آج کی عالمی خبریں

[pullquote]دہشت گردی کا خطرہ، صوبے ہیسے میں 54 مختلف مقامات پر چھاپے
[/pullquote]

دہشت گردی کے خطرے کے پیشِ نظر بدھ کو علی الصبح جرمن پولیس نے صوبے ہیسے میں 54 مختلف مقامات پر چھاپے مارے۔ اس کارروائی میں ایک ہزار ایک سو سے زائد پولیس اہلکاروں نے حصہ لیا۔ سلفی عقیدے کے مسلمانوں کے مراکز کے خلاف کی جانے والی اس کارروائی کے دوران تیونس سے تعلق رکھنے والے ایک چھتیس سالہ شخص کو گرفتار کر لیا گیا، جس پر شبہ ہے کہ وہ دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے لیے نئے لوگ بھرتی کرنے میں مصروف تھا اور ایسے افراد کی تلاش میں تھا، جو جرمنی میں کوئی دہشت گردانہ حملہ کر سکیں۔ پراسیکیوٹرز کے مطابق پولیس کی تحقیقات کا ہدف مجموعی طور پر سولہ مشتبہ افراد تھے، جن کی عمریں سولہ سے لے کر چھیالیس سال تک بتائی گئی ہیں۔ گزشتہ روز جرمن پولیس نے دارالحکومت برلن میں بھی چھاپے مارے اور دہشت گردی کے شبے میں تین افراد کو گرفتار کر لیا تھا۔

[pullquote]نئے امریکی وزیر دفاع کے جاپان اور جنوبی کوریا کے اولین دورے
[/pullquote]

نئے امریکی وزیر دفاع جیمز میٹِس اسی ہفتے اپنے دورہ ایشیا کے دوران جاپان اور جنوبی کوریا کے اپنے جو اولین دورے کریں گے، اس دوران وہ ٹوکیو اور سیئول حکومتوں کو یقین دلانے کی کوشش کریں گے کہ امریکا اپنے اتحادیوں کے حوالے سے خود پر عائد ہونے والی ذمے داریوں سے پوری طرح آگاہ ہے۔ امریکا کے مشرق بعید میں جاپان اور جنوبی کوریا جیسے اتحادی ملکوں میں شمالی کوریا کے متنازعہ ایٹمی پروگرام اور چین کے ساتھ کشیدگی کے باعث واضح تشویش پائی جاتی ہے۔ جیمز میٹِس امریکی فوج کی میرین کور کے ایک سابق جنرل ہیں اور ان کا یہ دورہء ایشیا ٹرمپ انتظامیہ کے کسی بھی وزیر کا پہلا غیر ملکی دورہ ہو گا۔ میٹِس آج بدھ کو اس دورے پر روانہ ہو رہے ہیں، جس دوران وہ پہلے جنوبی کوریا اور پھر جمعے کے روز ٹوکیو جائیں گے۔

[pullquote]میرکل کا دورہء سویڈن، مہاجرین کے بحران پر مشاورت
[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے اپنے دورہء سویڈن کے دوران سویڈش وزیر اعظم کے ساتھ ملاقات میں مہاجرین کے بحران پر تبادلہ خیال کیا۔ بتایا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تجارت اور دیگر باہمی امور پر بھی گفتگو کی۔ حکام کے مطابق میرکل نے سویڈن کے بادشاہ اور ملکہ سے بھی ملاقات کی۔ جرمن چانسلر کا یہ دورہ آئندہ ہفتے مالٹا میں ہونے والی یورپی یونین کے رہنماؤں کی سمٹ سے قبل عمل میں آیا۔

[pullquote]نیا بجٹ غریبوں کے لیے ہے، بھارتی وزیر خزانہ
[/pullquote]

