اہم عالمی خبریں | 08.02.2017

[pullquote]’عدالتیں بہت سیاسی ہیں‘، ٹرمپ کی طرف سے امیگریشن پابندیوں کا دفاع
[/pullquote]

ڈونلڈ ٹرمپ نے امیگریشن پابندیوں سے متعلق اپنے صدارتی حکم نامے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پابندیاں امریکا کی سلامتی کے لیے ضروری ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسروں سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے بدھ کے روز کہا کہ انہوں نے مہاجرین اور سات مسلم اکثریتی ملکوں کے شہریوں کے امریکا میں داخلے پر جو محدود پابندی لگائی تھی، وہ ضروری ہے۔ ساتھ ہی ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ وہ کبھی بھی یہ نہیں کہنا چاہیں گے کہ امریکی عدالتیں جانبدار ہیں تاہم یہ عدالتیں بظاہر بہت زیادہ سیاسی رنگ اختیار کر چکی ہیں۔ ٹرمپ کی عائد کردہ پابندیوں کے خلاف وفاقی اپیلز کورٹ میں سماعت ابھی جاری ہے اور امریکی صدر نے یہ شکایت بھی کی کہ ابھی تک کوئی فیصلہ سامنے نہیں آ سکا۔

[pullquote]حمص میں شامی جنگی طیاروں کی بمباری، متعدد ہلاکتیں
[/pullquote]

امدادی کارکنوں اور عینی شاہدین کے مطابق شام کے شہر حمص میں حکومتی جنگی طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ شام کے حالات پر نگاہ رکھنے والی تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق باغیوں کے زیر قبضہ اس علاقے میں بمباری سے کم از کم آٹھ افراد ہلاک اور بیس سے زائد زخمی ہو گئے۔ شامی فوج کی اتحادی لبنانی شیعہ تنظیم حزب اللہ کے میڈیا ونگ کے مطابق دمشق حکومت کے جنگی جہازوں سے یہ فضائی حملے باغیوں کی طرف سے کی گئی گولہ باری کے جواب میں کیے گئے۔

[pullquote]جرمن چانسلر مہاجرین کی واپسی میں تیزی کی خواہش مند، میڈیا رپورٹ
[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل جرمنی سے واپس جانے یا بھیجے جانے والے مہاجرین کی تعداد میں اضافہ چاہتی ہیں۔ جرمن ہفت روزہ جریدے اشپیگل کی ایک آن لائن رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے میرکل ایک سولہ نکاتی منصوبہ اپنانا چاہتی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق آئندہ مہینوں کے دوران مہاجرین کی طرف سے دی گئی سیاسی پناہ کی زیادہ تر درخواستیں مسترد ہونا شروع ہو جائیں گی۔ اشپیگل کے مطابق اس حوالے سے برلن میں ایک خصوصی مرکز بھی قائم کیا جائے گا، جہاں سے تارکین وطن کو اجتماعی طور پر واپس ان کے آبائی ملکوں میں بھیجا جائے گا۔

[pullquote]شمالی افغانستان میں ریڈ کراس کے چھ ملازمین ہلاک
[/pullquote]

شمالی افغانستان میں بین الاقوامی تنظیم ریڈ کراس کے چھ ملازمین کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا گیا۔ دارالحکومت کابل میں اس تنظیم کے ایک ترجمان احمد رامین ایاز نے بدھ کے روز بتایا کہ یہ خونریز واقعہ شمالی صوبے جوزجان میں پیش آیا۔ ابھی تک کسی بھی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی تاہم مقامی میڈیا کے مطابق اس علاقے میں داعش کے بہت سے جنگجو موجود ہیں۔ ہلاک شدگان کی شناخت یا قومیت ظاہر نہیں کی گئی۔

[pullquote]اسرائیلی آباد کاری کے قانون کے خلاف سپریم کورٹ میں جانے کا فیصلہ
[/pullquote]

انسانی حقوق کے لیے سرگرم فلسطینی اور اسرائیلی گروپوں نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی آباد کاری سے متعلق متنازعہ قانون کے خلاف ملکی سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اپیل میں سپریم کورٹ سے درخواست کی جائے گی کہ وہ یہ نیا لیکن متنازعہ قانون ختم کر دے کیوں کہ یہ بین الاقوامی قوانین کے منافی ہے۔ قانونی ماہرین پہلے ہی اشارہ دے چکے ہیں کہ اسرائیلی سپریم کورٹ اس نئے قانون کو ختم کر سکتی ہے کیوں کہ یہ نہ صرف فلسطینی مہاجرین بلکہ مقامی باشندوں کی املاک سے متعلق قانون کے بھی خلاف ہے۔

[pullquote]اقوام متحدہ کی یمن کے لیے 2.1 ارب ڈالر امداد کی اپیل
[/pullquote]

اقوام متحدہ کی طرف سے یمن میں قحط سے بچنے کے لیے 2.1 ارب ڈالر امداد کی اپیل کر دی گئی ہے۔ عالمی ادارے کے مطابق بارہ ملین یمنی باشندوں کے لیے خوراک اور زندگی بچانے والی دیگر اشیاء کی اشد ضرورت ہے۔ ایک بیان کے مطابق یمن کی موجودہ صورتحال تباہ کن ہے اور مزید بگڑتی جا رہی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یمن میں تقریباﹰ تینتیس لاکھ شہریوں کو خوراک کی کمی کا سامنا ہے اور ان میں سے قریب اکیس لاکھ بچے ہیں۔

[pullquote]شام: ترک حمایت یافتہ باغیوں کا الباب کی پہاڑٰیوں پر قبضہ
[/pullquote]

ترکی کے حمایت یافتہ شامی باغیوں نے الباب شہر کی اسٹریٹیجک حوالے سے اہم پہاڑیوں پر قبضہ کر لیا ہے۔ انہیں اس کارروائی میں ترک مسلح افواج کی مدد حاصل تھی۔ ترک فوج کے مطابق داعش کے زیر کنٹرول الباب شہر کی ان پہاڑیوں پر قبضے کے لیے آپریشن گزشتہ شب شروع کیا گیا تھا۔ ترک فورسز کے جاری کردہ ایک بیان میں اٹھاون عسکریت پسندوں کی ہلاکت کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔

[pullquote]یہودی بستیوں سے متعلق نیا اسرائیلی قانون، اقوام متحدہ کی طرف سے مذمت
[/pullquote]

اقوام متحدہ نے اسرائیل کے اس نئے منظور کردہ قانون کی مذمت کی ہے، جس کے تحت فلسطینی علاقوں میں سے مقبوضہ مغربی اردن کے کنارے میں تعمیر کردہ یہودی آباد کاروں کے گھروں کو قانونی حیثیت دے دی گئی ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرش نے کہا کہ انہیں شدید افسوس ہے کہ اسرائیلی پارلیمان نے اس قانون کی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ یہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ اقوام متحدہ میں پندرہ فروری کو اس مسئلے پر بحث کی جائے گی۔ ہیومن رائٹس واچ اور انسانی حقوق کی دیگر تنظیموں نے بھی اس اسرائیلی اقدام کی مذمت کی ہے۔

[pullquote]سکیورٹی کے معاملات، سی آئی اے کے سربراہ کا دورہ ترکی
[/pullquote]

ترک حکام کے مطابق امریکی سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) کے ڈائریکٹر مائیک پومپیو کل جمعرات کو ترکی پہنچ رہے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ وہ سکیورٹی معاملات کے حوالے سے امریکا میں جلاوطنی کی زندگی گزارنے والے رہنما فتح اللہ گولن کے بارے میں بھی بات چیت کریں گے۔ ترکی اپنے ہاں ناکام فوجی بغاوت کا الزام اسی ترک مذہبی رہنما پر عائد کرتا ہے۔ ایک ترک حکومتی عہدیدار کا کہنا تھا کہ اس ملاقات میں شام میں ان کرد باغیوں سے متعلق بھی بات چیت کی جائے گی، جن کی انقرہ حکومت مخالفت کرتی ہے۔ سی آئی اے کے ڈائریکٹر کو ترکی بھیجنے کا فیصلہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ترک صدر رجب طیب ایردوآن کے مابین پینتالیس منٹ تک ہونے والی ٹیلی فون گفتگو کے دوران کیا گیا۔

[pullquote]صومالیہ میں صدارتی انتخابات کا انعقاد
[/pullquote]

افریقی ملک صومالیہ میں صدارتی انتخابات کا انعقاد ہو رہا ہے۔ سربراہ مملکت کے عہدے کے لیے بائیس امیدوار میدان میں ہیں اور ان میں موجودہ صدر حسن شیخ محمود بھی شامل ہیں۔ صدر کے انتخاب میں دو سو پچھتر اراکین پارلیمان اور چوّن سینیٹرز حصہ لینے کے اہل ہیں۔ اگر کوئی امیدوار دو تہائی ووٹ حاصل کرنے میں ناکام رہا تو ووٹنگ کے اگلے مرحلے کا انعقاد لازمی ہو جائے گا۔ قانوناﹰ اس ملک میں صدر کا انتخاب عوام کرتے ہیں، لیکن سلامتی کی خراب صورتحال کے باعث عوامی انتخابات کو سن دو ہزار بیس تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔ صومالیہ کے متعدد حصوں پر جہادی تنظیم الشباب کا کنٹرول ہے۔

[pullquote]پیرس میں نوجوان سے بدفعلی کے بعد ہنگامے، 17 افراد گرفتار
[/pullquote]

فرانس کے شہر پیرس میں پولیس نے مسلسل چوتھی رات ہنگامہ آرائی کے بعد متعدد نوجوانوں کو حراست میں لے لیا ہے۔اس واقعے میں تقریباٌ دس گاڑیوں کو نذر آتش کر دیا گیا تھا جبکہ مظاہرین نے پٹرول بم بھی پھینکے۔ ہنگامے اب شہر کے مزید پانچ علاقوں تک بڑھ گئے ہیں۔پولیس نے ہنگامہ آرائی کرنے والوں میں سے 17 افراد کو اب تک حراست میں لے لیا ہے۔چار دن پہلے شروع ہونے والے ان واقعات کی وجہ پیرس کے شمال مشرقی مضافاتی علاقے اونے صوبوا میں مبینہ طور پر ایک سیاہ فام نوجوان پر پولیس کے تشدد اور پولیس کے ڈنڈے کی مدد سے بدفعلی کرنا ہے۔اس واقعے میں ایک پولیس اہلکار پر بدفعلی جبکہ بقیہ تین پر تشدد کا الزام ہے لیکن چاروں نے اس الزام کی تردید کی ہے جبکہ تفتیش ابھی بھی جاری ہے۔فرانس کے صدر فرانسوا اولاند نے مبینہ بدفعلی کے شکار نوجوان تھیو کی عیادت کی جو کہ پیرس کے مضافاتی علاقے کے ہسپتال میں منگل سے زیر علاج ہے۔

[pullquote]کیا امریکی سفری پابندی صرف مسلمانوں کے خلاف ہے: عدالت
[/pullquote]

امریکہ میں سان فرانسسکو کی اپیل کورٹ نے سوال کیا ہے کہ کیا صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے عائد کی جانے والی سفری پابندی صرف مسلمانوں کے خلاف ہے؟
منگل کو عدالت نائنتھ یو ایس سرکٹ کورٹ آف اپیلز میں تین رکنی بنچ کے ممبر جج رچرڈ کلفٹن نے عدالتی کاروائی کے دوران سوال کیا کہ اگر اس پابندی سے پوری دنیا میں موجود صرف 15 فیصد مسلمان متاثر ہو رہے ہوں تو کیا یہ پابندی امتیازی سلوک کہلائی جا سکتی ہے یا نہیں؟اس کارروائی میں دونوں فریقین کی جانب سے ایک گھنٹے تک دلائل دیے جاتے رہے جہاں امریکی محکمہ انصاف نے پہلے اپنا موقف بیان کیا اور عدالت سے استدا کی کہ اس پابندی کو بحال کیا جائے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے