دن سے قبل ہی بھارتی فضائی کمپنی ‘ایئر انڈیا’ کے خصوصی طیارے نے صرف خواتین عملے کے ساتھ دنیا کے گرد پرواز کرکے عالمی ریکارڈ اپنے نام کرنے کی تیاری کی۔
بھارتی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق 27 فروری کو دہلی سے امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر سان فرانسسکو کی جانب اڑان بھرنے والی پرواز دنیا کے گرد اپنا چکر مکمل کرنے کے بعد 4 مارچ کو اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی۔
بوائنگ 777-200LR طیارہ سفر کے دوران بحرالکاہل سے ہوتے ہوئے امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان فرانسسکو پہنچا، جس کے بعد اس نے بحر اوقیانوس کے اوپر سے پرواز کرتے ہوئے دنیا کا چکر مکمل کیا۔
سان فرانسسکو انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے اس پرواز میں شامل ایئرلائن کے عملے کی تصاویر اپنے ٹوئیٹر اکاؤنٹ کے ذریعے جاری کیں۔
ایئر انڈیا کے ترجمان کے مطابق اس پرواز کا پورا عملہ خواتین پر مشتمل تھا۔
ایئرلائن کے مطابق کاک پٹ سے لے کر کیبن کے عملے تک، جبکہ چیک اِن اور زمین پر معاملات کو دیکھنے والا اسٹاف اور طیارہ کی کارکردگی کی جانچ کرنے والی انجینئرز بھی خواتین ہی تھیں۔
علاوہ ازیں اس طیارے کے لیے ہوائی ٹریفک کنٹرول کرنے کی ذمہ داریاں بھی خواتین عملے نے ہی سرانجام دیں۔
ایئرلائن اپنے اس معرکے کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کا حصہ بنانے کے لیے رجوع کرچکی ہے، جبکہ یہ اعلان بھی کیا ہے کہ 8 مارچ کو یوم خواتین کے موقع پر اس عملے پر مشتمل مزید مقامی اور بین الاقوامی فلائٹس بھی روانہ کی جائیں گی۔