بھارتی وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے نئے مالی سال کے بجٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ غریبوں کا بجٹ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ بجٹ کی تیاری میں غربت کے خاتمے کو زیادہ اہمیت دی گئی ہے۔ بدھ کے دن پارلیمان میں نئے مالی سال کے بجٹ کا اعلان کرتے ہوئے جیٹلی نے کہا کہ بڑے نوٹوں کے ختم کرنے کی وجہ سے ملکی معیشت پر جو منفی اثرات رونما ہوئے ہیں، ان پر جلد ہی قابو پا لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں ترقیاتی منصوبہ جات شروع کیے جائیں گے اور غربت کے خاتمے کے لیے اقدامات اٹھائیں جائیں گے۔ نئے بجٹ میں کسانوں کے لیے حکومتی فنڈنگ پر بھی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ جیٹلی کے مطابق دیہی علاقوں کے لیے حکومتی اخراجات میں اضافہ کیا جا رہا ہے اور انکم ٹیکس کی بنیادی شرح کو نصف کیا جا رہا ہے۔

[pullquote]ٹرمپ کی پالیسیاں ’غیر امریکی‘، جرمن چانسلرشپ کے امیدوار کی طرف سے تنقید
[/pullquote]

جرمنی میں سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے نئے سربراہ اور اگلے عام الیکشن میں سربراہ حکومت کے عہدے کے لیے موجودہ قدامت پسند چانسلر انگیلا میرکل کے حریف امیدوار مارٹن شُلس نے صدر ٹرمپ کی پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے انہیں ’غیر امریکی‘ قرار دیا ہے۔ شُلس نے جرمنی کے فُنکے میڈیا گروپ کو بدھ کے روز ایک انٹرویو دیتے ہوئے ٹرمپ انتظامیہ کو روس کے خلاف عائد پابندیوں کے ممکنہ خاتمے کے خلاف خبردار بھی کیا۔ ماسکو کے خلاف یہ پابندیاں یوکرائن کے تنازعے میں روسی کردار کی وجہ سے لگائی گئی تھیں۔ جرمنی کے کسی بہت سینیئر سیاستدان کی طرف سے دیے جانے والے پہلے انتہائی سخت بیان میں مارٹن شُلس نے زور دیا کہ یورپ کو ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسیوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہونا چاہیے اور لبرل اقدار کا دفاع کرنا چاہیے۔

[pullquote]بنگلہ دیش میں چار مشتبہ افراد گرفتار
[/pullquote]

بنگلہ دیش میں سکیورٹی فورسز نے ایک شدت پسند گروہ سے روابط کے شبے میں چار افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ ان پر شبہ ہے کہ وہ گزشتہ برس ڈھاکا کے اس کیفے پر ہوئے حملے میں ملوث تھے، جس میں بائیس افراد مارے گئے تھے۔ ڈھاکا پولیس نے بتایا کہ ’جماعت المجاہدین بنگلہ دیش‘ نامی جنگجو گروہ سے تعلق رکھنے والے ان افراد کی عمریں اکیس اور اٹھائیس برس کے درمیان ہیں۔ ان گرفتار شدگان میں اس ممنوعہ گروہ کے انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبے کا سربراہ بھی شامل ہے۔ پولیس کے مطابق ان مشتبہ افراد کو ڈھاکا کے نواح سے گرفتار کیا گیا جبکہ ان سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

[pullquote]نیوزی لینڈ میں نئے عام انتخابات کے انعقاد کا اعلان
[/pullquote]

نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم بل انگلش نے اس سال تئیس ستمبر کو ملک میں نئے عام انتخابات کے انعقاد کا اعلان کر دیا ہے۔ نیوزی لینڈ کی معیشت میں ترقی کی سالانہ شرح ساڑھے تین فیصد کے قریب ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ انتخابی مہم میں ان کی توجہ کا محور یہی اقتصادی شرح نمو ہو گی۔ جنوبی بحرالکاہل کی اس ریاست میں بل انگلش گزشتہ برس دسمبر میں اس وقت اقتدار میں آئے تھے، جب ان کے پیش رو جان کی نے اچانک استعفیٰ دے دیا تھا۔

[pullquote]یوکرائن میں فائر بندی پر عمل کیا جائے، سلامتی کونسل کا مطالبہ
[/pullquote]

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے یوکرائن میں سیزفائر معاہدے پر فوری مکمل عمل درآمد پر زور دیا ہے۔ مشرقی یوکرائن میں گزشتہ تین دنوں کے دوران رونما ہونے والے مختلف پرتشدد واقعات میں تیرہ افراد مارے جا چکے ہیں۔ اس بحران کے سبب شدید سردی کے موسم میں متاثرہ علاقے میں ہزاروں افراد بجلی کی فراہمی سے بھی محروم ہو چکے ہیں۔ ان حالات میں بہتری کے لیے سلامتی کونسل نے منگل کی زور دیا کہ یوکرائنی دستے اور روس نواز باغی فوری طور پر فائر بندی وقفے پر عملدرآمد شروع کریں۔

[pullquote]جنوبی کوریائی صدارتی انتخابات میں حصہ نہیں لوں گا، بان کی مون
[/pullquote]

اقوام متحدہ کے سابق سیکرٹری جنرل بان کی مون نے کہا ہے کہ وہ جنوبی کوریا کے صدراتی الیکشن میں حصہ لینے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔ مقامی میڈیا نے بتایا کہ بدھ کے روز بان کی مون نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ وہ ملکی صدر بننے کی دوڑ میں شامل نہیں ہوں گے۔ بان کی مون اپنے ملک میں سیاسی اسٹیبلشمنٹ کو کئی مرتبہ تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں۔ ایسی خبریں بھی تھیں کہ اقوام متحدہ کے سربراہ کے عہدے سے سبکدوش ہونے کے بعد وہ ملکی سیاست میں قدم رکھ سکتے ہیں۔

[pullquote]مختلف جنسی میلانات کے حامل افراد کو فوج میں قبول کیا جائے، جرمن وزیر دفاع
[/pullquote]

جرمن وزیر دفاع اُرزُولا فان ڈئر لاین نے زور دیا ہے کہ ملکی افواج میں مختلف جنسی میلانات کے حامل افراد کو مزید عزت دی جائے اور انہیں قبول کیا جائے۔ برلن میں ایک ورکشاپ کے دوران انہوں نے کہا کہ ایلیٹ ملٹری تربیتی سینٹر کے حالیہ اسکینڈل سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایل جی بی ٹی افراد کے حوالے سے رویے اور سماجی اقدار میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔ جرمن وزیر دفاع نے مزید کہا کہ مسلح افواج کے ارکان کی طرف سے ایسے غلط رویوں کو رپورٹ کرنے کے ایک زیادہ بہتر نظام کی ضرورت ہے۔

[pullquote]ہندوستان کے دفاعی بجٹ میں 10 فیصد اضافہ
[/pullquote]

نئی دہلی : ہندوستان نے آئندہ مالی سال کے لیے دفاعی بجٹ میں 10 فیصد اضافہ کر دیا۔وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے اضافے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ 274000 کروڑ (27 کھرب 40 ارب) روپے دفاع کے لیے مختص کیے گئے ہیں جبکہ اس بجٹ میں ریٹائرڈ فوجیوں کی پینشن شامل نہیں۔حکومت نے مجموعی بجٹ کا 12.78 فیصد دفاع کے لیے مختص کیا ہے، ہندوستان کا 18-2017 کے لیے مجموعی بجٹ 214 کھرب روپے ہے۔ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق 18-2017 کے بجٹ میں 86000 کروڑ (8کھرب 60 ارب) روپے کیپیٹل ایکویسیشن کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔

[pullquote]حوثی باغیوں کا سعودی جہاز پر ’کشتی‘ سے خودکش حملہ
[/pullquote]

ریاض: بحیرہ احمر میں موجود سعودی بحری جہاز پر یمنی حوثی باغیوں نے ’خود کش کشتی‘ کے ذریعے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 2 سعودی ملاح ہلاک ہوگئے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق بحیرہ احمر میں نگرانی کے لیے موجود سعودی جہاز کو خودکش کشتی کے ذریعے نشانہ بنایا گیاسعودی اتحادی فورسز کے مطابق حوثی باغیوں کی تین خود کش کشتیوں نے سعودی جنگی جہاز پر دہشت گرد حملہ کیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے