کراچی میں فائرنگ، 7 پولیس اہلکار ہلاک

کراچی: اورنگی ٹاؤن میں انسداد پولیو مہم کے رضا کاروں کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر 2 مختلف مقامات پر فائرنگ کے نتیجے میں7 اہلکار ہلاک ہو گئے۔

بنگلہ بازار کے علاقے میں پہلے انسداد پولیو مہم کے رضاکاروں کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا جس میں 3 اہلکار ہلاک ہوئے بعد ازاں موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے پولیس موبائل پر فائرنگ کی جس میں 4 اہلکار ہلاک ہوئے۔

فائرنگ کا نشانہ بننے والے اہلکاروں کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا لیکن اس سے قبل ہی تمام اہلکار ہلاک ہو گئے۔

رپورٹ کے مطابق پولیس اہلکار انسداد پولیو مہم کے دوران قطرے پلانے والے رضا کاروں کی حفاظت پر مامور تھے، اس علاقے میں انسداد پولیو مہم کا آخری روز تھا، واقعے میں پولیو رضا کار محفوظ رہے۔

پولیس حکام کے مطابق 4 موٹر سائیکلوں پر سوار 8 حملہ آوروں نے پہلے پولیو رضاکاروں کی حفاظت پر مامور اہلکاروں کو نشانہ بنایا، بعد ازاں گشت کرنے والی ایک موبائل پر حملہ کیا گیا۔

واقعے کے بعد رینجرز اور پولیس کے اعلیٰ حکام جائے وقوع پر پہنچ گئے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے اورنگی ٹاؤن میں فائرنگ کے واقعے کی انسپکٹر جنرل (آئی جی ) پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔

اس سے قبل بھی کراچی میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں۔

اورنگی ٹاؤن کا علاقہ سیکیورٹی کی صورتحال کے حوالے سے حساس مانا جاتا ہے، جہاں آئے روز فائرنگ کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں۔

کراچی میں ستمبر 2013 میں دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن شروع کیا گیا تھا، تاہم گذشتہ کچھ دنوں سے پولیس اہلکاروں پر حملے کے واقعات میں تیزی آچکی ہے، جس میں ڈیوٹی پر مامور متعدد اہلکار ہلاک و زخمی ہوچکے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے