نئی دہلی: پاکستان کے معروف گلوکار و فنکار علی ظفر کا کہنا ہے کہ آنے والے وقت میں پاکستان اور ہندوستان کے فنکاروں کے درمیان مزید کئی مشترکہ پروجیکٹس ہوں گے۔
بولی وڈ انڈسٹری میں 2010 میں فلم ’تیرے بن لادن‘ سے قدم رکھنے والے علی ظفر، ان دنوں سرحد پار شوٹنگ اور اپنی ہدایت میں بننے والی پہلی پاکستانی فلم ’دیوسائی‘ کی ہدایت کاری میں مصروف ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق علی ظفر کا کہنا تھا کہ 2008 میں جب وہ ’تیرے بن لادن‘ کی شوٹنگ کے لیے ہندوستان آئے تو دونوں ممالک کے درمیان فنکاروں کا کوئی خاص تبادلہ نہیں ہوتا تھا اور نہ ہی ہندوستانی فلم میں کسی پاکستانی اداکار کو مرکزی کردار دیئے جانے کا تصور تھا۔
لیکن اب انہیں یہ دیکھ کر بہت خوشی محسوس ہوتی ہے کہ ’تیرے بن لادن‘ کے بعد بدلاؤ آیا اور انہوں نے اس کے بعد 6 فلموں میں کام کیا، جن میں سے آدھی فلمیں مشہور ہوئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ابھی میں ایک اور فلم میں کام کر رہا ہوں اور آگے بھی فلموں میں کام کرتا رہوں گا، جبکہ ساتھ ہی ساتھ میں پاکستانی فلموں میں بھی کام کر رہا ہوں۔
علی ظفر نے کہا کہ ان کے خیال میں مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان فنکاروں کی سطح پر تعاون مزید بڑھے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ فنکاروں کی سطح پر عالمی تعاون بڑھ رہا ہے، دپیکا پڈوکون اور پریانکا چوپڑا ہولی وڈ فلموں میں کام کر رہی ہیں، دنیا چھوٹی ہوتی جارہی ہے اس لیے فنکاروں کا تیزی سے تبادلہ شاندار بات ہے۔