معروف انڈین اداکار اوم پوری چل بسے

بالی وڈ کے مشہور فلمی اداکار اوم پوری دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے ہیں۔ ان کی عمر 66 برس تھی۔

انڈین خبررساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق اوم پوری کا انتقال ان کے گھر پر دل کا دورہ پڑنے سے ہوا۔

اوم پوری 18 اکتوبر 1950 کو انڈین صوبے ہریانہ کے شہر انبالہ میں پیدا ہوئے تھے۔ انھوں نے بالی وڈ کے علاوہ پاکستانی اور برطانوی فلموں میں بھی کام کیا۔

ان کی تازہ ترین پاکستانی فلم ‘ایکٹر ان لا’ تھی، جس میں انھوں نے فہد مصطفیٰ کے والد کا اہم کردار ادا کیا تھا۔

اوم پوری مشکل کردار ادا کرنے کے ماہر سمجھے جاتے تھے، یہی وجہ ہے کہ انھوں نے زیادہ تر آرٹ فلموں میں اپنے فن کے جوہر دکھائے۔

بالی وڈ کی معروف شخصیات نے ان کے انتقال پر گہرے رنج اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔

بالی وڈ کے اداکار انوپم کھیر نے ان کی موت پر تبصرہ کرتے ہوئے ٹویٹ کی: ‘انھیں بستر پر یوں پرسکون انداز میں لیٹے دیکھ کر یقین نہیں آتا کہ ہمارے عظیم ترین اداکاروں میں سے ایک اوم پوری اب نہیں رہے۔’

اوم پوری بالی وڈ کی ہرفن مولا شخصیت کے طور پر معروف تھے۔ کئی فلموں میں ان کی بہترین اداکاری کے لیے انھیں ایوارڈ سے نوازا گيا۔

فلم ‘اردھ ستیہ’ ‘جانے بھی دو یاروں’ اور ‘پار’ جیسی فلموں میں اپنے زبردست کرداروں کے سبب وہ شہرت کی بلندیوں پر پہنچے۔ انھوں نے بہت سی ایسی فلمیں کیں جنھیں بہترین سنیما کہا جا سکتا ہے۔

انھوں نے ‘فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا’ سے تعلیم حاصل کی تھی۔ اس سے قبل دہلی کے ‘نیشنل سکول آف ڈراما’ سے بھی انھوں نے تربیت لی تھی جہاں پر معروف اداکار نصیرالدین شاہ ان کے ساتھی طلبا میں سے ایک تھے۔

فلم انڈسٹری سے وابستہ مختلف فنکاروں کا کہنا ہے کہ وہ ایک اچھے اداکار کے ساتھ ساتھ بہترین انسان اور لوگوں کی پسندیدہ شخصیت تھے۔

[pullquote]’تمہارے ساتھ آج میرا بھی ایک حصہ چلا گیا'[/pullquote]

اوم پوری کی وفات پر اداکاروں کے تاثرات

بولی وڈ کے معروف اداکار اوم پوری کے ہارت اٹیک سے اچانک انتقال پر ان کے ساتھی اور مداح کافی سب ہی غم زدہ ہیں۔

متعدد فلموں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اوم پوری کے دوست اشوک پنڈت نے جیسے ہی ٹوئٹر پر ان کے انتقال کی خبر کا اعلان کیا، ویسے ہی ان کے دوستوں اور ساتھیوں نے بھی سوشل میڈیا پر اپنے افسوس کا اظہار کرنا شروع کردیا۔

ہدایت کار اور پروڈیوسر مہیش بھٹ نے کہا کہ ‘الوداع اوم پوری، تمہارے ساتھ آج میرے بھی ایک حصہ چلا گیا، میں کیسے ان راتوں کو بھول جاوں، جب ہم دونوں سینما اور زندگی کے حوالے سے باتیں کیا کرتے تھے’۔

ہدایت کار کرن جوہر نے اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ‘بہترین اداکاری، بہترین فلمیٹوگرافی، شاندار ٹیلنٹ، سینما نے آج اپنا بہترین اداکار کھو دیا’۔

اداکار انوپم کھیر کا کہنا تھا کہ ‘اوم پوری کو اتنے سکون سے اپنے بستر پر سوتے دیکھا، یقین نہیں آرہا کہ ہمارا اتنا بہترین اداکار گزر گیا، بہت ہی دکھ اور افسوس ہورہا ہے’۔

اداکار بومن ایرانی کے مطابق ‘آج ہم نے اپنا بہترین اداکار کھو دیا، ایک ٹیلنٹ، ایک آواز، ایک طاقت، اوم پوری صاحب آپ کو یاد کرتے رہیں گے’۔

اداکار ریتیش دیشمکھ نے اپنے غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ‘نہایت صدمہ ہوا جب اس خبر کا پتا چلا کہ اوم پوری اس دنیا سے گزر گئے، آپ کو یاد رکھیں گے سر، فیملی سے تعزیت کرتے ہیں’۔

اداکارہ نیپا ڈپیا کا کہنا تھا کہ ‘سینما کے لیے افسوسناک دن، ہم نے اپنے بہترین اداکار کو کھو دیا، چلے گئے لیکن کبھی بھلائے نہیں جائیں گے’۔

اداکارہ پریتی زنٹا کے مطابق ‘نہایت باصلاحیت اوم پوری کے انتقال کی خبر سن کر دکھ ہوا، خدا ان کی روح کو سکون دے اور گھر والوں کو طاقت’۔

پریانکا چوپڑا کا کہنا تھا کہ ‘ایک دور کا اختتام، لیکن وراثت آگے تک جاری رہے گی’۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے