٹس میں آفریدی کی قائدانہ صلاحیتوں پر سوالات اٹھائے ہیں۔

شاہد آفریدی کی قیادت میں پاکستان نے 2009 سے 2016 تک 43 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جن میں سے اسے 19 میں کامیابی اور 23 میں شکست ہوئی جب کہ ایک میچ برابر رہا۔

[pullquote]ویسٹ انڈیز نے ویمنز ورلڈ ٹی 20 جیت لیا[/pullquote]

West Indies woemn Team

کلکتہ: ویمنز ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں ویسٹ انڈیز نے دفاعی چمپیئن آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر نئے چمپیئن کا اعزاز حاصل کرلیا۔ کلکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے گئے فائنل میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے پہلے بیٹنگ کرنے ایلیسا ہیلی اور ایلیس ویلانی میدان میں اُتریں۔ آسٹریلیا کی پہلی وکٹ 15 رنز کے مجموعے پر ایلیساہیلی کی گری جب وہ ہیلی میتھیوز کی گیند پر اُنہی کو کیچ تھما کر آوٹ ہو گئیں۔

ایلیس ویلانی اور آسٹریلوی کپتان میگ لیننگ نے مجموعے کو 92 تک پہنچایا۔ ایلیس ویلانی 37 گیندوں پر 52 بنا کر دندرا دوتن کی گیند پر ٹیلر کو کیچ تھما کر آوٹ ہو گئیں۔

134 رنز کے مجموعے پر میگ لیننگ کی وکٹ گری، وہ 49 گیندوں پر 52 رنز بنا کر انیسا محمد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئیں۔ ایلیس پیری23 گیندوں پر 28 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئیں۔ ایلکس بلیک ویل اسکور میں صرف 3 رنز کا اضافہ کر پائیں۔ ایرن اوسبورن اورجیس جوناسن صفر کے اسکور پر ہی واپس لوٹ گئیں۔

آسٹریلیا نے مقررہ اورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز بنائے۔ کپتان میگ گینن اورایلیس ویلانی 52، 52 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہیں۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے ہیلی میتھیوز اور سٹیفنی ٹیلر نے جارحانہ انداز اپنا کر 120 رنز کی شراکت قائم کر کے بہترین آغاز فراہم کیا۔

سٹیفنی ٹیلر نے بہترین اننگز کھیلی اور 57 گیندوں پر 59 رنز بنائے۔وہ رین فریل کی گیند پر جونسن کو کیچ تھما کر آوٹ ہوگئیں۔ بعد میں آنے والی دندرا دوتن اور برٹنی کوپر نے میچ کا اختتام کیا اور ویسٹ انڈیز کو فتح سے ہمکنار کیا۔ ہیلی میتھیوز نے 45 گیندوں پر 66 رنز بنائے، اُن کی وکٹ کرسٹین بیم نے حاصل کی۔ ویسٹ انڈیز کی ہیلی میتھیوز کو میچ اور سٹیفنی ٹیلر کو سیریز کی بہترین کھلاڑی قرار کا ایوارڈ دیا گیا۔

[pullquote]نگورنو کارا باخ تنازعہ: آذربائیجان نے یک طرفہ جنگ بندی کا اعلان کر دیا[/pullquote]

آج اتوار کے روز آذربائیجان نے آرمینیا کے ساتھ جاری مسلح جھڑپوں میں یک طرفہ طور پر جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب کاراباخ کی وزارت دفاع نے لڑائی جاری رہنے کو رپورٹ کیا ہے۔ آذری دارالحکومت باکو سے وزارت دفاع کے ترجمان واقف درگاعلی کا کہنا ہے کہ ہفتے کی شام سے جھڑپوں کا سلسلہ رُکا ہے لیکن صورتِ حال انتہائی کشیدہ ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان جاری شدید جھڑپوں میں درجنوں فوجیوں کی ہلاکت کا بتایا گیا ہے۔ آرمینیا کے صدر سیرز سارکِسیان کا کہنا ہے کہ اب تک جھڑپوں میں اٹھارہ آذری فوجی ہلاک جبکہ پینتیس زخمی ہو چکے ہیں۔ اِن دونوں ملکوں کے درمیان نگورنو کاراباخ کے متنازعے علاقے کی سن 1994 کی جنگ کے بعد ہفتے کو ہونے والی جھڑپیں اب تک کی شدید ترین جھڑپیں بتائی گئی ہیں۔

[pullquote] نگورنوکاراباخ جھڑپیں: روس کے بعد امریکا اور جرمنی کی مذمت[/pullquote]

امریکی حکومت نے آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان حالیہ مسلح فوجی کشیدگی کی مذمت کی ہے۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری کا کہنا ہے کہ سرحدی و جغرافیائی تنازعات کا حل فوجی کارروائیوں سے ممکن نہیں۔ انہوں نے دونوں ملکوں کو تلقین کی ہے کہ وہ تنازعے کے حل کے لیے مذاکرات کا راستہ اپنائیں۔ جرمن وزیر خارجہ فرانک والٹر اشٹائن مائر نے بھی ان جھڑپوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مسلح جھڑپوں کی مذمت کی ہے۔ کل ہفتے کے روز روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے یراوان اور باکو کی حکومتوں سے کہا تھا کہ وہ جھڑپیں فوری طور پر روک دیں۔ ترکی نے کہا ہے کہ وہ اِس تنازعے میں حسبِ معمول آذربائیجان کی بھرپور حمایت کرے گا۔

[pullquote] شام اور اُس کی اتحادی افواج القريتين میں داخل ہو گئیں[/pullquote]

آج اتوار کے روز شامی صدر کی حامی فوج اپنے اتحادی دستوں کے ہم راہ اہم نخلستانی قصبے القريتين میں داخل ہو گئیں ہیں۔ شامی فوج کو روسی ایئر فورس کا تعاون بھی حاصل تھا۔ اِس شہر پر گزشتہ برس اگست میں شدت پسند تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ نے قبضہ کیا تھا۔ شامی حالات و واقعات پر نگاہ رکھنے والی غیر سرکاری تنظیم سیرین آبزرویٹری برائے انسانی حقوق کا کہنا ہے کہ القریتین میں شامی حکومت کی فوج اور جہادیوں کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے۔ قصبے کے چاروں طرف پھیلی ہوئی پہاڑیوں پر اسد حکومت کی فوج قابض ہو چکی ہے۔

[pullquote] برسلز کا انٹرنیشنل ایئرپورٹ محدود پروازوں کے لیے کھول دیا گیا ہے[/pullquote]

دہشت گردانہ حملوں کے بعد بیلجیم کے دارالحکومت برسلز کا انٹرنیشنل ہوائی اڈہ آج سے علامتی طور پر کھول دیا گیا ہے۔ ہوائی اڈے کے چیف ایگزیکٹو آرنو فائسٹ کا کہنا ہے کہ ایئر پورٹ علامتی طور پر کھولا گیا ہے اور تین مسافربردار پروازیں فارو، ایتھنز اور تورین کے لیے روانہ کی گئی ہیں۔ فائسٹ کے مطابق ان تین پروازوں سے یہ ظاہر کیا گیا ہے کہ ایئرپورٹ بائیس مارچ کے بزدلانہ حملوں سے پوری طرح بند نہیں ہوا۔ ہوائی اڈے پر سکیورٹی کے نئے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ مسافروں کا سامان عارضی ہال میں داخل ہونے سے قبل چیک کیا جا رہا ہے اور صرف مسافر ٹکٹ کے ساتھ اندر جانے کے مجاز ہیں۔

[pullquote] وان واتُو کو شدید زلزلے کا سامنا، سونامی الرٹ جاری[/pullquote]

جنوبی بحرِ الکاہل کی جزیروں پر مبنی ریاست وان واتُو کو آج اتوار کے روز انتہائی شدید زلزلے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.9 ریکارڈ کی گئی ہے۔ قبل ازیں زلزلے کی شدت 7.2 بتائی گئی تھی۔ امریکی جیولوجیکل سروے نے زلزلے سے سونامی پیدا ہونے کا قوی امکان ظاہر کیا تھا۔ دوسری جانب پیسیفک سونامی وارننگ سینٹز کے مطابق سونامی کا خطرہ ٹل گیا ہے۔ زلزلے کا مرکز وان واتُو کے جنوب میں واقع مقام سانتو میں پینتیس کلومیٹر گہرائی میں واقع ہے۔ ابھی تک جانی و مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

[pullquote] صدر زوما کا مواخذہ کیا جائے: جنوبی افریقی اپوزیشن[/pullquote]

جنوبی افریقہ کی پارلیمنٹ کے اسپیکر بلیکا مبیتی نے کہا ہے کہ جمعرات کو پارلیمنٹ میں اپوزیشن کی اُس قرارداد پر بحث کی جائے گی جس میں صدر زوما کے مواخذے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ جنوبی افریقہ کی اعلیٰ ترین دستوری عدالت نے گزشتہ جمعرات کو ایک اپیل میں فیصلہ دیا تھا کہ صدر نے اپنے ذاتی گھر کی تزئین پر ملکی خزانے سے خرچہ کر کے دستوری ہدایات کو نظرانداز کیا ہے۔ مبیتی نے مزید کہا ہے کہ عدالتی فیصلہ مضبوط اور متوازن دکھائی دیتا ہے اور اِس میں حساس حقائق سے پردہ اٹھایا گیا ہے۔

[pullquote] یمن میں القاعدہ کے ٹھکانوں پر فضائی حملے[/pullquote]

سعودی عسکری اتحاد کے جنگی جہازوں نے آج اتوار کے روز جوبی یمن میں القاعدہ کے ٹھکانوں پر حملے کیے ہیں۔ مقامی سکیورٹی اہل کاروں نے اِن حملوں میں ہلاکتوں اور زخمیوں کا ضرور ذکر کیا ہے لیکن ہلاک شدگان کی کسی حتمی تعداد کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔ اطلاعات کے مطابق مکلا کے بندرگاہی شہر کے قریب واقع جہادیوں کے ٹھکانوں پر چار فضائی حملے کیے گئے۔ گزشتہ ہفتوں کے دوران امریکی جنگی طیاروں نے بھی القاعدہ کے عسکریت پسندوں کو نشانہ بنایا تھا۔

[pullquote] خالدہ ضیا عدالت میں پیش ہو کر ضمانت طلب کر سکتی ہیں[/pullquote]

بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم اور مرکزی اپوزیشن سیاسی جماعت کی لیڈر خالدہ ضیا کے وکیل ثنا اللہ میاہ نے بتایا ہے کہ وہ امکاناً پانچ اپریل کو جاری کیے جانے والے گرفتاری کے وارنٹ کے تناظر میں عدالت میں پیش ہو کر ضمانت طلب کریں گی۔ سابق وزیراعظم اور ستائیس دوسرے افراد کے خلاف حکومت مخالف مظاہروں میں تشدد پیدا کرنے کے مبینہ الزام پر ایک عدالت نے یہ وارنٹ جاری کر رکھے ہیں۔ اِس وارنٹ کے خلاف خالدہ ضیا کی سیاسی جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی نے کل پیر کے روز ملک گیر ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے۔

[pullquote] جان کیری ہیروشیما میموریئل پر جائیں گے[/pullquote]

امریکی وزیر خارجہ ترقی یافتہ اقوام کے گروپ جی سیون کے رکن ملکوں کے وزرائے خارجہ کے ہمراہ جاپانی شہر ہیروشیما میں قائم یادگار پر حاضری دیں گے۔ اس کا اعلان جاپان کے وزیر خارجہ فومیو کیشیڈا نے دارالحکومت ٹوکیو میں کیا ہے۔ کیشیڈا کے مطابق جی سیون کے وزرائے خارجہ ہیروشیما میں قائم عجائب گھر بھی جائیں گے۔ جان کیری اِس یادگار پر جانے والے پہلے امریکی وزیر خارجہ ہوں گے۔ امریکی حکام کے مطابق اِس پر غور کیا جا رہا ہے کہ جی سیون سمٹ میں شرکت کے دوران صدر اوباما ہیروشیما کا دورہ کریں گے یا نہیں۔

[pullquote] سینکڑوں مہاجرین کو واپس بھیجنے کے لیے یونان کی تیاریاں[/pullquote]

یورپی یونین اور ترکی کے درمیان طے پانے والی ڈیل کے تحت یونانی حکومت مہاجرین کے پہلے گروپ کو ترکی واپس پہنچانے کے سلسلے کو حتمی شکل دینے والی ہے۔ تقریباً ساڑھے سات سو مہاجرین کو کل پیر سے بدھ کے درمیان ترکی کے لیے روانہ کر دیا جائے گا۔ ڈیل کے تحت غیرقانونی طریقے سے یونان پہنچنے والے تمام مہاجرین واپس ترکی پہنچا دیے جائیں گے۔ یونان کے ریفیوجی کوآرڈینیشن یونٹ کے ترجمان نے بھی مہاجرین کے پہلے دستے کو روانہ کرنے کی تصدیق کی ہے۔ یونان کی سرکاری نیوز ایجنسی اے این اے کے مطابق لیسبوس جزیرے سے تمام مہاجرین مرحلہ وار ترکی کے مقام دیکیلی پہنچا دیے جائیں گے۔ ترکی دیکیلی اور جَسمے مقامات پر نئے مہاجرین سینٹرز تعمیر کر رہا ہے۔

[pullquote] لاس اینجلس: ہم جنس پرست بیٹے کے قتل کا الزام باپ پر عائد کر دیا گیا[/pullquote]

لاس اینجلس کے استغاثہ نے انہتر سالہ شہادہ عیسیٰ پر اپنے انتیس برس کے بیٹے عامر عیسٰی کے قتل کا الزام عائد کر دیا ہے۔ استغاثہ کے مطابق شہادہ عیسیٰ نے اپنے بیٹے کے جنسی رجحان پر اُسے کئی مرتبہ ہلاک کر دینے کی دھمکی بھی دی تھی۔ پولیس انہتر سالہ مبینہ ملزم پر اپنی بیوی رابینہ عیسیٰ کو چاقو کے وار کر کے ہلاک کرنے کا الزام ابھی تک عائد نہیں کر سکی ہے۔ اِس حوالے سے مزید ٹھوس ثبوت کی تلاش کے لیے تفتیش جاری ہے۔ شہادہ عیسیٰ نے پولیس کو بتایا کہ اُس نے اپنی بیوی کی نعش دیکھ کر اپنے دفاع میں عامر عیسیٰ پر گولیاں چلائی تھیں۔

[pullquote] نریندر مودی سعودی عرب میں[/pullquote]

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کل ہفتے کے روز دو روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچے تھے۔ شاہ خالد ایئرپورٹ پر ریاض کے گورنر پرنس فیصل بن بندر بن عبدالعزیز نے اُن کا استقبال کیا۔ مودی آج اتوار کے روز سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے ساتھ ملاقات کریں گے۔ اس دورے کے دوران سلامتی اور انسدادِ دہشت گردی جیسے امور پر باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے بات چیت کے ساتھ ساتھ متعدد سمجھوتوں پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔ سعودی عرب مودی کے تین ممالک کے اُس دورے کی آخری منزل ہے، جس میں وہ سب سے پہلے برسلز اور پھر عالمی جوہری کانفرنس میں شرکت کے لیے واشنگٹن گئے تھے۔

[pullquote] یمن میں اغوا بھارتی پادری کی جلد رہائی کا امکان[/pullquote]

بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کے مطابق یمن میں اغوا شدہ بھارتی پادری کو جلد بازیاب کروا لیا جائے گا۔ پادری ٹام اُژن لیل کو جنوبی یمنی شہر عدن میں نامعلوم مسلح افراد نے گزشتہ ماہ اغوا کیا تھا۔ بھارت کی کیتھولک بشپس کانفرنس کا ایک وفد اپنے مغوی ساتھی کی رہائی کے لیے ملکی وزیر خارجہ سشما سوراج سے ملا تھا۔ کانفرنس کے وفد کے مطابق وزیر خارجہ نے مغوی پادری کی جلد بازیابی کا امکان ظاہر کیا ہے۔ پادری کو بوڑھے افراد کی نگہداشت کے مرکز پر حملے کے دوران مغوی بنایا گیا تھا۔ اِس مرکز پر حملے میں پندرہ افراد مارے گئے تھے۔ کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے بھی اِس حملے کی مذمت کی تھی۔

[pullquote] دو جاپانی جنگی بحری جہاز فلپائن میں لنگر انداز[/pullquote]

آج اتوار کے روز جاپان کے دو جنگی بحری جہاز اور ایک آبدوز بحیرہ جنوبی چین کے متنازعہ سمندری حدود کے قریب واقع ایک فلپائنی بندرگاہ پہنچ کر لنگر انداز ہو گئے ہیں۔ جاپان نے اپنے جنگی بحری جہازوں کی فلپائن آمد کو ایک معمول کا عمل قرار دیا ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ منیلا حکومت بحیرہ جنوبی چین کے تنازعے پر ٹوکیو حکومت کے ساتھ قریبی رابطہ کاری رکھے ہوئے ہے۔ بحیرہ جنوبی چین کے تقریباً تمام سمندر پر چین اپنا حقِ ملکیت جتاتا ہے۔ جاپانی جنگی بحری جہاز اور آبدوز سُوبِک بندرگاہ پر ایک ایسے وقت میں لنگرانداز ہوئے ہیں جب کل پیر کے روز سے امریکا اور فلپائن کی گیارہ روزہ جنگی مشقوں کا آغاز ہونے والا ہے۔

[pullquote] ٹی ٹوئنٹی ویمنز ورلڈ کپ ویسٹ انڈیز نے جیت لیا[/pullquote]

بھارتی شہر کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کرکٹ کا ٹی ٹوئنٹی ویمنز ورلڈ کپ ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے جیت لیا ہے۔ ویسٹ انڈین خواتین نے فائنل میچ میں آٹھ وکٹوں سے فتح حاصل کر کے پہلی مرتبہ ورلڈ کپ جیتا ہے۔ آسٹریلوی خواتین کی ٹیم کی کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں دو کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے پر 148 اسکور بنایا۔ ویسٹ انڈیر کی ویمن ٹیم نے بیسویں اوور میں 149 کا ٹارگٹ حاصل کر لیا اور اُس کی بھی دو کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے ۔

[pullquote] شاہد آفریدی نے پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی چھوڑ دی[/pullquote]

پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے کپتان شاہد آفریدی نے کپتانی سے دست بردار ہونے کا اعلان کیا ہے۔ تاہم انہوں نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ مزید کھیلنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ بھارت میں منعقد ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی پاکستانی ٹیم کی انتہائی ناقص کاکردگی کے بعد آفریدی کو ہدفِ تنقید بنایا جا رہا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے