[pullquote]فلپائنی دہشت پسند گروپ کی جرمن یرغمالی کا سر قلم کرنے کی دھمکی
[/pullquote]
فلپائن میں سرگرم عسکریت پسندوں نے اپنے ایک جرمن یرغمالی کا سر قلم کرنے کی دھمکی دی ہے۔ دہشت پسند گروپ ابو سیاف نے اس ستّر سالہ مرد کا، جسے پانچ نومبر کو جنوبی فلپائن میں ایک سیلنگ ٹُور کے دوران اغوا کر لیا گیا تھا، ایک نیا ویڈیو جاری کیا ہے۔ اس میں اس جرمن شہری نے برلن حکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ اُس کی رہائی کے بدلے میں تیس ملین پیسو (تقریباً پانچ لاکھ ستّر ہزار یورو) کی ادائیگی کے لیے کوشش کرے۔ اُس کی جرمن بیوی کو کشتی پر اغوا کی کارروائی کے دوران ہی قتل کر دیا گیا تھا۔ یہ جرمن جوڑا 2008ء میں بھی صومالیہ کے پانیوں میں قزاقوں کے ہتھے چڑھ گیا تھا اور اسے سات ہفتے بعد رہائی ملی تھی۔
[pullquote]شامی شہر الباب کے زیادہ تر حصے پر ترک فورسز کا کنٹرول، ترک وزیر اعظم
[/pullquote]
ترک وزیر اعظم بن علی یلدرم نے آج کہا ہے کہ ترک فورسز کو شام کے شمالی شہر الباب کے زیادہ تر حصے پر کنٹرول حاصل ہو چکا ہے۔ اس شہر پر داعش کا قبضہ تھا، جس کے جنگجو ترکی کی جانب سے اس شہر پر قبضے کے لیے نومبر میں شروع کیے گئے آپریشن کے خلاف سخت مزاحمت کر رہے ہیں۔ ابھی بھی سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کا کہنا ہے کہ وہ الباب کے محاذ پر ترک فورسز کی کسی تازہ اور کامیاب پیشقدمی کی تصدیق نہیں کر سکتی۔ ترکی نے گزشتہ سال اگست میں شامی سرزمین کے اندر داخل ہو کر کُرد فورسز کے ساتھ ساتھ داعش پر بھی حملے شروع کیے تھے۔ اب تک کی لڑائی میں کم از کم چھیاسٹھ ترک فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔
[pullquote]کانگو کے فوجیوں نے کم از کم 101 افراد کو ہلاک کر دیا، اقوام متحدہ
[/pullquote]
اقوام متحدہ کی جانب سے آج بتایا گیا ہے کہ ڈیموکریٹک ری پبلک آف کانگو کے وسطی علاقے میں نو اور تیرہ فروری کے درمیانی عرصے میں ملکی فوج کے سپاہیوں نے اُنتالیس خواتین سمیت کم از کم 101 افراد کو ہلاک کیا۔ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق سے متعلق ترجمان لِز تھروسل نے کانگو میں موجود ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ مشین گنوں سے مسلح فوجیوں نے ایک مقامی ملیشیا کے ارکان کو دیکھتے ہی اُن پر اندھا دھند فائرنگ کر دی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ اِن ملیشیا ارکان کے پاس محض چھُرے اور نیزے تھے۔ خاتون ترجمان نے کہا کہ ان اطلاعات کی تصدیق ہونے کا مطلب یہ ہو گا کہ وہاں فوجیوں کی جانب سے طاقت کا بے دریغ اور حد سے کہیں زیادہ استعمال کیا جا رہا ہے۔ کانگو کے وسطی علاقوں میں فوج اور ملیشیا کے درمیان حالیہ چند مہینوں کے دوران ہونے والی جھڑپوں میں اب تک سینکڑوں افراد ہلاک اور ہزاروں بے گھر ہو چکے ہیں۔
[pullquote]بھارتی زیر انتظام جموں و کشمیر میں فائرنگ کا تبادلہ، تین بھارتی فوجی اور ایک عسکریت پسند ہلاک
[/pullquote]
آج منگل کے روز بھارت کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں فائرنگ کے ایک تبادلے دوران تین بھارتی فوجیوں کے ساتھ ساتھ ایک عسکریت پسند بھی ہلاک ہو گیا۔ تین روز کے اندر اندر بھارتی سکیورٹی فورسز اور علیحدگی پسند جنگجوؤں کے مابین خونریز تصادم کا یہ دوسرا واقعہ ہے، جس کے نتیجے میں پانچ فوجی زخمی بھی ہوگئے۔ فوج کے ایک ترجمان کے مطابق فائرنگ کا یہ تبادلہ شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں ہوا۔ پولیس اور فوج نے، جنہیں متعلقہ علاقے میں تین مسلح افراد کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی، وہاں ایک مشترکہ آپریشن کیا تھا۔ لیفٹیننٹ کرنل راجیش کالیا کے مطابق ایک مکان کے اندر مورچہ بند عسکریت پسندوں نے آگے سے فائرنگ شروع کر دی تھی۔
[pullquote]شام میں باغیوں کے دھڑوں کے درمیان آپس میں لڑائی، درجنوں ہلاک
[/pullquote]
شام کے شمال مغربی علاقوں میں باغیوں کے دھڑوں کے درمیان آپس کی لڑائی کے نتیجے میں درجنوں جنگجو ہلاک ہو گئے ہیں۔ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق اب تک دونوں دھڑوں کے انہتّر جنگجو ہلاک ہو چکے ہیں۔ آبزرویٹری نے بتایا ہے کہ کل پیر سے اب تک ’تحریر الشام‘ نامی اتحاد کم از کم چھ ایسے دیہات پر قبضہ کر چکا ہے، جو پہلے ’جند الاقصیٰ‘ کے کنٹرول میں تھے۔ ’جند الاقصیٰ‘ نظریاتی طور پر شدت پسند گروہ ’اسلامک اسٹیٹ‘ سے زیادہ قریب ہے جب کہ ’تحریر الشام‘ عسکریت پسندوں کا گزشتہ ماہ تشکیل پانے والا ایک ایسا نیا گروہ ہے، جس کی قیادت اس جنگ میں القاعدہ کی باقاعدہ نمائندگی کرنے والے سابقہ النصرہ فرنٹ کے ہاتھوں میں ہے۔
[pullquote]ترکی میں کُرد عسکریت پسندوں کے ساتھ مبینہ روابط کے الزام میں 600 سے زائد افراد گرفتار
[/pullquote]
ترک پولیس نے گزشتہ دو روز میں ملک بھر میں چھاپوں کے دوران 600 سے زائد افراد کو کُرد عسکریت پسندوں کے ساتھ مبینہ روابط کے الزام میں حراست میں لے لیا ہے۔ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی ایچ ڈی پی نے پولیس کی اس کارروائی کو ایک ایسے کریک ڈاؤن سے تعبیر کیا ہے، جس کا مقصد اپریل میں مجوزہ ریفرنڈم سے پہلے اِس کُرد نواز سیاسی جماعت کو منظر سے ہٹانا ہے۔ ترکی میں سولہ اپریل کو موجودہ پارلیمانی نظام کو ہٹا کر ایک ایسا صدارتی نظام رائج کرنے کے موضوع پر ریفرنڈم ہو گا، جس کے تحت صدر رجب طیب ایردوآن کہیں زیادہ اختیارات کے مالک بن جائیں گے۔ ایچ ڈی پی کا کہنا ہے کہ اب تک اُس کے پانچ ہزار ارکان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
[pullquote]ایرانی صدر روحانی عمان اور کویت کا دورہ کریں گے
[/pullquote]
ایران کے صدر حسن روحانی کل بدھ کے روز عمان (اومان) اور کویت کا دورہ کریں گے۔ یہ بات ایران کے سرکاری میڈیا کی جانب سے بتائی گئی ہے۔ 2013ء میں برسرِاقتدار آنے کے بعد سے یہ اُن کا اِن خلیجی عرب ممالک کا پہلا دورہ ہے۔ بتایا گیا ہے کہ روحانی کل بدھ کو تہران سے مسقط پہنچیں گے، جہاں وہ عمان (اومان) کے فرمانروا سلطان قابوس سے ملاقات کریں گے۔
[pullquote]لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی شیلنگ سے تین پاکستانی فوجی ہلاک
[/pullquote]
لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں تین پاکستانی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ بات پاکستانی فوج کی جانب سے بتائی گئی ہے۔ پاکستانی فوجیوں کو لائن آف کنٹرول پر بھمبر سیکٹر کے قریب فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ پاکستانی فوج کے ایک بیان کے مطابق یہ فوجی ’’لائن آف کنٹرول پر بھمبر کے قریب تھوب سیکٹر میں شدید زخمی ہوگئے تھے۔‘‘ مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔ پاکستانی فوجیوں کی ہلاکت کا یہ واقعہ بھارتی زیرانتظام کشمیر میں مشتبہ عسکریت پسندوں اور بھارتی فوج کے درمیان ہونے والی ایک مسلح جھڑپ کے نتیجے میں آٹھ افراد کی ہلاکت کے ایک روز بعد پیش آیا۔
[pullquote]تیونس کے وزیر اعظم اہم دورے پر برلن میں
[/pullquote]
آج جرمنی کے دورے پر آئے ہوئے تیونس کے وزیر اعظم یوسف شاہد جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے ساتھ ملاقات کریں گے۔ بتایا گیا ہے کہ اس ملاقات میں میرکل اپنے مہمان پر جرمنی میں موجود تیونس کے مہاجرین کی وطن واپسی کے موضوع پر بات چیت کریں گی۔ میرکل نے اپنے ہفتہ وار ویڈیو خطاب میں کہا تھا کہ تیونس سے تعلق رکھنے والے مہاجرین کی درخواستیں منظور ہونے کی شرح انتہائی کم ہے۔ واضح رہے کہ تیونس ہی سے تعلق رکھنے والے انیس عامری نے برلن کی کرسمس مارکیٹ پر دہشت گردانہ حملہ کیا تھا۔ تیونس کے وزیر اعظم برلن کے وسط میں اُس جگہ کا بھی دورہ کریں گے، جہاں یہ حملہ ہوا تھا۔ انیس عامری کو جبراً وطن واپس بھیجا جانا تھا تاہم تیونس سے بروقت شناختی دستاویزات نہ پہنچ سکی تھیں۔
[pullquote]شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کے سوتیلے بھائی کوالالمپور میں ہلاک
[/pullquote]
جنوبی کوریا کے ذرائع ابلاغ کے مطابق کم جونگ نام کو دو خواتین نے ہوائی اڈے پر زہر دیا. جنوبی کوریا اور ملائیشیا کے ذرائع کے مطابق شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کے سوتیلے بھائی ملائیشیا کے شہر کوالالمپور میں ہلاک ہوگئے ہیں۔کم جونگ نام کی عمر 45 برس تھی اور انھیں ملائیشیائی دارالحکومت کے ہوائی اڈے پر نشانہ بنایا گیا۔وہ شمالی کوریا کے سابق سربراہ کم جونگ ال کے سب سے بڑے صاحبزادے تھے۔
[pullquote]ہندوستان: نامزد وزیراعلیٰ کو 4 سال قید کی سزا
[/pullquote]
نئی دہلی: ہندوستان کی عدالت عظمیٰ نے ریاست تامل ناڈو کی نامزد وزیراعلیٰ ششی کلا کو کرپشن کے الزامات ثابت ہونے پر 4 سال قید کی سزا سنادی۔ہندوستانی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نامزد خاتون وزیراعلیٰ کو یہ سزا کرپشن کے ذریعے آمدن سے زائد اثاثے رکھنے کے الزام پر قائم کیس میں سنائی گئی۔
[pullquote]روسی سفیر سے رابطے کا انکشاف،ٹرمپ کے سیکیورٹی مشیر مستعفی
[/pullquote]
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قومی سلامتی کے مشیر مائیکل فلن نے امریکا میں تعینات روسی سفیر سے رابطے کے انکشاف کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق مائیکل فلن نے یہ استعفیٰ ٹرمپ کے عہدہ صدارت سنبھالنے سے قبل روس کے ساتھ معلومات کے تبادلے کی اطلاعات منظرعام پر آنے کے بعد جمع کرایا۔