پاکستان اور دنیا بھر سے دلچسب اور اہم ترین خبریں

[pullquote]مشرف کو 20 مئی تک گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے . عدالت
[/pullquote]

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ایک انسداد دہشت گردی عدالت نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی عدالت میں حاضری سے عارضی استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ان کی 6 اپریل کو جمع کرائی گئی میڈیکل رپورٹ کو ‘جعلی’ قرار دے دیا۔سابق چیف جسٹس سمیت 60 ججز کی نظر بندی کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج سہیل اکرام نے کی۔

پرویز مشرف کے وکیل اختر شاہ نے سابق آرمی چیف کی میڈیکل رپورٹ اور اپنے موکل کی حاضری سے عارضی استثنیٰ کی درخواست عدالت میں جمع کرائی، تاہم عدالت نے دونوں کو مسترد کرتے ہوئے پرویز مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کو برقرار رکھا۔انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج سہیل اکرام نے قرار دیا کہ پرویز مشرف گذشتہ ماہ مارچ میں بیرون ملک گئے جبکہ جو رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی وہ اپریل کی ہے۔

پرویز مشرف کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اگر ڈاکٹر اجازت دیں اور سیکیورٹی مہیا کی جائے تو ان کے موکل عدالت میں پیش ہوں گے، جس پر جج نے کہا کہ پرویز مشرف گذشتہ ڈیڑھ برس سے عدالت میں پیش نہیں ہوئے ہیں۔سابق صدر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری سے متعلق اپنی رپورٹ میں اسلام آباد پولیس نے موقف اختیار کیا کہ چونکہ پرویز مشرف گذشتہ ماہ مارچ سے دبئی میں ہیں، اس لیے وارنٹ گرفتاری پر عمل نہیں کیا جاسکتا، جس پر جج نے انسپکٹر جنرل اسلام آباد کو حکم دیا کہ وہ ملزم پرویز مشرف کی رہائش کے بارے میں معلوم کریں اور انھیں گرفتار کرکے 20 مئی کو اگلی سماعت پر عدالت میں پیش کیا جائے۔

[pullquote]القاعدہ کا اہم کارکن اور اسامہ کا ساتھی کراچی سے گرفتار
[/pullquote]

کراچی میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے القاعدہ کے انتہائی مطلوب دہشت گرد عبدالرحمان سندھی کو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزم القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن اور ایمن الظواہری کے انتہائی قریبی ساتھیوں میں شمار ہوتا ہے۔ملزم عبدالرحمان سندھی کا نام مطلوب افراد کی فہرست میں 2001ء میں اس وقت شامل کیا گیا تھا، جب امریکی صحافی ڈینئل پرل کو کراچی میں اغوا کے بعد قتل کر دیا گیا تھا۔ سندھی اور سعود میمن پر شبہ ہے کہ انہوں نے اغوا کے لیے دہشت گردوں کو مالی معاونت فراہم کی تھی.امریکی اہلکار سعود میمن کو جنوبی افریقہ سے گرفتار کرکے گوانتانامو بے منتقل کیا گیا تھا، جہاں سے رہائی کے بعد 2005 میں اس کا انتقال ہوگیا تھا جبکہ عبدالرحمان سندھی نہ تو امریکی اور نہ ہی پاکستانی اداروں کے ہاتھ آیا تھا۔ایس ایس پی سید مقدس حیدر نے ملزم کی گرفتاری کے حوالے سے بتایا کہ ایک حساس ادارے نے پولیس کو مخبری کی تھی سندھی ناظم آباد میں موجود ہے، جس پر پولیس نے اسے چھاپہ مارکر گرفتار کرلیا۔

[pullquote]این ایف سی ایوارڈ کےفوری تعین کی ضرورت ہے، خورشید شاہ’
[/pullquote]

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ نے وزیر اعظم نواز شریف کو آٹھویں قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ کے تعین کے لیے خط ارسال کیا ہے۔وزیراعظم کو لکھے گئے خط میں خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ 7ویں این ایف سی ایوارڈ کی مدت 30 جون 2015 کو ختم ہوچکی ہے،جس کے بعد نیا این ایف سی ایوارڈ تقریباً 2 سال سے تاخیر کا شکار ہے۔انہوں نے کہا کہ 7ویں این ایف سی ایوارڈ کو صدارتی حکم نامے کے ذریعے ایک سال کی توسیع دی گئی تھی، این ایف سی ایوارڈ کے ذریعے صوبوں میں وسائل کی تقسیم کا تعین کیا جاتا ہے، جبکہ صوبوں میں وسائل کی حقیقت پسندانہ تقسیم کے لیے جلد از جلد نئے صاف اور شفاف این ایف سی ایوارڈ کے تعین کی ضرورت ہے۔

[pullquote]وکٹیں گرانے والے عمران خان کی اپنی وکٹ گر گئی .
[/pullquote]

PSP Hafiz ud din syed

کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی حفیظ الدین حالیہ دنوں میں بننے والی نئی جماعت پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) میں شامل ہو گئے۔سید حفیظ الدین 2013 کے عام انتخابات میں حلقہ پی ایس -93 سے سندھ اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں سید حفیظ الدین نے سندھ اسمبلی اور تحریک انصاف سے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کیا۔سید حفیظ الدین کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف چھوڑنے کی وجہ یہ تھی کی بہت کوشش کے بعد کراچی میں پارٹی کو کھڑا کیا تھا، لیکن پارٹی نے اندرونی طور پر آواز اٹھانے کے باوجود کچھ نہیں کیا گیا۔

[pullquote]لیہ: زہریلی مٹھائی کھانے سے 10 افراد ہلاک
[/pullquote]

لیہ: پنجاب کے ضلع لیہ کے چک 105م-ل میں زہریلی مٹھائی کھانے سے 33 افراد کی حالت غیر ہوگئی، جن میں سے 10 افراد ہسپتال میں دوران علاج ہلاک ہوگئے ، ہلاک ہونے والوں میں سے 3 افراد ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔پولیس کے مطابق سجاد نے گائوں میں موجود طارق ہوٹل اینڈ سویٹس شاپ سے اپنے بیٹے کی پیدائش کی خوشی میں مٹھائی (لڈو) خریدی اور خاندان والوں کے ساتھ خود بھی کھائی۔مٹھائی کھانے کے بعد ان افراد کی حالت غیر ہوگئی اور ان کو مقامی ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر(ڈی ایچ کیو) ہسپتال منتقل کردیا گیا۔علاج کے دوران 9 سالہ شہباز احمد، رمضان اور عرفان کی حالت نازک ہوگئی اور انہیں نشتر ہسپتال ملتان منتقل کردیا گیا، جہاں بعد ازاں وہ چل بسے۔

[pullquote]عاقب اور پیٹر مورس ہیڈ کوچ کے مضبوط امیدوار
[/pullquote]

150224053800_aqib_javed_640x360_bbc_nocredit

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے کیلئے سابق انگلش کوچ پیٹرمورس اور پاکستان کے سابق فاسٹ باؤلر عاقب جاوید مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں۔

[pullquote]100بااثرشخصیات: ثانیہ اور پریانکا بھی شامل
[/pullquote]

امریکی جریدے ٹائم کی جانب سے حال ہی میں دنیا کے 100 بااثر افراد کی فہرست جاری کی گئی ہے، جس میں پریانکا کا نام بھی شامل ہے . ٹائم میگزین نے سو شکصیات میں ہندوستانی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کا نام بھی شامل کیا ہے .فہرست میں شامل دیگر ہندوستانیوں میں آر بی آئی کے گورنر راگھورام راجن، گوگل کے سی ای او سندر پچائی اور فلپ کارٹ کے بانی بنی بنسال اور سچن بنسال بھی شامل ہیں۔

[pullquote]جاپان کی طرف سے پہلے اسٹیلتھ جنگی طیارے کی کامیاب پرواز
[/pullquote]

جاپان نے اپنے پہلے اسٹیلتھ لڑاکا طیارے کی کامیاب پرواز کا تجربہ کیا ہے۔ اس طرح جاپان دنیا کی اُن چند فوجی طاقتوں کے گروپ میں شامل ہو گیا ہے جن کے پاس راڈار کو دھوکہ دینے والی یہ ٹیکنالوجی موجود ہے۔ ملکی سطح پر تیار کردہ X-2 جیٹ نے ناگویا ایئرپورٹ سے اُڑان بھری اور 25 منٹ دورانیے کی کامیاب پرواز کے بعد گِیفُو Gifu ایئربیس پر اترا۔ جاپانی وزارت دفاع کی طرف سے بتایا گیا کہ اس پرواز کے دوران طیارے کی کارکردگی کے حوالے سے کوئی خاص مسئلہ سامنے نہیں آیا۔ جاپان نے اس منصوبے کا آغاز 2009ء میں کیا تھا۔

[pullquote]ترکی میں بم دھماکے کے نتیجے میں تین فوجی ہلاک
[/pullquote]

ترکی میں آج ہونے والے ایک بم حملے میں تین فوجی مارے گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ترکی کے مشرقی صوبے میں ایک فوجی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جس کی وجہ سے یہ ہلاکتیں ہوئیں۔ ترکی کے کُرد اکثریتی جنوب مشرقی علاقوں میں ترک فورسز اور علیحدگی پسند تنظیم کردستان ورکرز پارٹی کے جنگجوؤں کے درمیان اکثر جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں۔ ان جھڑپوں کا آغاز گزشتہ برس ترک حکومت اور PKK کے درمیان جنگ بندی معاہدہ ٹوٹنے کے بعد ہوا تھا۔

[pullquote]شامی حکومتی فورسز کی بمباری میں 10 افراد ہلاک
[/pullquote]

شامی حکومتی فورسز کی طرف سے کیے جانے والے فضائی حملوں میں کم از کم 10 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ شامی خانہ جنگی پر نگاہ رکھنے والی تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق یہ حملے صوبہ حلب کے مختلف مقامات پر آج جمعہ کے روز کیے گئے۔ آبزرویٹری کے مطابق ان حملوں میں درجنوں دیگر افراد زخمی بھی ہوئے جس کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

[pullquote]یمن میں قیام امن کے لیے مذاکرات کا آغاز
[/pullquote]

یمن میں جاری بحران کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی کوششوں سے کرائے جانے والے امن مذاکرات میں شیعہ حوثی باغی شامل ہو گئے ہیں۔ یہ مذاکرات پیر 18 اپریل کو شروع ہونا تھے تاہم باغیوں کی طرف سے احتجاج کے باعث مؤخر ہو گئے تھے۔ باغیوں کی طرف سے کہا گیا تھا کہ سعودی سربراہی میں قائم عسکری اتحاد نے 11 اپریل کو شروع ہونے والی جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کی تھیں۔ یمنی امن مذاکرات کے ایجنڈے میں سلامتی سے متعلق اقدامات کے علاوہ حوثی باغیوں کے مسلح گروپوں کا انخلاء اور اپنے ہتھیار ریاست کے حوالے کرنے جیسے اقدامات شامل ہیں۔ یمن میں جاری جنگ کے سبب ساڑھے چھ ہزار کے قریب افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]جرمنی میں سکھوں کے گردوارے پر حملہ، دو ٹین ایجرز گرفتار
[/pullquote]

جرمن شہر ایسن میں گزشتہ روز ایک سکھ گردوارے پر بم حملے کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہو گئے۔ جرمن پولیس کے مطابق اس حملے کے بعد دو ٹین ایج مسلمان لڑکوں کو گرفتار کیا گیا ہے، جو مشتبہ طور پر شدت پسندانہ سوچ رکھتے ہیں۔ پولیس کی طرف سے ایک فوٹیج جاری کیے جانے کے بعد ایک نوجوان نے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا جبکہ دوسرے کو ایک چھاپے کے دوران گرفتار کیا گیا۔ جرمن میڈیا کے مطابق یہ دونوں نوجوان جرمنی میں ہی پیدا ہوئے اور یہیں پلے بڑھے۔ پولیس کے مطابق گردوارے پر حملے کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں میں سے ایک شخص کی حالت تشویشناک ہے۔

[pullquote]ادریس دیبے پانچویں مرتبہ چاڈ کے صدر منتخب
[/pullquote]

افریقی ملک چاڈ میں سینیئر رہنما ادریس دیبے کو پانچویں مدت کے لیے صدر منتخب کر لیا گیا ہے۔ یہ بات ملکی الیکشن کمیشن کی طرف سے بتائی گئی ہے۔ اپوزیشن کی طرف سے انتخابی دھاندلی کا الزام عائد کیا گیا ہے جبکہ افریقی یونین کے انتخابی مبصرین نے 10 اپریل کو ہونے والے صدارتی انتخابات کو آزادانہ اور شفاف قرار دیا تھا۔ چاڈ کے الیکشن کمیشن کے مطابق دیبے نے 61 فیصد ووٹ حاصل کیے جبکہ اپوزیشن رہنما صالح کیبازو کو 12.8 فیصد ووٹ ملے۔ دیبے نے 1990ء میں فوجی بغاوت کے ذریعے اقتدار حاصل کیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے