ہر خبر، مختصر، مستنداورپراثر، پاکستان اور دنیا بھرسےاہم ترین اور دلچسپ خبروں کاپہلاآن لائن بلیٹن

[pullquote]پاکستان[/pullquote]

[pullquote]وزیر داخلہ نےپی ٹی آئی جلسے کےلئےگرین سگنل دے دیا[/pullquote]

chodri nasir

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیر داخلہ چودھری نثار کی طرف سے اسلام آباد انتظامیہ کو پی ٹی آئی کے 24 تاریخ کے جلسے کے حوالے سے گرین سگنل مل گیا۔ وزیر داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ اسلام آباد انتظامیہ پی ٹی آئی کی مقامی قیادت کے ساتھ بیٹھ کر تمام امور خوش اسلوبی سے طے کرے، جلسے میں کوئی رکاوٹ نہ ڈالی جائے۔ جن امور پر پی ٹی آئی قیادت سے گفت و شنید ہونی ہے ان میں سر فہرست اس بات کی گارنٹی ہو کہ مقررہ وقت کے بعد تمام شرکاء پر امن طور پر منتشر ہو جائیں گے۔ اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ جلسے سے اسلام آباد کے رہائشیوں کے روز مرہ کے معمولات پر کم سے کم اثر پڑے۔

[pullquote]پولیو کے خاتمے کے لیے نئی اور بہتر دوا تیار
[/pullquote]

polio mohem

پولیو کی خاتمے کے لیے ایک نئی دوا جلد ہی دنیا کے 150 سے زیادہ ممالک میں متعارف کی جائے گی جس کے بارے میں ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ایک سنگِ میل ثابت ہوسکتی ہے۔
پولیوں کے اس نئے ٹیکے سے اس کے وائرس میں بچ جانے والی دو چیزوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جائے گی۔
پولیوں کے خاتمے کے لیے ایک کامیاب ٹیکے کا استعمال گذشتہ 30 برسوں سے ہوتا آیا ہے اس لیے اس موجودہ ٹیکے سے نئے ٹیکے کی طرف تبدیلی کا عمل اتنا آ‎سان نہیں ہوگا۔
تقریبا 150 ممالک میں ہزاروں لوگ اس تبدیلی کے عمل کی نگرانی کریں گے۔

[pullquote]‘متحدہ پر پابندی کا مطالبہ ضمیر فروش کر رہے ہیں’[/pullquote]
571389ba20443

کراچی : متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رکن صوبائی اسمبلی محمد حسین کا کہنا ہے کہ ضمیر فروش انسان ایم کیو ایم پر پابندی کا مطالبہ کررہے ہیں، متحدہ قومی موومنٹ عوامی ووٹوں سے ایوانوں میں آئی ہے۔
کراچی میں ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو میں رابطہ کمیٹی کے دیگر ارکان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد حسین کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پر پابندی کا مطالبہ کرنے والے ضمیر فروشوں پر قتل، بھتہ خوری اور چائنا کٹنگ کے الزامات ہیں، ان ضمیر فروشوں نے مختلف الزامات عائد کرکے ایجنڈا واضح کر دیا ہے کہ وہ غریبوں کی جماعت ایم کیو ایم کو ختم کرنے کی سازش پر عمل پیرا ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے غدار ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بنا کر عوام کو گمراہ کررہے ہیں، ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین پر بے بنیاد الزامات لگائے جا رہے ہیں لیکن عوام کو ایم کیو ایم سے گمراہ نہیں کیا جاسکتا۔

[pullquote]دو ہزار سکھ یاتری بیساکھی میلے میں شرکت کے بعد ننکانہ صاحب پہنچ گئے.[/pullquote]

nankana-sahib- sikh

ننکانہ صاحب : بیساکھی میلہ میں شرکت کے لئے 2 ہزار سے زائد بھارتی سکھ یاتریوں سمیت دنیا بھر سے آئے ہوئے سکھ یاتری گزشتہ رات خصوصی ٹرینوں کے ذریعے گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب پہنچ گئے، ریلوے سٹیشن پر ڈی پی اوننکانہ رانا ایاز سلیم، ایڈمنسٹریٹر متروکہ وقف املاک بورڈ وہاب گل، ٹی ایم او ننکانہ امجد حسین ڈھلوں، اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ میاں رفیق احسن، ڈی او سوشل ویلفیئر محمد مبشر ربانی سمیت دیگر ضلعی افسران نے بھارتی سکھ یاتریوں کا پرتپاک استقبال کیا۔
سکھ یاتریوں نے گورودوارہ جنم استھان میں اکھنڈ پاٹھ کی رسم کے ساتھ تقریبات کا باقاعدہ آغاز کیا، سکھ یاتری اکھنڈ پاٹھ کی رسم کے علاوہ متھاٹیکی، ارداس، شبدکیرتن اور اشنان کی رسومات ادا کر رہے ہیں، سکھ یاتری گورودوارہ جنم استھان سمیت شہر میں موجود ساتوں گورودواروں کی یاترا کرنے کے علاوہ گورودواروں میں متھاٹیکی کی رسم بھی ادا کر رہے ہیں۔ سکھ یاتریوں کی سکیورٹی کے لئے 14سو سے زائد پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جبکہ گورودوارہ جنم استھان کی طرف جانیوالی شاہراہ کو مکمل طور پر بند کر کے ہر قسم کی ٹریفک کو روک دیا گیا ہے۔

[pullquote]موریشس کی پہلی خاتون صدر کی پاکستان آمد[/pullquote]

5713411674d31

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان نے مہمان صدر امینہ فردوس کا استقبال کیا، اس موقع پر سندھ اسمبلی کے ارکان بھی موجود تھے۔
موریشس کی صدر کے ہمراہ 8 رکنی وفد بھی ہے، ان کی صدر ممنون حسین سے ملاقات طے ہے۔
ڈاکٹر امینہ فردوس کی پاکستانی قیادت سے ملاقاتوں میں اقتصادی و تجارتی تعلقات کے فروغ، توانائی اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
بعد ازاں ماریشس کی صدر ڈاکٹرامینہ فردوس اسلام آباد روانہ ہوئیں جہاں ہوائی اڈے پر وزیر مملکت آئی ٹی انوشہ رحمٰن نے ان کا استقبال کیا۔
ڈاکٹر امینہ فردوس کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ موریشس کی پہلی خاتون صدر منتخب ہوئیں۔
موریشس نے 1968 میں برطانوی راج سے آزادی حاصل کی جبکہ 1992 میں برطانوی ملکہ الزبتھ کی جگہ پہلی بار ملک کا سربراہ مقامی شخص منتخب کیا گیا۔
افریقی ملک موریشس براعظم میں امیر ملک شمار ہوتا ہے جبکہ اس میں بدعنوانی کی شرح بھی انتہائی کم ہے۔

[pullquote]رضاربانی کی پاناما کمیشن کی سربراہی سے معذرت[/pullquote]

Raza-Rabbani

اسلام آباد: سینیٹ کے چیئرمین رضا ربانی نے پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے مجوزہ پارلیمانی کمیشن کا سربراہ بننے سے معذرت کر لی ہے۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے پارلیمانی کمیشن کی سربراہی کے لیے رضا ربانی کا نام تجویز کیا تھا۔
رضا ربانی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایوان بالا کے چیئرمین کی حیثیت سے سینیٹ کے حقوق کی حفاظت خصوصی طور پر جبکہ پارلیمنٹ کے حقوق کا خیال رکھنا عمومی طور پر میری ذمہ داری ہے، لہذا ایسی صورت میں اگر کمیشن کی سربراہی قبول کی تو مفادات کا ٹکراؤ ہو سکتا ہے۔اس طرح کے معاملات میں تحقیقات کے حوالے سے مجھے کسی بھی قسم کا تجربہ نہیں ہے۔
پاناما لیکس کی تحقیقات میں حقائق کے حوالے سے کئی پیچیدہ سوالات اٹھتے ہیں جبکہ اس حوالے سے قانون اور اس کے دائر اختیار پر بھی مہارت کی ضرورت ہے۔

[pullquote]’را’ کیلئے کام کرنیوالے 2 پاکستانی ماہی گیر گرفتار[/pullquote]

کراچی: سندھ پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گرد (سی ٹی ڈی) نے 2 افراد گرفتار کیا ہے، جن کے حوالے سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ان دونوں ماہی گیروں کا ہندوستانی خفیہ ادارے ‘را’ سے رابطے تھے۔
سی ٹی ڈی کے سینئر سرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) نوید خواجہ کا کہنا تھا کہ پولیس نے خفیہ اطلاع پع ٹھٹھہ کے علاقے شاہ بندر میں کارروائی کرتے ہوئے صدام حسین اور محمد بچل کو گرفتار کیا۔
رپورٹ کے مطابق ایس ایس پی نوید خواجہ کا مزید کہنا تھا کہ ان مشتبہ افراد نے بتایا ہے کہ ان کو ایک اور ماہی گیر محمد خان نے ہندوستانی خفیہ ادارے ‘را’ کے لیے کام کرنے پر قائل کیا جبکہ اس کے بدلے میں ان کو ہندوستانی کی سمندری حدود میں مچھلی کا شکار کرنے کی اجازت دی جاتی تھی، ان کو خفیہ ادارے کی جانب سے پیسے بھی دیئے جاتے تھے۔
نوید خواجہ کا مزید کہنا تھا کہ یہ مشتبہ افراد شاہ بندر کے راستے ہندوستان میں داخل ہوئے، جہاں انہوں نے گجرات کے شہر بھوج میں پولیس اسٹیشن میں را کے اہلکاروں کرن اور ارجن سے ملاقات کی۔
ان کا کہنا تھا کہ را کے اہلکاروں نے ان دونوں ماہی گیروں کو کیمرا کے ساتھ ساتھ کچھ اہداف دیئے، جس میں پاکستان میں نیوی کی تنصیبات کے علاوہ کراچی اور ٹھٹھہ میں کوسٹ گارڈز کی پوزیشنز کی تفصیلات کی فراہمی شامل تھیں۔

[pullquote]سعودی عرب:شہری کوبچانے پرپاکستانی کوانعام[/pullquote]

CgJ2jvQXIAA6sTP

جدہ(نمائندہ خصوصی) سعودی ولی عہد نے سیلابی ریلے میں پھنسے شخص کی جان بچانے والے بہادر پاکستانی کو ایوارڈ دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ صوبہ عسیر کا ڈسٹرکٹ تثلیث میں ہونے والی موسلا دھار بارشوں کے دوران وہاں پر مقیم پاکستانی محنت کش شوکت علی امین نے اپنی جان پر کھیل کر سیلابی نالے میں گاڑی سمیت پھنسے ہوئے سعودی شہری کو بچا لیا۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن نایف نے شوکت کو نقدی انعام کے ساتھ ایوارڈ سے نوازنے کا حکم دے دیا۔اس سے قبل اہل علاقے نے بھی شوکت علی کے اعزاز میں تقریب منعقد کی اور اسے انعام سے نوازا۔پاکستانی شہری نے ولی عہد کی جانب سے نقد انعامی رقم پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

[pullquote]صوبائی وزیر کے خلاف بینک کا اشتہار
[/pullquote]

160416142408_bank_of_punjab_640x360_mashriqakhbar_nocredit

پاکستان کی مذہبی سیاسی پارٹی، جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ کے خلاف صوبے میں قائم بینک آف خیبر کی انتظامیہ نے ایک اشتہار شائع کیا ہے جس میں ان پر بینک کے معاملات میں مداخلت کے الزامات عائد کیےگئے ہیں جب کہ جماعت اسلامی کے مطابق وہ اسلامی بینکاری کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔
بینک آف خیبر کی جانب سے آج اخبارات میں ایسا اشتہار شائع کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وزیر خزانہ کی جانب سے بینک کے خلاف جھوٹے اور گمراہ کن الزامات لگائے گئے ہیں۔
ان اشتہارات میں جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزیر مظفر سید پر یہ الزام عائد کیا گیا ہے کہ موصوف سیاسی طور پر نامزد افراد اور رشتہ داروں کی تقرری اور بینک کے ملازمین کے تبادلے اور تقرری جیسے اندرونی معاملات میں مداخلت کرنا چاہتے تھے جس پر بینک انتظامیہ نے انکار کیا جس سے وزیر موصوف پریشان تھے۔

[pullquote]عالمی خبریں[/pullquote]

[pullquote]ایکواڈور: زلزلے کے بعد دس ہزار فوجی بھی امدادی سرگرمیوں میں شامل
[/pullquote]
160417070601_ecuador_orthwest_pacific_coast_causing_640x360_reuters_nocredit

ایکواڈور میں ہفتے کی شب آنے والے شدید زلزلے کے بعد امدادی سرگرمیوں میں شرکت اور امن و امان قابو میں رکھنے کے لیے دس ہزار فوجی تعینات کر دیے گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اس زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 77 ہو چکی ہے، جب کہ 570 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب آنے والے اس زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7.8 ریکارڈ کی گئی۔ اس زلزلے سے سب سے زیادہ متاثرہ ایکواڈور کا شمالی ساحلی علاقے ہیں۔ زلزلے کے بعد ہنگامی حالت کا نفاذ کر کے ریکسیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، جب کہ ہمسایہ ممالک کولمبیا اور میکسیکو سے بھی امدادی ٹیمیں ایکواڈور پہنچ رہی ہیں۔

[pullquote]سعودی عرب: فیکٹری میں آتشزدگی سے 12 ہلاک
[/pullquote]

167960d59a0dc3653226d5718cc46c94_M

ریاض: سعودی عرب میں ایک کیمکل فیکٹری میں آتشزدگی کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک ہوگئے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سعودی عرب کے مشرقی شہر جوبیل میں پیٹرولیم مصنوعات بنانے والی فیکٹری میں آگ بھڑک اُٹھی، جس سے مذکورہ ہلاکتیں ہوئیں۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے نے جوبیل کے صنعتی زون کے ترجمان عبدالرحمٰن کے حوالے سے بتایا ہے کہ فیکٹری میں آتشزدگی اس وقت ہوئی جب یہاں بحالی کا کام جاری تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ واقعے میں ہلاک ہونے والے افراد کیمیکلز سے جھلس کر ہلاک ہوئے ہیں۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ واقعے میں فیکٹری کے 11 ملازمین زخمی بھی ہوئے جن میں سے 6 کی حالت انتہائی تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔

[pullquote]امریکہ کی اسلام آباد میں مقیم اپنے شہریوں کو تنبیہ[/pullquote]

USA

امریکی وزارت خارجہ نے اپنے شہریوں کو مبینہ خطرے کے پیش نظر پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں کے ایک فائیو سٹار ہوٹل اور اسں کے ارد گرد کے علاقوں سے دور رہنے کے لیے کہا ہے۔
پاکستان میں امریکی سفارتخانے کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’سفارتخانے کو اسلام آباد میں میریٹ ہوٹل پر حملے کے معمولی لیکن غیر مصدقہ خطرے کے بارے میں معلوم ہوا ہے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’امریکی شہریوں سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ آئندہ چند دنوں کے دوران ان علاقوں سے دور رہیں جب تک کے صورتحال کا جائزہ نہیں لے لیا جاتا۔‘
گذشتہ دنوں اسلام آباد میں قانون نافد کرنے والے اداروں نے پارلیمنٹ ہاؤس کے علاوہ جڑواں شہر راولپنڈی میں واقع فائیو سٹار ہوٹل میں بم کی مبینہ اطلاعات کے بعد دونوں شہروں کی ناکہ بندی کر دی تھی۔
مقامی پولیس کے مطابق اُنھیں وزارت داخلہ کی جانب سے اطلاع موصول ہوئی تھی کہ اُنھیں ایک گمنام ٹیلی فون کے ذریعے بتایا گیا کہ مذکورہ عمارتوں میں دھماکہ خیز مواد رکھا گیا ہے جو کچھ کے دیر کے بعد پھٹ جائےگا۔

[pullquote]عدن ایئرپورٹ کے قریب دو بم حملے ناکام بنا دیے، یمنی پولیس
[/pullquote]

یمنی پولیس کا کہنا ہے کہ جنوبی بندرگاہی شہر عدن کے ہوائی اڈے پر اتوار کی صبح دو بم حملے ناکام بنا دیے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق ایک تیز رفتار گاڑی کو ایئرپورٹ کی جانب بڑھتے ہوئے فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا، جب کہ دھماکا خیز مواد سے بھری یہ گاڑی دھماکے سے پھٹ گئی۔ حکام کے مطابق اس واقعے میں پانچ پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ہوائی اڈے کے قریب ایک کھڑی گاڑی میں موجود دھماکا خیز مواد بھی ناکارہ بنایا گیا۔ فی الحال کسی گروپ یا تنظیم نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے، تاہم اس قسم کے حملوں میں اس سے قبل القاعدہ اور اس سے منسلک مسلم شدت پسند ملوث رہے ہیں۔

[pullquote]ایرانی فوجی پریڈ، جدید ترین روسی میزائل بھی شامل
[/pullquote]

ایران میں بَری فوج کے دن کے موقع پر دارالحکومت تہران میں فوجی پریڈ کا اہتمام کیا گیا، جس میں جدید ترین ہتھیاروں کی نمائش کی گئی۔ اس نمائش میں حال ہی میں روس سے حاصل کردہ میزائل دفاعی نظام S-300 بھی شامل کیا گیا تھا۔ خیال رہے کہ یہ نظام کچھ روز قبل ہی روس نے ایران کے حوالے کیا ہے۔ اس پریڈ میں اس میزائل نظام کی ٹیوبز اور ریڈار آلات دکھائی گئے۔ اس موقع پر صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایران دفاعی مقاصد کے لیے اپنی فوجی قوت میں اضافہ جاری رکھے گا۔

[pullquote]شمالی کوریا ایک اور جوہری تجربے کی تیاری کر رہا ہے
[/pullquote]

شمالی کوریا ممکنہ طور پر پانچویں جوہری تجربے کی تیاری میں مصروف ہے۔ جنوبی کوریا کے ذرائع کے مطابق یہ تجربہ ممکنہ طور پر مئی میں شمالی کوریا کی کمیونسٹ پارٹی کی کانگریس سے قبل کیا جا سکتا ہے۔ جنوبی کوریا کے میڈیا کا کہنا ہے کہ جمعے کے روز ناکام میزائل تجربے کے بعد شمالی کوریا کی جوہری تنصیب میں سرگرمیوں میں غیرمعمولی اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اس سے قبل رواں برس جنوری میں پیونگ یانگ نے طویل فاصلے تک مار کی صلاحیت کے حامل میزائل تجربے کے ساتھ ساتھ جوہری تجربہ بھی کیا تھا۔

[pullquote]جنیوا امن مذاکرات نہایت ’منفی‘ ہیں، شامی باغی گروہ
[/pullquote]

شام کے ایک طاقتور باغی گروہ الحرار الشام نے اقوام متحدہ کے زیرسرپرستی جنیوا میں جاری امن مذاکرات پر شدید تنقید کی ہے۔ اس باغی گروہ نے ان مذاکرات میں شامل اپوزیشن وفد کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ زمین پر خراب ہوتے عسکری حالات سے بے خبر ہے۔ الحرار الشام اسلامی شدت پسند گروہ ہے اور شامی تنازعے کا ایک بڑا عسکری فریق تصور کیا جاتا ہے۔ اس گروپ کے مطابق روس اور ایران مل کر شامی حکومت کی مدد کرتے ہوئے مختلف مقامات پر عسکری طریقے سے قبضہ کر رہے ہیں، جب کہ اپوزیشن وفد مسلسل بات چیت پر اصرار کرتا دکھائی دیتا ہے۔

[pullquote]گوانتانامو کے نو یمنی قیدی سعودی عرب کے حوالے
[/pullquote]

امریکا نے گوانتانامو کے حراستی مرکز سے نو یمنی قیدیوں کو سعودی عرب منتقل کر دیا ہے۔ قیدیوں کی سعودی عرب منتقلی امریکی صدر باراک اوباما کے دورہء سعودی عرب سے چند روز قبل کی گئی ہے۔ امریکی حکام کے مطابق طویل مذاکرات کے بعد سعودی عرب اور امریکا قیدیوں کی اس حوالگی پر متفق ہوئے تھے۔ رواں برس فروری میں صدر اوباما کی جانب سے ایک مرتبہ پھر اس عزم کے اظہار کیا گیا تھا کہ وہ اپنی مدت صدارت کی تکمیل سے قبل گوانتانامو کا حراستی مرکز بند کرنا چاہتے ہیں۔ اوباما کے اس اعلان کے بعد تعداد کے اعتبار سے اس جیل سے کسی اور مقام پر متنقل کیا جانے والا قیدیوں کا یہ سب سے بڑا گروپ تھا۔

[pullquote]اوپیک ممالک کا اجلاس
[/pullquote]

تیل کی پیداوار کے اعتبار سے اہم ممالک کے وفود قطر میں اوپیک اجلاس میں شرکت کے لیے پہنچ رہے ہیں۔ ایران اور سعودی عرب کے درمیان جاری کشیدگی کے سائے اس اجلاس پر منڈالتے دکھائی دیے ہیں۔ اس اجلاس کا مقصد پیدوار کم کر کے عالمی منڈیوں میں تیل کی گرتی قیمتوں کو سہارا دینا ہے۔ سعودی عرب کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جب تک ایران اپنی تیل کی پیداوار کو کم نہیں کرے گا، سعودی عرب بھی تیل کی پیدوار نہیں روکے گا۔ ادھر ایران نے اس اجلاس میں شرکت سے انکار کر دیا ہے۔ خیال رہے کہ عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمت ریکارڈ حد تک گراوٹ کا شکار ہے۔

[pullquote]یورپ لاکھوں مہاجرین قبول نہیں کر سکتا، سابق جرمن چانسلر
[/pullquote]

سابق جرمن چانسلر ہیلمُٹ کوہل نے کہا ہے کہ یورپ مہاجرین کا ’نیا گھر‘ نہیں بن سکتا اور لاکھوں مہاجرین قبول کرنے کی سکت نہیں رکھتا۔ ہیلمُٹ کوہل کی جانب سے پہلی مرتبہ چانسلر میرکل کی مہاجرین دوست پالیسی پر اس طرح کی تنقید سامنے آئی ہے۔ کوہل کا یہ بیان اتوار کے روز جرمن جریدے ٹاگیس شپیگل میں شائع ہوا۔ 86 سالہ کوہل منگل کے روز عوامی سطح پر میرکل کی پالیسیوں کی مخالفت کرنے والے ہنگری کے وزیراعظم وِکٹور اوربان سے بھی ملاقات کر رہے ہیں۔ خیال رہے کہ چانسلر میرکل کی مہاجرین دوست پالیسی کی وجہ سے گزشتہ برس گیارہ لاکھ مہاجرین نے جرمنی کا رخ کیا۔ سابقہ مشرقی اور مغربی جرمنی کے انضمام کے وقت بطور چانسلر خدمات سرانجام دینے والے ہیلمُٹ کوہل نے سن 2002ء میں سیاست کو خیرباد کہہ دیا تھا اور وہ کم کم ہی عوامی سطح پر نظر آتے ہیں۔

[pullquote]اسرائیلی کابینہ کا اجلاس پہلی مرتبہ گولان میں
[/pullquote]

اسرائیلی کابینہ کا اجلاس اتوار کے روز پہلی مرتبہ گولان کے پہاڑی علاقے میں منعقد ہو رہا ہے۔ اسرائیلی میڈیا پر سامنے آنے والی رپورٹوں کے مطابق کابینہ کے اس اجلاس کا مقصد بین الاقوامی برادری کو یہ پیغام دینا ہے کہ اسرائیلی حکومت گولان کے پہاڑی علاقے پر قبضے کا کوئی منصوبہ نہیں رکھتی۔ اسرائیل نے سن 1967ء کی چھ روزہ جنگ میں یہ علاقہ شام سے چھین لیا تھا، جب کہ بعد میں اسے اسرائیل کا حصہ بنانے کا اعلان کیا گیا تھا۔ تاہم بین الاقوامی برادری اسرائیلی اقدام کو تسلیم نہیں کرتی اور اسے مقبوضہ علاقہ قرار دیتی ہے۔

[pullquote]کھیلوں کی خبریں
[/pullquote]

[pullquote]رنگنا ہیراتھ ون ڈے، ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے کنارہ کش[/pullquote]

5713956e27248

کولمبو: سری لنکا کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اسپن باؤلر رنگنا ہیراتھ نے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے کنارہ کشی کا اعلان کردیا۔
سری لنکا کرکٹ بورڈ کے اعلامیے کے مطابق رنگنا ہیراتھ نے ٹیسٹ کرکٹ کے کیریئر کو طول دینے کے لیے مختصر طرز کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا۔
ہیراتھ کا کہنا تھا کہ ‘ہر کرکٹر کو اچھے وقت پر اپنے کیرئر کو ختم کرنا چاہیے، میرے خیال میں 2019 کے ورلڈ کپ کے پیش نظر نوجوان کھلاڑیوں کو تیار کرنے کے لیے انھیں موقع دینے کا وقت ہے’۔
38سالہ اسپنر نے 71 ون ڈے اور 17 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں سری لنکا کی نمائندگی کرتے ہوئے ون ڈے میں 74 اور ٹی ٹوئنٹی میں 18 وکٹیں حاصل کیں۔
رنگنا ہیراتھ نے 2011 میں مایہ ناز اسپنر متھیا مرلی دھرن کی ریٹائرمنٹ کے بعد سری لنکن ٹیم میں اسپن باؤلنگ کی ذمہ داری نبھائی۔
انھوں نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2014 میں ٹیم کو عالمی چمپین بنانے کے لیے بہترین کارکردگی دکھائی جہاں انھوں نے صرف 3 میچوں میں 5 وکٹیں حاصل کیں اور نیوزی لینڈ کے خلاف اہم میچ میں 120 رنز کے چھوٹے ہدف کا دفاع کرنے میں ان کا کلیدی کردارتھا۔
سری لنکا کرکٹ بورڈ نے ہیراتھ کی جانب سے مختصر طرز کرکٹ سے کنارہ کشی پر نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے مستقبل میں کرکٹ سے منسلک رہنے کے فیصلے کو سراہا۔

[pullquote]انضمام الحق افغان ٹیم کی کوچنگ سے مستعفی، پی سی بی سلیکشن کمیٹی کا اعلان کل متوقع[/pullquote]

Inzamam-ul-Haq-131

لاہور (نمائندہ سپورٹس ) انضمام الحق نے افغان کرکٹ ٹیم کی کوچنگ سے استعفیٰ دیدیا‘ استعفیٰ افغان کرکٹ بورڈ کو موصول ہوگیا ہے جس کی چیئرمین افغان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کردی ہے۔ استعفیٰ میں انہوں نے کہا ہے کہ قومی مفاد کی خاطر میں افغان ٹیم کے ہیڈ کوچ کا عہدہ نہیں سنبھال سکتا اس لیے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔پی سی بی چیئرمین نے بھی افغان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین سے رابطہ کیا اور ان سے انضمام الحق کے حوالے سے گفتگو کی۔ چیئرمین پی سی بی شہریار خان کا کہنا تھا کہ ہم افغان کرکٹ بورڈ کو فوری طور پر ہیڈ کوچ فراہم کرسکتے ہیں۔ افغان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شفیق اللہ ستنکزئی کا کہنا تھا کہ اپنا ملک سب سے پہلے ہونا چاہیے، پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہمیشہ ساتھ دیا ہے اور اس سے بہتر تعلقات کے خواہاں ہیں انضمام الحق کا استعفیٰ بذریعہ ای میل موصول ہوا ہے جسے منظور کرلیا گیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے انضمام الحق کی خدمات حاصل کرلی ہیں ، 46 سالہ سابق کپتان نئے چیف سلیکٹر ہونگے۔پی سی بی اور انضمام الحق کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں، حتمی اعلان آج متوقع ہے۔انضمام الحق کی بحیثیت چیف سلیکٹر پہلی ذمہ داری دورہ انگلینڈ کے لیے ٹیم کا انتخاب ہے۔ کرکٹ لیجنڈ دو ہزار بارہ میں قومی ٹیم کے عبوری بیٹنگ کوچ بھی رہے۔ عارضی ہیڈ کوچ کے لیے معین خان مضبوط امیدوار ہیں .

[pullquote]شوبز
[/pullquote]

[pullquote]سوئیڈش گلوکارہ کی میوزک ویڈیو کی پاکستان میں تیاری[/pullquote]

571379afae3e4

یہ بات تو تقریباً سب ہی کے علم ہے کہ معروف سوئیڈش گلوکارہ ایلی فنٹ نے رواں سالہ اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ڈپلو کانسرٹ میں پرفارم کیا۔
لیکن اب خبر یہ ہے کہ ایلفنٹ نے پاکستان سے واپسی سے قبل اپنی نئی البم ‘لونگ لائف گولڈن’ کے گانے ‘سپون می’ کی ویڈیو میں یہیں شوٹ کی۔
ویڈیو میں ایلی فنٹ کو تین ‘خوبصورت اور بہادر افراد’ وینا، سائما اور زینی کے درمیان دیکھا جا سکتا ہے۔
ایلی فنٹ کا کہنا تھا کہ وہ کچھ ہفتے قبل اسلام آباد میں ڈپلو کانسرٹ کے دوران ‘سپون می’ کی ویڈیو بنانے کا ارادہ رکھتی تھیں مگر انہیں یہ معلوم نہیں تھا کہ وہ اسے ‘خاص’ کیسے بنائیں گی۔ ‘لیکن جب میں ان تین لڑکیوں سے ملی تو مجھے اندازہ ہو گیا کہ یہ میری ویڈیو میں کام کریں گی اور یہی اسے ویسا ہی بنائیں گی جیسا میں اپنی ویڈیوز کو دیکھنا چاہتی ہوں۔ ہم نے اسے ایک دن میں بنایا اور اس میں کام کرنے والے سب ہی لوگوں نے بہترین کام کیا۔’
ایک دن میں بننے والی ویڈیو کو شہباز شگری نے ڈائریکٹ کیا اور انہیں اپنی اہلیہ عائشہ کی معاونت بھی حاصل تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے