پاکستان اور دنیا بھر سے آج کی اہم ترین خبروں پر مشتمل پہلا آن لائن بلیٹن

[pullquote]ہم جھوٹ بولنے کی سیاست نہیں کرتے۔’نواز شریف
[/pullquote]

وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ وہ ملک میں دھرنوں کی نہیں بلکہ ترقی کی سیاست کرتے ہیں۔ آزاد کشمیر کے علاقے کوٹلی ستیاں میں جلسہ عام سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ وہ 2013 کا الیکشن جیت کر ترقی لانے اور غربت ختم کرنے کا عزم لے کر آئے۔
‘ہماری سیاست ترقی کی سیاست ہے، ہماری سیاست خوشحالی کی سیاست ہے، ہماری غربت کے خاتمے کی سیاست ہے، ہم دھرنوں کی سیاست نہیں کرتے، ہم پاکستان کی تباہی کی سیاست نہیں کرتے، ہم جھوٹ بولنے کی سیاست نہیں کرتے۔’

[pullquote]آرمی چیف اردن پہنچ گئے .
[/pullquote]

اردن میں شہزادہ حسن طلال سے ملقات ہوگئی ، انہیں گارڈ آف آرنرز پیش کیا گیا . انہیں دہشت گردی کے خاتمے کے خلاف جنگ پر میڈل آف میرٹ سے نوازا گیا . انہوں نے سیاسی اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں ،

[pullquote]سورن سنگھ کو طالبان نے نہیں بلکہ سیاسی حریف نے مارا.
[/pullquote]

پاکستانی پولیس کے مطابق سردار سورن سنگھ کو طالبان نے ہلاک نہیں کیا بلکہ اسے ایک کرائے کے قاتل نے جان سے مارا ہے۔ پولیس نے اس قتل کی تفتیش کے سلسلے میں سورن سنگھ کے ایک ہندو ساتھی کو حراست میں بھی لے لیا ہے۔پاکستان کی سکھ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے سورن سنگھ کو جمعے کے دن نامعلوم افراد نے گولیاں مار کر ہلاک کیا تھا۔ بعد ازاں حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔ ایک دن بعد بروز ہفتہ پاکستانی طالبان نے اس کارروائی کی ذمہ داری قبول کر لی تھی۔ بلدیو کمار دراصل اس بات پر ناراض تھا کہ سن 2013 میں انتخابات کے لیے پارٹی نے اس کے بجائے سورن سنگھ کو ٹکٹ دے دیا تھا۔ اس کی دشمنی کی بنیادی وجہ یہی تھی کہ کمار اپنی ہی پارٹی کی رکن سنگھ کو اپنا سیاسی حریف تصور کرنے لگا تھا۔ آزاد نے مزید کہا کہ کمار کا خیال تھا کہ سورن سنگھ کی ہلاکت کے بعد وہ پارٹی کی طرف سے اقلیت کا نیا وزیر بنا دیا جائے گا۔

[pullquote]عازمین حج کے لیے ٹریکنگ ڈیوائس
[/pullquote]

اسلام آباد: گزشتہ برس حج کے دوران درجنوں پاکستانی منیٰ میں رسومات ادا کرتے ہوئے بھگدڑ مچ جانے سے جان کی بازی ہار گئے تھے، اس سانحے کے بعد حکومت اور ان کے اہلخانہ کو گمشدہ حجاج کرام کی تلاش میں بہت زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔یہی وجہ ہے کہ رواں سال وفاقی وزارت برائے مذہبی امور ابھی سے حج کے دوران ہونے والے حادثات کے لیے فکرمند ہے اور مختلف اقدام اٹھانے کا سوچ رہی ہے، جن میں ڈیجیٹل ٹریکنگ سسٹم بھی شامل ہے تاکہ حجاج کرام سے مستقل رابطے میں رہا جاسکے۔

[pullquote]ہارٹ آف ایشیا کانفرنس:پاک۔ہند خارجہ سیکریٹریز کی ملاقات طے
[/pullquote]

اسلام آباد: سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری ہارٹ آف ایشیاء ۔ استنبول پراسیس کانفرنس میں شرکت کے لیے کل ایک روزہ دورے پر ہندوستان روانہ ہوں گے۔ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کے مطابق، سیکرٹری خارجہ، جو کانفرنس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے، کانفرنس کے دوران ہندوستانی ہم منصب سبرامنیم جے شنکر سے بھی غیر رسمی ملاقات کریں گے۔

[pullquote]مذاکرات کے بجائے پاکستان طالبان کے خلاف کارروائی کرے، افغان صدر
[/pullquote]

افغان صدر اشرف غنی نے اسلام آباد حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ طالبان کو امن مذاکرات کے لیے راضی کرنے کے بجائے ان کے خلاف فوجی کارروائی شروع کرے۔ آج پارلیمان سے خطاب میں غنی کا کہنا تھا کہ دہشت گرد اچھے یا برے نہیں ہوتے بلکہ وہ صرف دہشت گرد ہوتے ہیں۔ اس لیے پاکستان کو اس بات کا احساس کرتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی شروع کر دینا چاہیے۔ گزشتہ ہفتے ہی طالبان نے کابل میں ایک تازہ حملہ کیا تھا، جس میں چونسٹھ افراد ہلاک جبکہ 340 زخمی ہو گئے تھے۔

[pullquote]’انٹرٹینمنٹ لینے گیا تھا، انٹرٹینمنٹ لے کر واپس آ گیا’۔
[/pullquote]

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان بلے باز عمر اکمل نے فیصل آباد کے مقامی تھیٹر میں کسی بھی قسم کے جھگڑے کی تردید کرتے ہوئے میڈیا سے درخواست کی ہے کہ وہ ان کی ذاتی زندگی میں دخل نہ دیں۔فیصل آباد میں جاری پاکستان کپ میں بلوچستان کی نمائندگی کرنے والے عمر اکمل ایک بار پھر اس وقت تنازع کا شکار ہو گئے جب اسٹیج ڈرامہ دیکھنے کے لیے جانے والے کرکٹر کی وہاں کسی بات پر تکرار ہو ئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق عمر اکمل، شاہد یوسف، اویس ضیا، محمد نواز اور بلاول بھٹی مبینہ طور پر اسٹیج ڈرامہ دیکھنے گئے تھے اور وہاں کسی بات پر ان کی انتظامیہ سے تکرار ہو گئی جبکہ معاملہ شدت اختیار کیا اور میڈیا پر آگیا۔

لاہور میں پیر کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری کرکٹ اور کارکردگی پر بات کریں لیکن میری ذاتی زندگی اور خاندان پر بات نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں ڈرامہ دیکھنے گیا تھا اور ڈرامہ دیکھنا کوئی بری بات نہیں، میں اکیلا گیا تھا لیکن میرا کوئی جھگڑا نہیں ہوا، میڈیا اسٹارز کو اس طرح سے منظرعام پر نہ لائے اور ان کا ساتھ دیں، غلط خبروں سے دنیا میں غلط تاثر جاتا ہے۔

[pullquote]ناکافی ججز پر ہندوستانی چیف جسٹس آبدیدہ
[/pullquote]

نئی دہلی: ہندوستان کے چیف جسٹس ٹی ایس ٹھاکر، وزیراعظم نریندر مودی کے سامنے کئی سالوں سے زیر التوا ہزاروں کیسز نمٹانے کے لیے ججز کی تعداد بڑھانے کی درخواست کرتے ہوئے جذباتی ہوکر رو پڑے۔گزشتہ سال چیف جسٹس کا عہدہ سنبھالنے والے ٹی ایس ٹھاکر کی دارالحکومت نئی دہلی میں ایک کانفرنس کے دوران نریندر مودی سے ملاقات ہوئی، جہاں انہوں نے سست قانونی نظام میں ججوں کی استعداد کار سے زیادہ کیسز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے نریندر مودی سے کہا کہ وہ اس بحران سے نکلنے کے لیے عدلیہ کا ساتھ دیں، کیونکہ اس بحران سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے۔انہوں نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ صرف ان لوگوں کی بات نہیں ہے جو سالوں سے جیلوں میں سڑ رہے ہیں، بلکہ یہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کی بھی بات ہے اس لیے میں آپ سے کہنا چاہتا ہوں کہ معاملے کی سنگینی کو سمجھتے ہوئے اس حوالے سے فوری اقدامات اٹھائیں۔‘کانفرنس میں کئی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور ہائی کورٹس کے چیف جسٹس بھی موجود تھے۔

[pullquote]ایان کی توہین عدالت کی درخواست مسترد
[/pullquote]

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے سپر ماڈل ایان علی کی جانب سے اپنا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نہ نکالے جانے پر حکومت کے خلاف توہین عدالت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے ای سی ایل سے نام نہ نکالنے پر ماڈل ایان کی توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔

[pullquote]عالمی خبریں
[/pullquote]

[pullquote]عوام کو متحد رہنا چاہیے، مظاہروں سے قبل السیسی کا پیغام
[/pullquote]

مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومت مخالف مظاہروں کے دوران محتاط رہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ملک اور اس کے اداروں کے تحفظ کو یقینی بنانا چاہیے۔ اپنے نشریاتی خطاب میں السیسی نے مزید کہا کہ اگر قوم متحد ہے تو اسے منقسم کرنے کی کوشش ناکام ہو جائے گی۔ مصر میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد السیسی کی پالیسیوں کے خلاف پہلے بھی بڑے مظاہرے کر چکی ہے تاہم اس مرتبہ عوام میں بے چینی اور غصہ نمایاں ہے۔ آج ہونے والے ان مظاہروں کے پیش نظر ملک بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کی جا چکی ہے۔

[pullquote]ہم جنس پرستوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے والا بنگلہ دیشی کارکن قتل
[/pullquote]

بنگلہ دیش میں پیر کے روز حملہ آوروں نے ہم جنس پرستوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے والے ایک شخص کو ہلاک کر دیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ دارالحکومت ڈھاکا میں دو حملہ آوروں نے گھس کر دو افراد کو چاقوؤں کے وار کر کے ہلاک کر دیا۔ پولیس نے ہلاک ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔ تاہم بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق ہلاک شدگان میں ہم جنس پرستوں کے حقوق کے تناظر میں نکلنے والے ایک رسالے روپ بان کا مدیر تھا۔

[pullquote]امریکا شام میں فوجی روانہ کرے گا، رپورٹ
[/pullquote]
امریکی صدر باراک اوباما نے شام کے لیے مزید ڈھائی سو فوجی روانہ کرنے کی اہم دستاویز پر دستخط کر دیے ہیں۔ وال اسٹریٹ جرنل کی ایک رپورٹ کے مطابق وہ آج دورہ جرمنی کے دوران اس بارے میں اعلان کر سکتے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ یہ امریکی فوجی شام میں فعال اعتدال پسند باغیوں کی جہادیوں کے خلاف کارروائی میں تعاون فراہم کریں گے۔ یوں شام میں عسکری کارروائیوں میں شریک امریکی فوجیوں کی مجموعی تعداد تین سو ہو جائے گی۔ گزشتہ روز ہی اوباما نے کہا تھا کہ وہ شام میں زمینی فوجی تعینات نہیں کریں گے۔

[pullquote]دہشت گردی کا نشانہ بننے والا برسلز کا میٹرو اسٹیشن کھول دیا گیا
[/pullquote]

بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں گزشتہ ماہ دہشت گردی کا نشانہ بننے والے میٹرو اسٹیشن کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔ بائیس مارچ کی صبح تین سلسلہ وار بم حملوں کے نتیجے میں اس انڈرگراؤنڈ اسٹیشن پر بتیس افراد مارے گئے تھے۔ تب سے اس میٹرو اسٹیشن کو بند کر دیا گیا تھا۔ آج برسلز کے حکام نے تعمیر نو کے بعد اسے ٹریفک کے لیے کھول دیا۔

[pullquote]یمن میں القاعدہ کے آٹھ سو سے زائد جنگجو ہلاک، سعودی کولیشن کا دعویٰ
[/pullquote]

سعودی عسکری اتحاد نے کہا ہے کہ یمن میں ایک کارروائی کے دوران القاعدہ کے آٹھ سو سے زائد مشتبہ جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ اس عسکری اتحاد کی فورسز نے مقامی دستوں کے ساتھ پیش قدمی کرتے ہوئے المکلا نامی بندرگاہی علاقے کو بازیاب بھی کرا لیا ہے۔ سعودی کولیشن کی طرف سے آج بتایا گیا ہے کہ جہادیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کر دی گئی ہے جبکہ ابتداء میں ہی آٹھ سو جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا گیا ہے جبکہ متعدد جنگجو وہاں سے فرار ہو گئے ہیں۔ آزاد ذرائع سے ان اعدادوشمار کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے جبکہ یہ بھی معلوم نہیں کہ ان حملوں میں کتنی شہری ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

[pullquote]عالمی بینک کا خلیجی ممالک کو مشورہ
[/pullquote]
عالمی مالیاتی ادارے کے ایک اندازے کے مطابق اس سال خلیجی ممالک کی اقتصادی ترقی کی شرح 1.8 فیصد رہے گی۔ گزشتہ برس یہ شرح 3.3 فیصد تھی۔ اس عالمی ادارے نے اس تناظر میں زور دیا ہے کہ چھ ممالک کا یہ بلاک اپنے ریاستی خرچوں میں کمی لائے جبکہ تیل کی قیمتوں کو مستحکم بنائے۔ اس رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ خلیجی ممالک کو ترقی کے لیے صرف تیل پر ہی انحصار نہیں کرنا چاہیے بلکہ متبادل شعبوں کو ترقی دینا چاہیے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے