اہم عالمی خبریں | 16.02.2017

[pullquote]یورپی پارلیمان سے انسداد دہشت گردی کے نئے قانون کی منظوری
[/pullquote]

یورپی پارلیمان نے آج انسداد دہشت گردی کا ایک نیا قانون منظور کر لیا ہے۔ اس قانون کے مطابق یورپی یونین کے رکن ممالک میں دہشت گردی کی تربیت اور بھرتی کے علاوہ دہشت گردی کا پرچار کرنا یا اس کی مالی مدد کرنا یا اس کے لیے سفر کرنا اب جرم کے زمرے میں آئے گا۔ اس کے لیے ضروری نہیں ہے کہ کوئی شخص کسی ایسے ملک کا سفر کرے کہ جہاں جنگ و جدل جاری ہو بلکہ اگر اس مقصد کے لیے سفر یورپ کے اندر بھی کیا جائے تو بھی جرم ہو گا۔ سلامتی کے امور کے یورپی کمشنر جولیان کنگ نے اس تناظر میں کہا کہ یہ انتہائی ضروری ہے کہ تمام رکن ممالک میں دہشت گردی کے خلاف قوانین ایک جیسے ہوں اور ان پر ایک ہی طرح سے عمل درآمد کیا جائے۔

[pullquote]کِم جونگ نام قتل تفتیش، دو مزید مشتبہ افراد گرفتار
[/pullquote]

ملائیشیا کی پولیس نے کِم جونگ نام کے قتل کی تحقیقات کے سلسلے میں دو مزید مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ شمالی کوریائی رہنما کم جونگ اُن کے سوتیلے بھائی کے قتل کے شبے میں جمعرات کے دن حراست میں لیے جانے والوں میں سیتی عائشہ نامی ایک خاتون ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس کے پاس انڈونیشیا کا پاسپورٹ ہے جبکہ اس کی عمر پچیس برس بتائی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق اس خاتون کو بھی جائے واردات کے قریب نصب خفیہ کیمروں میں دیکھا گیا تھا۔ بعد ازاں پولیس نے آج ہی کے دن اس کے بوائے فرینڈ کو بھی گرفتار کر لیا۔ قبل ازیں گزشتہ روز مشتبہ خاتون دوآنگ تھی ہوانگ کو بھی کوالالمپور کے ہوائی اڈے سے پکڑا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق کم جونگ نام کو زہر دے کر ہلاک کیا گیا تھا۔

[pullquote]ریاست راکھین میں فوجی آپریشن ختم ہو گیا ہے، میانمار
[/pullquote]

میانمار کی فوج نے ملک کی مشرقی ریاست راکھین میں گزشتہ چار ماہ سے جاری فوجی آپریشن مکمل کر لیا ہے۔ یہ بات میانمار کے حکام کی جانب سے کہی گئی ہے۔ اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق میانمار کی سکیورٹی فورسز نے اس دوران ریاست راکھین میں مسلمان روہنگیا اقلیت کے خلاف جو ظلم و ستم کیے وہ انسانیت کے خلاف جرائم کے زمرے میں آ سکتے ہیں۔ نو سکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد شروع ہونے والے اس آپریشن کےباعث قریب 70 ہزار روہنگیا مسلمان جان بچانے کے لیے ہمسایہ ملک بنگلہ دیش پناہ لینے پر مجبور ہوئے۔ میانمار کی فوج کی طرف سے تشدد کے باعث میانمار کی رہنما آنگ سان سوچی بین الاقوامی تنقید کی زد میں ہیں۔

[pullquote]پولیس کی کارروائی، پاکستان میں چھ جنگجو ہلاک
[/pullquote]

پاکستانی صوبہ پنجاب میں پولیس نے طالبان سے تعلق رکھنے والے مشتبہ عسکریت پسندوں کے ایک خفیہ ٹھکانے پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے چھ مشتبہ عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ چھاپہ جمعرات کے روز پنجاب کے وسطی ضلع خانیوال میں مارا گیا۔ پولیس کے مطابق سکیورٹی اداروں کو یہ خفیہ اطلاع ملی تھی کہ یہ عسکریت پسند ایک حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ یہ چھاپہ ایک ایسے وقت پر مارا گیا ہے جب رواں ہفتہ کے دوران پاکستان میں کئی خودکش حملے ہو چکے ہیں اور ان کی ذمہ داری پاکستانی طالبان سے الگ ہونے والے گروپ جماعت الاحرار نے قبول کی تھی۔ اس سے قبل قریب تین ماہ تک پاکستان میں نسبتا سکون رہا تھا۔

[pullquote]شام کے حوالے سے مذاکرات کا آغاز ہو گیا، قزاقستان
[/pullquote]

وسطی ایشیائی ملک قزاقستان کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ ایک روز کی تاخیر کے بعد شامی تنازعے کے حل کے لیے مذاکرات کا آغاز ہو گیا ہے۔ مذاکرات کے اس سلسلے کو روس، ترکی اور ایران کی حمایت حاصل ہے جبکہ اقوام متحدہ نے بھی اس سلسلے کی توثیق کی ہے۔ قزاقستان کی وزارت خارجہ کے مطابق شامی اپوزیشن، حکومت اور روسی، ترک اور ایرانی مندوبین کے درمیان ابتدائی سیشن کا آغاز عالمی وقت کے مطابق صبح نو بجے شروع ہو گا۔ آستانہ میں ہوئے اس مذاکراتی عمل کا پہلا دور بغیر کسی اہم پیشرفت کے ختم ہو گیا تھا۔

[pullquote]لاوروف سے میونخ میں ملاقات کروں گا، اسٹیفان ڈے مِستورا
[/pullquote]

اقوام متحدہ کی طرف سے شام کے لیے نمائندہ خصوصی اسٹیفان ڈے مِستورا نے کہا ہے کہ وہ شام کے معاملے پر مزید بات چیت کے لیے روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاووروف سے میونخ میں ملاقات کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ یہ بات روسی نیوز ایجنسی RIA کی طرف سے بتائی گئی ہے۔ شام کے مسئلے کے حل کے سلسلے میں روسی وزیرخارجہ سیرگئی لاوروف اور وزیر دفاع سیرگئی شوئیگو کے ساتھ بات چیت کے لیے ڈے مِستورا ماسکو میں ہیں۔

[pullquote]یمنی دارالحکومت میں بمباری، آٹھ خواتین، ایک بچہ ہلاک
[/pullquote]

یمن میں گزشتہ شب بمباری کے نتیجے میں آٹھ خواتین اور ایک بچہ ہلاک ہو گئے۔ یمنی دارالحکومت صنعاء کے قریب یہ بمباری جنازے کے لیے جمع افراد پر کی گئی۔ صنعاء پر کنٹرول رکھنے والے ایران نواز حوثی باغیوں نے اس بمباری کی ذمہ داری سعودی سربراہی میں قائم اتحاد پر عائد کی ہے۔ طبی حکام کے مطابق بمباری کے نتیجے میں کم از کم دس دیگر افراد زخمی بھی ہیں۔ سعودی اتحاد کی طرف سے فوری طور پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔ سعودی عسکری اتحاد مارچ 2015ء سے یمن میں فضائی حملوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق اس دوران کم ازکم ساڑھے سات ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]سکیورٹی بہتر بنانے کے لیے زیادہ سرمایا کاری کرنا ہو گی، جرمن وزیر دفاع
[/pullquote]

جرمن وزیر دفاع اورزلا فان ڈیئر لاین نے کہا ہے کہ امریکا کا یہ مطالبہ قابل فہم ہے کہ نیٹو رکن ممالک اس عسکری اتحاد کے لیے اپنی اپنی فنڈنگ میں اضافہ کریں۔ گزشتہ روز ایک نشریاتی انٹرویو میں خاتون وزیر نے کہا کہ آئندہ برسوں میں یورپی ممالک اس پارٹنر شپ کی خاطر اپنی ذمہ داریوں کو بہتر انداز میں نبھانے کی کوشش کریں گے۔ واشنگٹن کئی برسوں سے یہ مطالبہ کر رہا ہے کہ یورپی رکن ممالک اپنی قومی مجموعی پیداوار کا دو فیصد دفاع پر خرچ کریں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یورپی ممالک اور جرمنی کو اپنی سکیورٹی کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے زیادہ سرمایہ کاری کرنا ہو گی۔

[pullquote]جوہری ہتھیاروں پر پابندی سے متعلق کانفرنس، آسٹریلیا نے شرکت سے انکار کر دیا
[/pullquote]

آسٹریلیا نے اقوام متحدہ کی اہتمام کردہ اس کانفرنس میں شرکت سے انکار کر دیا ہے، جس میں جوہری ہتھیاروں کی پابندی عائد کرنے کے حوالے سے مذاکرات کیے جانا ہیں۔ یہ کانفرنس آئندہ ماہ ستائیس مارچ کو امریکی شہر نیویارک میں منعقد کی جا رہی ہے۔ آسٹریلوی وزارت خارجہ کے ایک بیان کے مطابق جوہری ہتھیاروں پر پابندی عائد کرنے کی مجوزہ ڈیل سے مطلوبہ نتائج کا حصول ممکن نہیں ہے۔ گزشتہ برس ایک سو تئیس ممالک نے اس کانفرنس کے انعقاد کی حمایت کی تھی۔ تاہم آسٹریلیا ان اڑتیس ممالک میں شامل ہے، جو اس حوالے سے مخالف ظاہر کی تھی۔

[pullquote]ایک ریاستی حل یا دو رہاستی حل، امن قائم ہونا چاہیے، ٹرمپ
[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشرق وسطی میں قیام امن کی خاطر دو ریاستی حل کی پالیسی سے دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ گزشتہ روز وائٹ ہاؤس میں اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو سے ملاقات کے بعد ٹرمپ نے کہا کہ اگر امن قائم ہو سکتا ہے تو ان کی انتظامیہ ایک ریاستی حل کی بھی حمایت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسرائیلی فلسطینی تنازعے کا خاتمہ چاہتے ہیں اور اس مقصد کی خاطر وہ امن عمل کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ وہ اس مسئلے کے ایسے حل پر خوش ہوں گے، جو دونوں فریقین کے لیے قابل قبول ہو۔ فلسطینی رہنماؤں نے گزشتہ روز کہا تھا کہ امریکا کی طرف سے دو ریاستی حل سے پیچھے ہٹنا ایک غیر ذمہ درانہ عمل ہو گا۔

[pullquote]شمالی کورین ڈکٹیٹر کے بھائی کا قتل، ملائیشیا میں مزید گرفتاریاں
[/pullquote]

کوالا لمپور: شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اِن کے سوتیلے بھائی کم جونگ نِیم کے قتل میں ملوث ہونے کے شبے میں 2 مزید افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے سامنے آنے کے اگلے ہی روز(15 فروری) ملائیشین پولیس نے کوالالمپور ایئرپورٹ کے ٹرمینل سے ایک مشتبہ خاتون کو حراست میں لیا، جن کے پاس ویتنام کی سفری دستاویزات موجود تھیں۔
بعد ازاں رائل ملائیشیا پولیس کے انسپکٹر جنرل سری خالد بن ابوبکر نے قتل میں ملوث ایک اور کورین خاتون کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا۔

[pullquote]ٹرمپ کی سفری پابندی عام شہریوں کیلئے نہیں، شامی صدر
[/pullquote]

دمشق: شامی صدر بشارالاسد نے نئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سفری پابندی کی حمایت میں بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پابندی صرف دہشت گردوں پر عائد ہوتی ہے جبکہ شام کے عام شہری اس کی زد میں نہیں آئیں گے۔

[pullquote]’ایران کو کبھی جوہری ہتھیار بنانے نہیں دیں گے‘
[/pullquote]

واشنگٹن : امریکا کے نئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایران کو کبھی جوہری ہتھیار بنانے کی اجازت نہیں دیں گےاسرائیلی وزیراعظم کی وائٹ ہاؤس آمد پر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ نے بینجمن نیتن یاہو اور ان کی اہلیہ کا خیرمقدم کیا جبکہ اسرائیل کے ساتھ مضبوط تعلقات کو دہرایا۔
ایران اور 6 عالمی قوتوں کے درمیان ہونے والی نیوکلیئر ڈیل پر اسرائیلی وزیراعظم کے خدشات کا جواب دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا اسرائیل کو بے شمار سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے، جن میں سے ایک ایران کے جوہری ہتھیار بنانے کا خدشہ بھی شامل ہے۔
امریکی صدر کے مطابق آج تک جتنے بھی معاہدے طے پائے، ان میں سے بدترین ایران سے طے ہونے والا معاہدہ ہے، میری انتظامیہ ایران پر نئی پابندیاں عائد کرچکی ہے جبکہ میں ایران کو جوہری ہتھیار تیار کرنے سے روکنے کے لیے مزید اقدامات کروں گا۔

[pullquote]اقوام متحدہ کی ٹرمپ کو تنبیہ،’ فلسطین اسرائیل تنازعے کا کوئی دوسرا حل نہیں‘
[/pullquote]

صدر ٹرمپ کے عہدہ سنبھالنے کے بعد اسرائیل مقبوضہ غربِ اردن میں ہزاروں مکانوں پر مشتمل یہودی بستیوں کی تعمیر کی منظوری دے چکا ہے.اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اسرائیل اور فلسطین کے تنازعے کے دو ریاستی حل کو ترک کرنے کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’اس کا کوئی دوسرا حل نہیں ہے۔‘یہ بات صدر ٹرمپ کے اس بیان کے بعد کہی گئی ہے جس میں انھوں نے امریکہ کی 10 سالہ پالیسی کا یہ کہتے ہوئے مخالفت کی کہ وہ امن کی طرف جانے والے راستے کا ساتھ دیں گے خواہ وہ کوئی بھی ہو۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے