امریکا: مک ماسٹر قومی سلامتی کے نئے مشیر نامزد

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لیفٹننٹ جنرل ہربرٹ ریمنڈ ( ایچ آر) مک ماسٹر کو قومی سلامتی کا نیا مشیر نامزد کرلیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ہفتے تلاش کے بعد نئے قومی سلامتی کے مشیر کا اعلان ریاست فلوریڈا کے دورے کے دوران کیا۔

قبل ازیں امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر مائیکل فلن نے روس سے رابطوں کا راز عیاں ہونے کے بعد 13 فروری کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

مائیکل فلن نے ڈولڈ ٹرمپ کے عہدہ صدارت سنبھالنے سے قبل روس کے ساتھ معلومات کے تبادلے کی اطلاعات منظرعام پر استعفیٰ دیا, وہ اپنے عہدے پر ایک ماہ سے بھی کم عرصے تک فائز رہے۔

رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے فلوریڈا کے دورے کے دوران ایچ آر مک ماسٹر کے نامزدگی کا اعلان کیا۔

وائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نامز د قومی سلامتی کے مشیر کو اپنی مرضی کا اسٹاف مقرر کرنے کے تمام اختیارات بھی دے دیئے ہیں۔

نامزد قومی سلامتی کے مشیر 54 سالہ ایچ آر مک ماسٹر عراق میں 2005 میں امریکی فوج کی قیادت کر چکےہیں، جب کہ وہ ویتنام جنگ میں امریکی فوج کے کردار پر سخت تنقید کرنے والے فوجی جنرل کے طور جانے جاتے ہیں۔

نامزد قومی سلامتی کے مشیر ایچ آر مک ماسٹر سے متعلق ہاؤس انٹیلی جنس کمیٹی کے چیئرمین ڈیون نیوس کا کہنا تھا کہ انہیں عراق میں لڑنے کا اچھا تجربہ ہے، جو اس وقت اتحادی فوج کی جانب سے عراقی آرمی کی موصل میں پیش قدمی کے لیے مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

روسی سفیر سے تعلق کا راز عیاں ہونے پر مستعفی ہونے والے قومی سلامتی کے مشیر مائیکل فلن شروع سے ہی ڈونلڈ ٹرمپ کے اہم حمایتی تھے۔

واشنگٹن کی پالیسیوں میں تبدیلی پر بھی مائیکل فیلن ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کرتے رہے۔

مائیکل فلن کے استعفے کے بعد وائٹ ہاؤس میں قومی سلامتی کونسل کے سابق چیف آف اسٹاف ریٹائرڈ جنرل کیتھ کیلوگ کو قائم مقام قومی سلامتی مشیر مقرر کیا گیا تھا۔

یہ خیال بھی ظاہر کیا گیا تھا کہ مائیکل فلن کے استعفے سے خالی ہونے والے عہدے پر سی آئی اے کے سابق ڈائریکٹر ریٹائرڈ جنرل ڈیوڈ پیٹریاس کو مقرر کیا جا سکتا ہے، مگر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک اور ریٹائرڈ امریکی جنرل کو نامزد کردیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے