اہم عالمی خبریں | 18.03.2017

[pullquote]پیرس حملہ: حملہ آور واچ لسٹ میں تھا، حکام[/pullquote]

فرانسیسی وزارت داخلہ نے بتایا ہے کہ آج ہفتہ اٹھارہ مارچ کو پیرس کے اورلی ایئر پورٹ پر ہلاک کر دیے جانے والا مشتبہ حملہ آور پولیس کی واچ لسٹ پر تھا۔ بتایا گیا ہے کہ وہ ماضی میں ایک بار میں لوگوں کو ڈرا دھمکا بھی چکا تھا۔ سرکاری بیان کے مطابق آج اورلی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر سکیورٹی پر تعینات فوجیوں نے اس شخص کو اس وقت گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا، جب اس نے ایک خاتون فوجی سے گن چھینے کی کوشش کی تھی۔ استغاثہ نے بتایا ہے کہ اس کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں اس ہلاک کر دیے جانے والے اس مشتبہ حملہ آور کے بھائی اور والد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ پیرس میں یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں رونما ہوا ہے، جب اس یورپی ملک میں ہنگامی حالت نافذ ہے۔

[pullquote]حمص سے باغیوں کا انخلا شروع[/pullquote]

شامی شہر حمص میں باغیوں کے زیر قبضہ علاقوں سے درجنوں باغی اور ان کی کنبوں کے انخلا کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ مقامی میڈٰیا کے مطابق آج دوپہر تک ایک سو جنگجو اور ان کے اہل خانہ اس شہر سے نکل چکے ہیں۔ روسی حمایت یافتہ ایک ڈٰیل کے تحت یہ پیشرفت ممکن ہو سکی ہے۔ حمص کے گورنر نے توقع ظاہر کی ہے کہ آئندہ چھ تا آٹھ ہفتوں میں کم از کم پندرہ سو باغی حمص سے نکل جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان باغیوں کو انخلا کے عمل کے دوران صرف اپنی ذاتی رائفل ساتھ رکھنے کی اجازت دی جائے گی۔

[pullquote]ترک جلسوں پر پابندی عائد کی جا سکتی ہے، جرمنی[/pullquote]

جرمنی نے دھمکی دی ہے کہ وہ ترک سیاستدانوں کی اپنے ہاں ترک نژاد باشندوں کے عوامی اجتماعات میں شرکت پر پابندی بھی لگا سکتا ہے۔ وفاقی جرمن وزیر خارجہ زیگمار گابریئل نے کہا ہے کہ جرمنی نے یہ واضح کرنے میں کبھی بھی ہچکچکاہٹ سے کام نہیں لیا کہ اگر انقرہ حکومت نے جرمنی میں جرمن قوانین کا احترام نہ کیا تو برلن حکومت ملک میں ترک سیاسی رہنماؤں کی عوامی اجتماعات میں شرکت پر پابندی بھی لگا سکتی ہے۔ انقرہ حکومت کے وزراء آئینی ریفرنڈم سے متعلق چند یورپی ملکوں میں جو سیاسی مہم چلانا چاہتے تھے، اس سے انکار پر ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے تو جرمنی اور ہالینڈ کے سیاسی رہنماؤں کو ’’نازی‘‘ اور ’’فاشسٹ‘‘ بھی قرار دے دیا تھا۔

[pullquote]کریمیا کے روس کے ساتھ الحاق کے تین سال مکمل[/pullquote]

یوکرائن کے علاقے کریمیا کے روس کے ساتھ الحاق کو تین برس مکمل ہونے پر آج بروز ہفتہ سرکاری تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس مناسبت سے آج رات روسی دارالحکومت ماسکو میں موسیقی کا پروگرام اور آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ اس مرتبہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن ان تقریبات میں شریک نہیں ہوں گے۔ روس نے سن 2014 میں یوکرائن کے علاقے کریمیا پر قبضہ کر لیا تھا جب کہ بعد ازاں وہاں ایک ریفرنڈم کرا کے اس اہم اسٹڑیٹیجک علاقے کو روس کے ساتھ شامل کر لیا تھا۔ تاہم بین الاقوامی برداری نے اس ریفرنڈم کو مسترد کر دیا تھا۔

[pullquote]برلن امریکا کے خلاف ایکشن لے سکتا ہے، جرمن وزیر[/pullquote]

جرمن اکانومی منسٹر برگیٹے سیپریس نے کہا ہے کہ اگر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پروٹیکشنزم پر مبنی پالیسیوں سے جرمنی کو ہدف بنانے کی کوشش کی تو برلن حکومت بھی واشنگٹن کے خلاف جوابی ایکشن لے سکتی ہے۔ ایک مقامی ریڈیو کے ساتھ گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اگر امریکا نے جرمن مصنوعات پر وسیع پیمانے پر ٹیکس عائد کیا تو جرمنی ورلڈ ٹریڈ آرگنائزئشن میں قانونی کارروائی کرے گا۔ اس خاتون وزیر کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے، جب جرمن چانسلر امریکا کے دورے پر ہیں۔

[pullquote]پوپ فرانسس اپریل میں مصر جائیں گے[/pullquote]

مصری حکومت نے آج بتایا ہے کہ پوپ فرانسس اپریل کے آخری ہفتے کے دوران اس مسلم اکثریتی ملک کا دورہ کریں گے۔ صدارتی ترجمان نے بتایا ہے کہ صدر السیسی نے پوپ فرانسس کو دورے کی دعوت دی تھی، جو انہوں نے قبول کر لی۔ السیسی نے سن دو ہزار چودہ میں اپنے دورہ ویٹی کن کے دوران پوپ سے ملاقات کی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ کتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا اس دورے کے دوران صدر السیسی کے علاوہ مذہبی رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے۔

[pullquote]ڈھاکا حملہ، داعش نے ذمہ داری قبول کر لی[/pullquote]

انتہا پسند گروہ داعش نے بنگلہ دیش میں جمعہ، سترہ مارچ کو کیے گئے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ اس شدت پسند گروہ نے آج ایک بیان میں کہا کہ بنگلہ دیشی دارالحکومت ڈھاکا کی ایلیٹ سکیورٹی فورسز پر حملہ ’بنگلہ دیش میں اس کے سرگرم سپاہیوں‘ نے کیا ہے۔ اس حملے میں دو افراد زخمی ہوئے تھے۔ ماضی میں بھی کئی حملوں کی ذمہ داری اس گروہ نے قبول کی تھی لیکن ڈھاکا حکومت کا اصرار ہے کہ اس جنوبی ایشیائی ملک میں ’اسلامک اسٹیٹ‘ یا غیر ملکی دہشت گردوں کا کوئی گروہ فعال نہیں ہے۔

[pullquote]فرانس کے الیکشن، گیارہ امیدواروں کے نام منظور[/pullquote]

فرانسسی صدارتی انتخابات میں حصہ لینے والے گیارہ امیدواروں کے ناموں کو حتمی منظوری دے دی گئی ہے۔ آج ہفتے کے دن ملکی آئینی عدالت نے ان امیدواروں کو الیکشن لڑنے کا اہل قرار دے دیا ہے۔ فرانس میں صدارتی انتخابات کا انعقاد تئیس اپریل کو منعقد ہو گا جب کہ ضرورت پڑنے پر اس عمل کا دوسرا مرحلہ سات مئی کو ہو گا۔ پیر کے دن سے پانچ مرکزی امیدواروں کے مابین ٹی وی مباحثوں کا سلسلہ بھی شروع ہو جائے گا۔

[pullquote]جنوبی کوریا میں معزول صدر پاک گُن ہَے کے حق میں مظاہرہ[/pullquote]

جنوبی کوریا کی معزول صدر پاک گُن ہَے کی حامیوں نے آج بروز ہفتہ سیول میں ایک مظاہرے کا انعقاد کیا، جس میں انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ خاتون صدر کے مواخذے کے عمل کو کالعدم قرار دیا جائے۔ استغاثہ نے منگل کے دن سابق صدر کو طلب کیا ہے تاکہ ان سے بدعنوانی کے اسکینڈل میں ملوث ہونے کے بارے میں مزید پوچھ گچھ کی جا سکے۔ پاک گُن ہَے عائد الزامات کو رد کرتی ہیں تاہم ملکی آئینی عدالت ان کے خلاف پارلیمانی مواخدے کے عمل کی توثیق کر چکی ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہفتے کے دن دو ہزار کے قریب مظاہرین نے سیول میں معزول صدر کے حق میں مظاہرہ کیا۔

[pullquote]بھارتی شہر آگرہ میں دھماکے[/pullquote]

بھارتی شہر آگرہ کے ریلوے اسٹیشن کے نزدیک دو دھماکوں کی اطلاع موصول ہوئی ہے تاہم ان دھماکوں کے باعث کوئی زخمی یا ہلاک نہیں ہوا۔ پولیس نے بتایا ہے کہ آگرہ کے کنٹونمنٹ ریلوے اسٹیشن کے قریب شاہ گنج کے علاقے میں ہونے والے ان دھماکوں کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ یہ دیسی ساختہ بم کے دھماکے تھے۔ ابھی تک واضح نہیں ہو سکا ہے کہ یہ ایک دہشت گردانہ کارروائی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے