فلسطینی صدر 30 جنوری کو پاکستان پہنچیں گے

فلسطینی صدر محمود عباس تین روزہ دورے پر 30 جنوری کو پاکستان پہنچیں گے، دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے ان کے دورہ پاکستان کی تصدیق کردی۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ فلسطینی صدر محمود عباس کا تیسرا دورہ پاکستان ہوگا اور اس سے قبل وہ 2005 اور 2007 میں پاکستان کا دورہ کرچکے ہیں۔

نفیس زکریا کے مطابق فلسطینی صدر کے ہمراہ 17 رکنی وفد بھی ہوگا جن میں پانچ وزراء شامل ہوں گے۔

اپنے دورہ پاکستان کے دوران محمود عباس وزیراعظم نواز شریف سے ون آن ون ملاقات کریں گے جبکہ وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوں گے۔

اس بات کا امکان ہے کہ وزیراعظم نواز شریف اور فلسطینی صدر محمود عباس اسلام آباد کے ڈپلومیٹک انکلیو میں نو تعمیر شدہ فلسطینی سفارتخانے کا بھی افتتاح کریں گے۔

نفیس زکریا کے مطابق فلسطینی صدر اور ان کا وفد صدر مملکت ممنون حسین سے بھی ملاقات کرے گا۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ سیاسی معاملات اور باہمی مفادات کے دیگر امور زیر غور آئیں گے۔

حکومت پاکستان نے 1992 میں اسلام آباد میں فلسطینی سفارتخانے کی تعمیر کے لیے زمین تحفے میں دی تھی اور 2013 میں پاکستان نے اس کی تعمیر میں معاونت بھی کی تھی۔

عام طور پر فلسطین اور پاکستان کے تعلقات مضبوط ہی رہے ہیں اور پاکستان ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتا ہے جس کی سرحدیں 1967 سے پہلے کی حدود پر ہوں اور اس کا دارالحکومت القدس ہو۔

پاکستان ہر بین الاقوامی فورم پر فلسطینیوں کی خودمختار سرزمین کے حصول کی جدوجہد کی حمایت بھی کرتا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے