لاس ویگاس: اگر باورچی خانے میں کچرے کے ڈبے (کچن ڈسٹ بن) میں سبزیوں اور پھلوں کے چھلکے اور گوشت کی باقیات وغیرہ زیادہ دنوں تک پڑی رہ جائیں تو ان میں سے شدید بدبو اٹھنے لگتی ہے اور انہیں ٹھکانے لگانا بھی بہت مشکل ہوجاتا ہے لیکن اب ایسا ڈسٹ بن تیار کرلیا گیا ہے جو غذائی فضلے کو کھاد میں تبدیل کرے گا۔
’’ورل پول لیب‘‘ کا تیار کردہ ’’زیرہ فوڈ ری سائیکلر‘‘ اسی مسئلے کا ماحول دوست حل ہے کیونکہ یہ غذائی فضلے کو صرف ایک دن میں کھاد میں تبدیل کرسکتا ہے۔ اس کی جسامت ایک بڑے کچن ڈسٹ بن جتنی ہے اور یہ ایک بٹن دبانے پر اپنا کام شروع کردیتا ہے۔
اس میں ایک ہفتے کا غذائی فضلہ سما سکتا ہے اور ایک بار کارروائی شروع کرنے کے 24 گھنٹے بعد ہی یہ اس تمام کچرے کو قدرتی کھاد میں تبدیل کردیتا ہے جو اس کے نچلے حصے میں جمع ہوجاتی ہے۔ اس کھاد کو پودوں کی نشوونما بہتر بنانے میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔
کچرے کو آہستہ آہستہ لیکن مسلسل حرکت دینے والے نظام، نمی، آکسیجن اور حرارت کی بدولت اس کے اندر ایسا ماحول پیدا ہوجاتا ہے جو غذائی فضلے کو کھاد میں تبدیل کرنے کا عمل بہت تیز رفتار بنادیتا ہے جب کہ زیرہ فوڈ ری سائیکلر کو ایک موبائل ایپ سے بھی کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔
یہ اتنا چھوٹا ہے کہ عام گھریلو باورچی خانے میں بھی رکھا جاسکتا ہے جہاں یہ ایک اوسط ڈسٹ بن سے زیادہ کی جگہ نہیں گھیرتا۔ اس ماہ منعقدہ کنزیومر الیکٹرونک شو 2017 میں اسے عوام کے سامنے پیش کرتے ہوئے اس کی ایڈوانس بکنگ شروع کردی گئی ہے جب کہ ستمبر 2017 تک اس کی فروخت شروع کردی جائے گی۔ فی الحال اس کی قیمت 1200 ڈالر رکھی گئی ہے۔