بولی وڈ ہدایت کار مہیش بھٹ کو ایک نامعلوم شخص کی جانب سے دھمکی آمیز فون کال موصول ہوئی، جس میں مطالبہ کیا گیا کہ مطلوبہ رقم ادا نہ کرنے پر ان کی اہلیہ اور بیٹی عالیہ بھٹ کو قتل کردیا جائے گا۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق فون کرنے والے شخص نے 50 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ مہیش بھٹ کو دی گئی دھمکی میں کہا گیا کہ اگر انہوں نے یہ رقم لکھنؤ کے ایک بینک میں جمع نہیں کروائی تو ان کی بیٹی اداکارہ عالیہ بھٹ اور اہلیہ سونی رازداں کا قتل کردیا جائے گا۔
اے این آئی کی ایک ٹوئیٹ کے مطابق مہیش بھٹ نے جوہو کے پولیس اسٹیشن میں نامعلوم شخص کے خلاف رپورٹ درج کروائی، جس کے بعد پولیس اسے گرفتار کرنے میں کامیاب بھی ہوگئی۔
مہیش بھٹ نے اپنی ایک ٹویٹ میں پولیس کا شکریہ بھی ادا کیا۔
رپورٹس کے مطابق مہیش بھٹ کو دھمکی آمیز فون کالز رواں برس 26 فروری کو موصول ہوئیں، ابتدائی طور پر انہیں ایسا محسوس ہوا جیسے کسی نے ان کے ساتھ مذاق کیا ہے۔
تاہم بعدازاں کئی واٹس ایپ میسجز میں اس نامعلوم شخص نے دعویٰ کیا کہ اس کا تعلق کسی بڑے انڈر ورلڈ گینگ سے ہے اور رقم نہ ملنے پر وہ سونی رازداں اور عالیہ بھٹ کو گولی مار دے گا۔
اپنے خاندان کے تحفظ کے پیش نظر مہیش بھٹ نے سیکشن 387 کے تحت پولیس میں رپورٹ درج کروائی۔
اس سے قبل 2014 میں بھی 13 افراد کا ایک نامعلوم گروپ مہیش بھٹ کو قتل کرنے کا منصوبہ بنا رہا تھا، جنہیں بعدازاں پولیس نے گرفتار کرلیا۔