اہم عالمی خبریں | 03.03.2017

[pullquote]جرمنی دوہرا معیار اختیار کیے ہوئے ہے، ترکی
[/pullquote]

ترکی نے جرمنی پر ’دوہرا معیار‘ اپنانے کا الزام لگایا ہے۔ جمعے کے روز جرمن حکام کی جانب سے جرمنی میں ترک وزیر انصاف کو ریلی منعقد کرنے کی اجازت نہ دینے پر ترکی کا کہنا ہے کہ اگر جرمنی ترکی کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں ہے تو اسے اپنے رویے میں بہتری لانا ہو گی۔ انقرہ میں صحافیوں سے گفت گو کرتے ہوئے ترکی کے وزیر خارجہ مولود چاوش اولو کا کہنا تھا کہ جرمن شہر گاگيناؤ کے حکام نے ترک وزیر انصاف کو ایک ریلی منعقد کرنے سے یہ کہہ کر روک دیا کہ ہال میں جگہ ناکافی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترکی ایسے رویے کو برداشت نہیں کر سکتا۔

[pullquote]شامی فوج پالمیرا میں نصب بارودی سرنگوں کے خاتمے میں مصروف
[/pullquote]

شامی فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ تاریخی شہر پالمیرا کو شدت پسند تنظیم داعش کے قبضے سے چھڑانے کے بعد ان کے فوجی دستے علاقے میں نصب بارودی سرنگیں ختم کرنے میں مصروف ہیں۔ فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلامک اسٹیٹ کے جنگجوؤں نے شہر میں بڑے پیمانے پر بارودی مواد اور بارودی سرنگیں نصب کر رکھی ہیں جس کی وجہ سے انہیں ختم کرنے میں طویل وقت لگ سکتا ہے۔ گزشتہ رات شامی افواج نے اعلان کیا تھا کہ روسی فضائیہ کی بمباری اور فوجی کارروائی کے بعد داعش کے جنگجو پسپا ہو چکے ہیں اور سرکاری فوج نے شہر پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔

[pullquote]ٹیکسی سروس اُوبر لندن ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے فیصلوں کے خلاف عدالت سے رجوع کرے گی
[/pullquote]

آن لائن ٹیکسی سروس اُوبر کا کہنا ہے کہ وہ برطانوی دارالحکومت کی ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے اس فیصلے کے خلاف لندن ہائی کورٹ میں مقدمہ کرے گی جس میں کہا گیا ہے کہ اتھارٹی اُوبر ٹیکسی چلانے والے پرائیویٹ ڈرائیوروں سے انگریزی پڑھنے لکھنے کا ٹیسٹ لے گی۔ اُوبر نے لندن کی ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے خلاف قانونی چارہ جوئی گزشتہ برس اگست کے مہینے میں شروع کی تھی۔ لندن میں اُوبر کے جنرل مینیجر ٹام ایلویج کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے اپنے اندازوں کے مطابق اس فیصلے سے تینتیس ہزار سے زائد ڈرائیور بے روزگار ہو سکتے ہیں۔ اس لیے ہم ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے نئے اور غیر منصفانہ اقدامات کے خلاف اپیل کریں گے۔

[pullquote]مشرقی لیبیا کی فوج کے حریف عسکری گروپوں پر فضائی اور زمینی حملے
[/pullquote]

مشرقی لیبیا کے فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی فضائیہ نے مخالف متحارب گروپوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے ہیں۔ علاوہ ازیں ان کے پیدل دستوں اور مخالف گروہوں کے مابین جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔ فوجی ذرائع کے مطابق یہ حملے بن غازی ڈیفنس برگیڈ کے خلاف لیبیا کے ساحلی شہر النوفلیہ کے جنوبی حصے میں کیے گئے۔ اسی علاقے میں لیبیا کے تیل کے ذخائر اور کنویں بھی پائے جاتے ہیں۔

[pullquote]ترک وزیر کو ریلی کی اجازت نہ دینے والے جرمن شہر کو بم حملے کی دھمکی
[/pullquote]

جرمن شہر گاگیناؤ کے حکام نے کہا ہے کہ انہیں ایک نامعلوم ٹیلی فون کال کے ذریعے اسی شہر میں بم حملے کی دھمکی دی گئی ہے۔ شہر کے میئر مشائل فائیفر کے مطابق دھمکی کے بعد ٹاؤن ہال خالی کرا لیا گیا ہے اور تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ شہری انتظامیہ کے ایک اہلکار نے اے ایف پی کو بتایا کے آج صبح ساڑھے سات بجے ٹیلی فون کال کے ذریعے شہر میں بم حملہ کرنے کی دھمکی دی گئی۔ دھمکی دینے والے شخص نے یہ بھی کہا کہ ترک وزیر انصاف کو ریلی کے انعقاد کی اجازت نہ دینے کے باعث بم دھماکا کیا جائے گا۔

[pullquote]دورہ مصر کے دوران میرکل کی مصری حکومت کے ناقد رہنماؤں سے ملاقات
[/pullquote]

وفاقی جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے مصر کے دورے کے دوران مصری حکومت کے ناقدین اور انسانی حقوق کے لیے سرگرم کارکنوں سے بھی ملاقات کی ہے۔ تاہم جرمن حکام نے ملاقات کے شرکاء کے نام نہیں بتائے۔ اس سے قبل مصری صدر عبدالفتح السیسی سے ملاقات کے دوران بھی میرکل نے مصر میں انسانی حقوق کے این جی اوز کی صورت حال بہتر بنانے کے لیے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ جرمن چانسلر کے دورہ مصر کا بنیادی مقصد یورپ میں مہاجرین کا بحران ختم کرنے کے لیے مصری حکومت کی حمایت اور معاونت حاصل کرنا ہے۔

[pullquote]مشتبہ شخص کی گاڑی میں متعدد گیس سلنڈر، برسلز میں کئی گھنٹوں تک الرٹ
[/pullquote]

بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں ایک مشتبہ مسلمان عسکریت پسند کی گاڑی سے ملنے والے متعدد گیس سلنڈرز کی وجہ سے سکیورٹی اہلکاورں کو کئی گھنٹوں تک انتہائی پرتشویش اور چوکنا رہنا پڑا۔ پولیس نے بتایا کہ اس شخص کو اس وقت روکا گیا، جب اس نے اپنی گاڑی ایک سڑک پر ٹریفک کی سرخ بتی کی وجہ سے نہیں روکی تھی۔ بعد میں پولیس کو اس شخص کی گاڑی سے متعدد گیس سلنڈر ملے، جنہیں حکام نے اپنے قبضے میں لے کر اور ’کنٹرولڈ دھماکے‘ کر کے تلف کر دیا۔ اس کے علاوہ حکام کو اس گاڑی سے کوئی غیر قانونی یا دھماکا خیز مواد نہیں ملا تھا۔ اس عمل کے دوران وسطی برسلز میں مرکزی ریلوے اسٹیشن کا علاقہ کئی گھنٹوں تک عام لوگوں کے لیے بند رکھا گیا۔ اس گاڑی کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

[pullquote]جنوبی یمن میں القاعدہ کے خلاف فضائی حملے
[/pullquote]

متعدد فوجی ہیلی کاپٹروں اور ڈرون طیاروں نے جنوبی یمن میں القاعدہ کے مشتبہ ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق جمعے کی صبح نامعلوم طیاروں، جن کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ غالباﹰ امریکی ہو سکتے ہیں، نے شبوہ صوبے میں زمینی فوجی بھی اتارے جب کہ فوجیوں اور القاعدہ کے مقامی جنگجوؤں کے درمیان کوئی نصف گھنٹے تک جھڑپیں ہوتی رہیں۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اس کارروائی میں القاعدہ کے مقامی لیڈر سعد عاطف کو ہدف بنایا گیا ہے۔

[pullquote]سنجار میں دو کرد گروپوں کے درمیان جھڑپیں
[/pullquote]

عراقی علاقے سنجار میں دو کرد گروپوں کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں۔ اطلاعات کے مطابق شامی سرحد کے قریب کردستان ڈیموکریٹک پارٹی کے زیرقبضہ ایک علاقے میں کردستان ورکرز پارٹی کے حامی جنگجوؤں کے داخلے کی کوشش پر ان جھڑپوں کا آغاز ہوا۔ کرد سکیورٹی ذرائع کے مطابق جمعے کی صبح ان جھڑپوں میں اطراف کی جانب سے مشین گنوں اور مارٹر گولوں کا استعمال کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ ان جھڑپوں میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں تاہم فی الحال ان کی حتمی تعداد کے بارے میں کچھ نہیں کہا گیا۔

[pullquote]قریب ایک ہزار تارکین وطن کو بحیرہ روم میں ڈوبنے سے بچا لیا گیا
[/pullquote]

اطالوی ساحلی محافظوں اور یورپ کی بیرونی سرحدوں کے نگران ادارے ’فرنٹیکس‘ نے بحیرہ روم میں کی گئی امدادی کارروائیوں کے دوران تقریباﹰ ایک ہزار تارکین وطن کو سمندر میں ڈوبنے سے بچا لیا ہے۔ اطالوی ساحلی محافظوں کے مطابق پناہ کے متلاشی یہ افراد ربڑ اور لکڑی کی دو کشتیوں میں سوار ہو کر لیبیا کے ساحلوں سے اٹلی کی جانب روانہ تھے۔ اطالوی حکام کے مطابق حالیہ عرصے کے دوران لیبیا سے اٹلی پہنچنے کی کوشش کرنے والے تارکین وطن کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھا گیا ہے۔

[pullquote]جرمنی میں شدید بیمار افراد کو مرنے کا حق حاصل ہے، وفاقی عدالت کا فیصلہ
[/pullquote]

جرمنی کی وفاقی انتظامی عدالت نے اپنے ایک فیصلے میں کہا ہے کہ ملک میں انتہائی بیمار افراد کو ادویات کی مدد سے مرنے کا حق حاصل ہے۔ جج کا کہنا تھا کہ ریاست ’انتہائی ناگزیر حالات‘ میں ایسے مریضوں کو طبی مدد سے خودکشی کے لیے ادویات فراہم کرے۔ عدالتی فیصلے کے مطابق انتہائی موذی امراض میں مبتلا مریض، جنہیں علاج کے متبادل ذرائع دستیاب نہ ہوں، اپنی مرضی اور پوری سنجیدگی سے خود اپنی زندگی ختم کرنے کا فیصلہ کر سکتے ہیں۔

[pullquote]فرانسیسی فٹ بال لیجنڈ ریمنڈ کوپا انتقال کر گئے
[/pullquote]

فرانس کے لیجنڈ فٹ بال کھلاڑی ریمنڈ کوپا طویل علالت کے بعد پچاسی برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ سن 1950 کی دہائی میں کوپا فرانسیسی قومی فٹ بال ٹیم کا نہایت اہم رکن تھے۔ علاوہ ازیں وہ ریال میڈرڈ کلب کا حصہ بھی تھے اور پچاس کی دہائی میں انہوں نے کلب کی طرف سے کھیلتے ہوئے ٹیم کو تین مرتبہ یورپی چیمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ کوپا کے داماد نے ان کے انتقال کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ گزشتہ اتوار کے روز سے ہسپتال میں داخل تھے جہاں آج صبح ان کا انتقال ہو گیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے