پنجاب حکومت اور ترکی کی پاور کمپنی زولرو انرجی ہولڈنگ کے درمیان بہاولپور کے قائداعظم سولر پارک میں شمسی توانائی پلانٹ لگانے کے معاہدے پر دستخط ہوگئے۔
ریڈیو پاکستان کی ایک رپورٹ کے مطابق 100 میگا واٹ پر مشتمل سولر پاور پلانٹ کو 6 ماہ میں لگایا جائے گا، جس سے عوام کو سستی بجلی فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
معاہدے پر دستخط وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کیے، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت توانائی کے شعبے میں ترک کمپنی کی مہارت سے فائدہ اٹھانے کے سلسلے میں پرامید ہے۔
اس سے قبل اپریل 2015 میں بھی بہاولپور میں دنیا کے سب سے بڑے 900 میگا واٹ شمسی توانائی کے منصوبے کے لیے ایک چینی کمپنی سے 1.5 ارب ڈالرز کا معاہدہ کیا گیا تھا۔
[pullquote]بہاولپور میں دنیا کا سب سے بڑا شمسی توانائی منصوبہ
[/pullquote]
اسلام آباد: اس سے پہلے پاکستان نے بہاولپور میں دنیا کے سب سے بڑے 900 میگا واٹ شمسی توانائی کےمنصوبے کیلئے ایک چینی کمپنی سے 1.5 ارب ڈالرز کا معاہدہ کیا ہوا ہے ۔
زونرجی کمپنی لمیٹڈ کے صدر یو یانگ نے صحافیوں کو بتایا کہ چین میں ان کی کپمنی مجموعی طور پر 1200 میگا واٹ کے شمسی پلانٹس چلا رہی ہے جن میں سب سے بڑا منصوبہ ژن جیانگ میں 170 میگا واٹ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ زونرجی 17 سالوں سے پاکستان کے ساتھ کام کر رہی ہے اور 1998 سے یہ کمپنی زی ٹی ای کے ذریعے پاکستان کی ٹیلی کام سیکٹر میں خدمات سر انجام دے رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بہاولپور کے قائد اعظم شمسی توانائی پارک میں شروع ہونے والا یہ منصوبہ دنیا کا سب سے بڑا ایسا پراجیکٹ ہو گا۔
یونگ نے بتایا کہ صاف ستھری اور محفوظ شمسی بجلی عالمی توجہ کا مرکز بن چکی ہے۔
4500 ایکڑ رقبے پر پھیلا شمسی توانائی سٹیشن 1.271 ارب کلو واٹ ہاور کی بجلی پیدا کر سکے گا جبکہ اس سے کم از کم 3300 ملازمتیں بھی پیدا ہوں گی۔